كتاب الطلاق واللعان عن رسول الله صلى الله عليه وسلم کتاب: طلاق اور لعان کے احکام و مسائل 11. باب مَا جَاءَ فِي الْمُخْتَلِعَاتِ باب: خلع لینے والی عورتوں کا بیان۔
ثوبان رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”خلع لینے والی عورتیں منافق ہیں“ ۱؎۔
۱- یہ حدیث اس طریق سے غریب ہے، اس کی سند قوی نہیں ہے، ۲- نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ بھی مروی ہے آپ نے فرمایا: ”جس عورت نے بلا کسی سبب کے اپنے شوہر سے خلع لیا، تو وہ جنت کی خوشبو نہیں پائے گی“۔ تخریج الحدیث: «تفرد بہ المؤلف (تحفة الأشراف: 2092) (صحیح) (متابعت اور شواہد کی بنا پر یہ حدیث صحیح لغیرہ ہے، ورنہ اس کے راوی ”لیث بن ابی سلیم“ ضعیف، اور ”ابو الخطاب“ مجہول ہیں، ملاحظہ: صحیحہ رقم: 632)»
وضاحت: ۱؎: یہ بطور زجر و توبیخ کہا ہے یعنی یہ عورتیں ایسی ہیں جو جنت میں دخول اوّلی کی مستحق نہیں قرار پائیں گی کیونکہ بظاہر یہ اطاعت گزار ہیں لیکن باطن میں نافرمان ہیں۔ اور یہ ارشاد بغیر کسی معقول وجہ کے خلع لینے والی عورتوں کے بارے میں ہے۔ قال الشيخ الألباني: صحيح، الصحيحة (633)، المشكاة (3290 / التحقيق الثانى)
ثوبان رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس عورت نے بغیر کسی بات کے اپنے شوہر سے طلاق طلب کی تو اس پر جنت کی خوشبو حرام ہے“۔
۱- یہ حدیث حسن ہے، ۲- اور یہ «عن أيوب عن أبي قلابة عن أبي أسماء عن ثوبان» کے طریق سے بھی روایت کی جاتی ہے، ۳- بعض نے ایوب سے اسی سند سے روایت کی ہے لیکن انہوں نے اسے مرفوع نہیں کیا ہے۔ تخریج الحدیث: «سنن ابی داود/ الطلاق 18 (2226)، سنن ابن ماجہ/الطلاق 21 (2055)، (تحفة الأشراف: 2103)، مسند احمد (5/277، 283)، سنن الدارمی/الطلاق 6 (2316) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (2055)
|