جُمَّاعُ أَبْوَابِ ذِكْرِ الْوِتْرِ وَمَا فِيهِ مِنَ السُّنَنِ نمازِوتر اور اس میں سنّتوں کے ابواب کا مجموعہ 693. (460) بَابُ الرُّخْصَةِ فِي الصَّلَاةِ بَعْدَ الْوِتْرِ وتر کے بعد نماز (نفل)) پڑھنے کی رخصت کا بیان
سیدنا ابوسلمہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کی کیفیت پوچھی تو انہوں نے فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تیرہ رکعات پڑھتے تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم آٹھ رکعات نفل پڑھتے پھر وتر ادا کرتے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھ کر دو رکعات ادا کرتے، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم رکوع کرنے کا ارادہ کرتے تو کھڑے ہو کر رکوع کرتے، اور دو رکعات (صبح کی نماز کی) اذان اور اقامت کے درمیان پڑھتے۔ یہ ابوموسٰی کی حدیث کے الفاظ ہیں۔ جناب الدورقی نے اپنی حدیث میں یہ الفاظ بیان کیے، اورآپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک رکعت وتر پڑھتے، پھر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم سلام پھیرتے، تو اللهُ أَكْبَرُ کہہ کر دو رکعات بیٹھے بیٹھے ادا کرتے، اور دو رکعات نماز فجر کی اذان اور اقامت کے درمیان ادا کرتے۔
تخریج الحدیث: صحيح مسلم
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ میں اپنی خالہ سیدنا میمونہ رضی اللہ عنہا سے ملنے گیا تو میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی رات کی موافقت کی - (اُس رات آپ صلی اللہ علیہ وسلم بھی سیدہ میمونہ رضی اللہ عنہا کے گھر تشریف فرما تھے)۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سحری سے کافی دیر پہلے اُٹھ گئے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اچھی طرح وضو کیا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہوکر نماز شروع کر دی۔ میں نے بھی اُٹھ کر وضو کیا، اور پھر میں آکر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پہلو میں کھڑا ہوگیا، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو معلوم ہوا کہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھنا چاہتا ہوں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے میرے ہاتھ سے پکڑ کر اپنی دائیں جانب کھڑا کر لیا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نو یا سات رکعات وتر ادا کیے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو رکعتیں ادا کیں اور لیٹ کر سو گئے حتیٰ کہ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے خراٹے سنے۔ پھر نماز کی اقامت کہی گئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لے گئے اور نماز پڑھائی۔ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ یہ دو رکعات جو سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے اس حدیث میں ذکر کی ہیں، ممکن ہے آپ کی مراد وہ دو رکعات ہوں۔ جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم وتر کے بعد پڑھتے تھے جیسا کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے خبر دی ہے۔ اور یہ بھی ممکن ہے کہ ان کی مراد وہ دو رکعات ہوں جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم صبح کی فرض نماز سے پہلے ادا کرتے تھے۔
تخریج الحدیث: اسناده صحيح
|