سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مدینہ منوّرہ میں آٹھ رکعات (ظہر و عصر) اور سات رکعات (مغرب و عشاء) جمع کر کے پڑھی ہیں۔ میں نے عرض کی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے کیوں کیا۔ اُنہوں نے فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے چاہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اُمّت تنگی اور مشقّت میں نہ پڑھ جائے۔ حالانکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم (مدینہ منوّرہ میں) قیام پذیر تھے، سفر اور خوف کی حالت میں نہیں تھے۔ جناب سفیان کی روایت میں بھی یہ الفاظ ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم خوف اور سفر کی حالت میں نہیں تھے۔ جناب سعید بن جبیر کہتے ہیں کہ میں نے سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے پوچھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس طرح نمازوں کو جمع کیوں کیا؟ تو انہوں نے فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے چاہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اُمّت کا کوئی شخص تنگی اور تکلیف محسوس نہ کرے ـ جناب عبدالجبار نے بھی ہمیں ایک مرتبہ اس طرح روایت بیان کی تھی ـ