الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 4018
´ننگے ہونے کا بیان۔`
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کوئی مرد کسی مرد کے ستر کو نہ دیکھے اور کوئی عورت کسی عورت کے ستر کو نہ دیکھے اور نہ کوئی مرد کسی مرد کے ساتھ ایک کپڑے میں لیٹے اور نہ کوئی عورت کسی عورت کے کے ساتھ ایک کپڑے میں لیٹے۔“ [سنن ابي داود/كتاب الحمام /حدیث: 4018]
فوائد ومسائل:
1: بلا ضرورت شرعی کسی مرد کو دوسرے مرد کا اور کسی عورت کو دوسری عورت کا ستر دیکھنا حرام ہے۔
اسی طرح کسی مرد کا اجنبی عورت کو یا کسی عورت کا اجنبی مرد کو دیکھنا اور بھی زیادہ حرام اور قبیح ہے۔
2: بلاضرورت دو مردوں یا دو عورتوں کا ایک کپڑے میں لیٹنا جائز نہیں، خواہ کپڑے بھی پہنے ہوئے ہوں، حتی کہ بچے جب دس سال کی عمر میں پہنچ جائیں تو انہیں علیحدہ لٹانے اور سلانے کا حکم ہے، بستر چارپائیاں کم ہوں تو ان کا ازالہ کیا جائے۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4018