كِتَابُ الْحُدُودِ کتاب: حدوں کے بیان میں 5. بَابُ الْحَدِّ فِي الْقَذْفِ وَالنَّفْيِ وَالتَّعْرِيضِ حد قذف کا اور نفی نسب کا اور اشارے کنائے میں دوسرے کو گالی دینے کا بیان
حضرت ابوزناد سے روایت ہے کہ عمر بن عبدالعزیز نے ایک غلام کو حدِ قذف کے اسّی (80) کوڑے لگائے، تو میں نے عبداللہ بن عامر سے پوچھا، انہوں نے کہا: میں نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اور سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ اور خلفاء کو ان کے بعد دیکھا کہ کسی نے غلام کو حدِ قذف میں چالیس کوڑے سے زیادہ نہیں لگائے۔
تخریج الحدیث: «مقطوع صحيح، وأخرجه البيهقي فى «سننه الكبير» برقم: 17139، وعبد الرزاق فى «مصنفه» برقم: 13793، 13794، وابن أبى شيبة فى «مصنفه» برقم: 28215، 28228، فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 17»
حضرت زریق بن حکیم سے روایت ہے کہ ایک شخص نے جس کا نام مصباح تھا، اپنے بیٹے کو کسی کام کے واسطے بلایا، اس نے دیر کی، جب آیا تو مصباح نے کہا کہ اے زانی! کہا زریق نے: اس لڑکے نے میرے پاس فریاد کی، میں نے جب اس کے باپ کو حد مارنی چاہی تو وہ لڑکا بولا: اگر تم میرے باپ کو کوڑوں سے مارو گے تو میں زنا کا اقرار کر لوں گا، میں یہ سن کر حیران ہوا اور اس مقدمے کا فیصلہ کرنا مجھ پر دشوار ہوا تو میں نے عمر بن عبدالعزیز کو لکھا، وہ اس زمانے میں حاکم تھے مدینہ کے (سلمان بن عبدالملک کی طرف سے)۔ عمر بن عبدالعزیز نے جواب لکھا کہ لڑکے کے عفو کو جائز رکھ (یعنی بیٹے نے اگر باپ کو حد معاف کردی ہے تو عفو صحیح ہے)۔ زریق نے کہا: میں نے عمر بن عبدالعزیز کو یہ بھی لکھا تھا کہ اگر کوئی شخص دوسرے پر تہمت زنا کی لگائے، یا اس کے ماں باپ کو، اور ماں باپ اس کے مر گئے ہوں یا دونوں میں سے ایک مر گیا ہو، تو پھر کیا کرے؟ عمر بن عبدالعزیز نے جواب میں لکھا کہ جس شخص کو تہمت زنا کی لگائے، اگر وہ معاف کر دے تو عفو درست ہے، لیکن اگر اس کے والدین کو تہمت زنا کی لگائے تو اس کا عفو کر دینا درست نہیں جب کہ والدین مر گئے ہوں، یا ان دو میں سے ایک مر گیا ہو، بلکہ حد لگا اس کو موافق کتاب اللہ کے، مگر جب بیٹا اپنے والدین کا حال چھپانے کے واسطے عفو کر دے تو عفو درست ہے۔
تخریج الحدیث: «مقطوع صحيح، وأخرجه عبد الرزاق فى «مصنفه» برقم: 13811، 13812، 13813، 13817، وابن أبى شيبة فى «مصنفه» برقم: 28824، 29496، فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 18»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ یعنی اس کو خوف ہو اگر میں تہمت لگانے والے کو معاف نہ کروں گا تو والدین کا زنا گواہوں سے ثابت ہوجائے گا، اس وجہ سے عفو کردے تو عفو درست ہے۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 18»
حضرت عروہ بن زبیر نے کہا کہ جو شخص بہت سے آدمیوں پر ایک ہی قول میں زنا کی تہمت لگائے (مثلاً ان آدمیوں کو پکارے: اے زانیو! یا یوں کہے کہ تم زانی ہو) تو اس پر ایک ہی حد پڑے گی۔ (یعنی صرف اسّی کوڑے)۔
تخریج الحدیث: «مقطوع صحيح، وأخرجه عبد الرزاق فى «مصنفه» برقم: 13777، 13778، وابن أبى شيبة فى «مصنفه» برقم: 28787، والطحاوي فى «شرح مشكل الآثار» برقم: 410/7، فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 19»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ اگر وہ لوگ جدا جدا ہو جائیں جب بھی ایک ہی حد پڑے گی۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 19»
حضرت عمرہ بنت عبدالرحمٰن سے روایت ہے کہ دو مردوں نے گالی گلوچ کی سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے زمانے میں، ایک نے دوسرے سے کہا: قسم اللہ کی! میرا باپ تو بدکار نہ تھا نہ میری ماں بدکار تھی۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے اس بات میں مشورہ کیا، ایک شخص بولا: اس میں کیا برائی ہے اس نے اپنے باپ اور ماں کی خوبیاں بیان کیں، اور لوگوں نے کہا: کیا اس کے باپ اور ماں کی صرف یہی خوبی تھی، ہمارے نزدیک اس کو حدِ قذف مارنی چاہیے۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے اس کو حد قذف ماری۔ (80) کوڑے لگائے۔
تخریج الحدیث: «موقوف ضعيف، وأخرجه البيهقي فى «سننه الكبير» برقم: 17147، والدارقطني فى «سننه» برقم: 3479، وعبد الرزاق فى «مصنفه» برقم: 13725، وابن أبى شيبة فى «مصنفه» برقم: 28965، فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 19ق1»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ ہمارے نزدیک حد نہیں ہے، مگر قذف میں یا نفی میں (نفی کہتے ہیں نسب دور کرنے کو، مثلاً یہ کہنا تو اپنے باپ کا بیٹا نہیں ہے)، یا تعریض میں (یعنی اشارے کنائے میں کسی کو گالی دینا جیسے ابھی بیان ہوا)، ان سب صورتوں میں حد پوری پوری لازم آئے گی، لیکن یہ ضروری ہے کہ تعریض سے نفی یا قذف مقصود ہونا معلوم ہو جائے۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 19ق1»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ ہمارے نزدیک یہ حکم ہے جب کوئی کسی کو اسی کے باپ سے نفی کرے تو حد واجب ہوگی، اگرچہ اس کی ماں لونڈی ہی کیوں نہ ہو۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 19ق2»
|