नबियों की घटनाओं के बारे में

مختصر صحيح بخاري کل احادیث 2230 :حدیث نمبر
مختصر صحيح بخاري
انبیاء کے حالات کے بیان میں
नबियों की घटनाओं के बारे में
آدم علیہ السلام اور ان کی اولاد کی پیدائش کا بیان۔
حدیث نمبر: 1399
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے آدم علیہ السلام کو ساٹھ ہاتھ لمبا بنایا پھر فرمایا کہ: جا! ان فرشتوں کے گروہ کو سلام کر، پھر سن کہ وہ تجھے کیا جواب دیتے ہیں، وہی تیرا اور تیری اولاد کا سلام ہو گا۔ آدم علیہ السلام نے کہا: السلام علیکم تو انھوں نے جواب دیا السلام علیک ورحمتہ اللہ۔ ورحمتہ اللہ کا لفظ انھوں نے بڑھایا۔ پس وہ سب لوگ جو قیامت کے دن جنت میں داخل ہوں گے وہ سب آدم علیہ السلام کی صورت (حسن اور قامت) پر ہوں گے (آدم کے بعد) پھر اب تک قد چھوٹے ہوتے رہے
حدیث نمبر: 1400
Save to word مکررات اعراب
سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ یہود کے عالم کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مدینہ تشریف لانے کی خبر پہنچی تو وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور کہا کہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے تین باتیں پوچھتا ہوں، پیغمبر کے سوا کوئی اور ان کو نہیں جان سکتا (1) قیامت کی پہلی نشانی کیا ہے؟ (2) جنتی لوگ جنت میں جا کر پہلے کیا کھائیں گے؟ (3) بچہ اپنے باپ کے مشابہ کیوں ہوتا ہے اور اسی طرح اپنے ننہیال کے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ابھی ابھی جبرائیل علیہ السلام نے مجھے یہ باتیں بتا دیں تو سیدنا عبداللہ نے کہا کہ یہ (جبرائیل) تمام فرشتوں میں سے یہود کا دشمن ہے۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قیامت کی پہلی نشانی ایک آگ ہے جو لوگوں کو مشرق سے مغرب کی طرف لے جائے گی اور پہلا کھانا جنتی لوگوں کا مچھلی کے کلیجے پر جو ٹکڑا لگا ہوتا ہے وہ ہو گا۔ بچہ کے مشابہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ جب مرد عورت سے صحبت کرتا ہے اگر مرد کا پانی آگے بڑھ جاتا ہے (غالب آ جاتا ہے)۔ تو بچہ باپ کے مشابہ ہوتا ہے اور اگر عورت کا پانی آگے بڑھ جاتا ہے تو اس کے مشابہ ہو جاتا ہے۔ پس (عبداللہ بن سلام نے یہ سن کر) کہا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ اللہ کے رسول ہیں۔ پھر انھوں نے عرض کی کہ یا رسول اللہ! یہودی نہایت جھوٹے لوگ ہیں، آپ کے پوچھنے سے پہلے اگر ان کو معلوم ہو جائے کہ میں مسلمان ہو گیا ہوں تو وہ مجھے جھوٹا (برا) کہیں گے۔ (کبھی میری تعریف نہ کریں گے) یہودی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور سیدنا عبداللہ بن سلام ایک کوٹھٹری میں چلے گئے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان (یہودیوں) سے پوچھا: عبداللہ بن سلام تم میں کیسا آدمی ہے؟ انھوں نے کہا عبداللہ بن سلام عالم ہیں اور عالم کے بیٹے اور سب سے افضل اور سب سے افضل کے بیٹے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر عبداللہ مسلمان ہو جائے (کیا تم بھی مسلمان ہو جاؤ گے)؟، انھوں نے کہا کہ اللہ انھیں اس (مسلمان ہونے) سے بچائے رکھے۔ پس سیدنا عبداللہ کوٹھڑی سے نکلے اور کہا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد اللہ کے رسول ہیں۔ اس وقت یہودی کہنے لگے کہ تو ہم سب میں برا آدمی ہے اور سب سے برے شخص کا بیٹا ہے اور انھیں برا بھلا کہنے لگے۔
حدیث نمبر: 1401
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر بنی اسرائیل نہ ہوتے تو گوشت نہ سڑتا اور اگر حواء علیہ السلام نہ ہوتیں تو کوئی عورت اپنے شوہر سے دغا (خیانت) نہ کرتی۔
حدیث نمبر: 1402
Save to word مکررات اعراب
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص کو دوزخ میں سب سے ہلکا عذاب ہو گا، اللہ تعالیٰ اس سے پوچھے گا کہ اگر تیرے پاس اس وقت زمین بھر کا مال ہو تو اس کو دے کر تو اپنے آپ کو چھڑانا چاہے گا؟ تو وہ کہے گا کہ بیشک۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہ میں نے تو تجھ سے اس سے بھی بہت آسان بات چاہی تھی جب تو آدم کی پشت میں تھا کہ میرے ساتھ کسی کو شریک نہ بنانا، تو نے نہ مانا اور شرک پر ہی اڑا رہا۔
حدیث نمبر: 1403
Save to word مکررات اعراب
سیدنا عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب کوئی شخص دنیا میں ناحق (ظلم سے) مارا جاتا ہے تو اس کے خون کے وبال کا ایک حصہ آدم کے پہلے بیٹے (قابیل) پر پڑتا ہے کیونکہ اس نے سب سے پہلے ناحق خون کی بنا قائم کی تھی۔

https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.