Narrated `Abbas bin Malik: Malik bin Sasaa said that Allah's Apostle described to them his Night Journey saying, "While I was lying in Al-Hatim or Al-Hijr, suddenly someone came to me and cut my body open from here to here." I asked Al-Jarud who was by my side, "What does he mean?" He said, "It means from his throat to his pubic area," or said, "From the top of the chest." The Prophet further said, "He then took out my heart. Then a gold tray of Belief was brought to me and my heart was washed and was filled (with Belief) and then returned to its original place. Then a white animal which was smaller than a mule and bigger than a donkey was brought to me." (On this Al-Jarud asked, "Was it the Buraq, O Abu Hamza?" I (i.e. Anas) replied in the affirmative). The Prophet said, "The animal's step (was so wide that it) reached the farthest point within the reach of the animal's sight. I was carried on it, and Gabriel set out with me till we reached the nearest heaven. When he asked for the gate to be opened, it was asked, 'Who is it?' Gabriel answered, 'Gabriel.' It was asked, 'Who is accompanying you?' Gabriel replied, 'Muhammad.' It was asked, 'Has Muhammad been called?' Gabriel replied in the affirmative. Then it was said, 'He is welcomed. What an excellent visit his is!' The gate was opened, and when I went over the first heaven, I saw Adam there. Gabriel said (to me). 'This is your father, Adam; pay him your greetings.' So I greeted him and he returned the greeting to me and said, 'You are welcomed, O pious son and pious Prophet.' Then Gabriel ascended with me till we reached the second heaven. Gabriel asked for the gate to be opened. It was asked, 'Who is it?' Gabriel answered, 'Gabriel.' It was asked, 'Who is accompanying you?' Gabriel replied, 'Muhammad.' It was asked, 'Has he been called?' Gabriel answered in the affirmative. Then it was said, 'He is welcomed. What an excellent visit his is!' The gate was opened. When I went over the second heaven, there I saw Yahya (i.e. John) and `Isa (i.e. Jesus) who were cousins of each other. Gabriel said (to me), 'These are John and Jesus; pay them your greetings.' So I greeted them and both of them returned my greetings to me and said, 'You are welcomed, O pious brother and pious Prophet.' Then Gabriel ascended with me to the third heaven and asked for its gate to be opened. It was asked, 'Who is it?' Gabriel replied, 'Gabriel.' It was asked, 'Who is accompanying you?' Gabriel replied, 'Muhammad.' It was asked, 'Has he been called?' Gabriel replied in the affirmative. Then it was said, 'He is welcomed, what an excellent visit his is!' The gate was opened, and when I went over the third heaven there I saw Joseph. Gabriel said (to me), 'This is Joseph; pay him your greetings.' So I greeted him and he returned the greeting to me and said, 'You are welcomed, O pious brother and pious Prophet.' Then Gabriel ascended with me to the fourth heaven and asked for its gate to be opened. It was asked, 'Who is it?' Gabriel replied, 'Gabriel' It was asked, 'Who is accompanying you?' Gabriel replied, 'Muhammad.' It was asked, 'Has he been called?' Gabriel replied in the affirmative. Then it was said, 'He is welcomed, what an excel lent visit his is!' The gate was opened, and when I went over the fourth heaven, there I saw Idris. Gabriel said (to me), 'This is Idris; pay him your greetings.' So I greeted him and he returned the greeting to me and said, 'You are welcomed, O pious brother and pious Prophet.' Then Gabriel ascended with me to the fifth heaven and asked for its gate to be opened. It was asked, 'Who is it?' Gabriel replied, 'Gabriel.' It was asked. 'Who is accompanying you?' Gabriel replied, 'Muhammad.' It was asked, 'Has he been called?' Gabriel replied in the affirmative. Then it was said He is welcomed, what an excellent visit his is! So when I went over the fifth heaven, there I saw Harun (i.e. Aaron), Gabriel said, (to me). This is Aaron; pay him your greetings.' I greeted him and he returned the greeting to me and said, 'You are welcomed, O pious brother and pious Prophet.' Then Gabriel ascended with me to the sixth heaven and asked for its gate to be opened. It was asked. 'Who is it?' Gabriel replied, 'Gabriel.' It was asked, 'Who is accompanying you?' Gabriel replied, 'Muhammad.' It was asked, 'Has he been called?' Gabriel replied in the affirmative. It was said, 'He is welcomed. What an excellent visit his is!' When I went (over the sixth heaven), there I saw Moses. Gabriel said (to me),' This is Moses; pay him your greeting. So I greeted him and he returned the greetings to me and said, 'You are welcomed, O pious brother and pious Prophet.' When I left him (i.e. Moses) he wept. Someone asked him, 'What makes you weep?' Moses said, 'I weep because after me there has been sent (as Prophet) a young man whose followers will enter Paradise in greater numbers than my followers.' Then Gabriel ascended with me to the seventh heaven and asked for its gate to be opened. It was asked, 'Who is it?' Gabriel replied, 'Gabriel.' It was asked,' Who is accompanying you?' Gabriel replied, 'Muhammad.' It was asked, 'Has he been called?' Gabriel replied in the affirmative. Then it was said, 'He is welcomed. What an excellent visit his is!' So when I went (over the seventh heaven), there I saw Abraham. Gabriel said (to me), 'This is your father; pay your greetings to him.' So I greeted him and he returned the greetings to me and said, 'You are welcomed, O pious son and pious Prophet.' Then I was made to ascend to Sidrat-ul-Muntaha (i.e. the Lote Tree of the utmost boundary) Behold! Its fruits were like the jars of Hajr (i.e. a place near Medina) and its leaves were as big as the ears of elephants. Gabriel said, 'This is the Lote Tree of the utmost boundary) . Behold ! There ran four rivers, two were hidden and two were visible, I asked, 'What are these two kinds of rivers, O Gabriel?' He replied,' As for the hidden rivers, they are two rivers in Paradise and the visible rivers are the Nile and the Euphrates.' Then Al-Bait-ul-Ma'mur (i.e. the Sacred House) was shown to me and a container full of wine and another full of milk and a third full of honey were brought to me. I took the milk. Gabriel remarked, 'This is the Islamic religion which you and your followers are following.' Then the prayers were enjoined on me: They were fifty prayers a day. When I returned, I passed by Moses who asked (me), 'What have you been ordered to do?' I replied, 'I have been ordered to offer fifty prayers a day.' Moses said, 'Your followers cannot bear fifty prayers a day, and by Allah, I have tested people before you, and I have tried my level best with Bani Israel (in vain). Go back to your Lord and ask for reduction to lessen your followers' burden.' So I went back, and Allah reduced ten prayers for me. Then again I came to Moses, but he repeated the same as he had said before. Then again I went back to Allah and He reduced ten more prayers. When I came back to Moses he said the same, I went back to Allah and He ordered me to observe ten prayers a day. When I came back to Moses, he repeated the same advice, so I went back to Allah and was ordered to observe five prayers a day. When I came back to Moses, he said, 'What have you been ordered?' I replied, 'I have been ordered to observe five prayers a day.' He said, 'Your followers cannot bear five prayers a day, and no doubt, I have got an experience of the people before you, and I have tried my level best with Bani Israel, so go back to your Lord and ask for reduction to lessen your follower's burden.' I said, 'I have requested so much of my Lord that I feel ashamed, but I am satisfied now and surrender to Allah's Order.' When I left, I heard a voice saying, 'I have passed My Order and have lessened the burden of My Worshipers."
USC-MSA web (English) Reference: Volume 5, Book 58, Number 227
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 411
حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے بتایا: ”میرے پاس برّاق لایا گیا (وہ ایک سفید رنگ کا لمبا چوپایہ تھا۔ گدھے سے اونچا اور خچر سے کم (چھوٹا)، اپنا قدم وہاں رکھتا تھا جہاں اس کی نظر پہنچتی) میں اس پر سوار ہوکر بیت المقدس پہنچا اور اس کو اس حلقہ (کنڈے) سے باندھ دیا جس سے انبیاء علیہم السلام اپنی سواریاں باندھا کرتے تھے۔ پھر میں مسجد میں داخل ہوا اور اس میں دو رکعت نماز پڑھی، پھر میں نکلا تو جبریل علیہ السلام میرے پاس ایک شراب کا برتن اور دوسرا... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:411]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
:
(1)
بُرَاقٌ:
یہ وہ تیز رفتار (برق رفتار)
سواری ہے،
جس پر سوار ہو کر آپ بیت المقدس پہنچے۔
(2)
مُقَدَّسٌ:
اگر اس کو تقدیس سے مفعول کا صیغہ بنائیں تو معنی ہو گا،
”پاک کیا گیا“،
اور اگر اس کو مصدر میمی بنا کر "مقدس" پڑھیں تو معنی ہو گا ”طہارت و پاکیزگی کا گھر“ کہ وہاں انسان گناہوں سے پاک ہو جاتا ہے۔
اور اگر اس کو ظرف مکان بنائیں تو معنی ہو گا ”وہ گھر جو خود پاک ہے“ کیونکہ وہ بتوں کی آلودگی سے پاک ہے۔
(3)
فِطْرَةٌ:
اس سے مراد،
اسلام اور استقامت ہے،
کیونکہ دودھ انسان کی طبعی و فطرتی غذا ہے،
جو انسان کی نشوونما کا باعث ہے،
اسی طرح اللہ کی ربوبیت و الوہیت کا اقرار،
انسان کی فطرت اور سرشت میں رکھ دیا گیا ہے۔
(4)
بَيْتُ الْمَعْمُورِ:
آباد گھر،
کعبہ کے محاذات میں ساتویں آسمان پر عبادت گاہ ہے،
جس میں ہر روز ستر ہزار فرشتے عبادت کے لیے آتے ہیں اور ایک دفعہ آ جانے والوں کو دوبارہ موقع نہیں ملے گا۔
(5)
سِدْرَةُ الْمُنْتَهَى:
فرشتوں کے جانے کی سرحد پر واقع بیری ہے،
فرشتے اس سے اوپر کے بارے میں کچھ علم نہیں رکھتے،
کیونکہ وہ اوپر نہیں جا سکتے،
یا اس لیے کہ اوپر سے جو کچھ اترتا ہے وہ یہاں آ کر رک جاتا ہے،
اور نیچے سے جو کچھ چڑھتا ہے وہ بھی یہیں رک جاتا ہے۔
(6)
فِيْلَةٌ:
فِيْلٌ کی جمع ہے،
ہاتھی۔
قِلَالٌ:
قُلَّةٌ کی جمع ہے،
بڑا مٹکا،
جس میں دو یا اس سے زائد مشکیں ڈالی جا سکتی ہیں۔
فوائد ومسائل:
(1)
واقعہ اسرا اور معراج مکہ معظمہ میں پیش آیا اور بیداری میں،
آپ ﷺ کے جسد اطہر کو براق کے ذریعہ بیت المقدس لے جایا گیا،
یہاں تک کے سفر کو اسرا کا نام دیا جاتا ہے،
اور پھر بیت المقدس سے آسمانوں پر معراج (سیڑھی،
لفٹ)
کے ذریعہ سے لے جایا گیا،
اس کو معراج کا نام دیا جاتا ہے،
اگر چہ بعض ائمہ نے دونوں کو اسرا یا معراج سے تعبیر کیا ہے،
اور سائنس کی ترقی کے موجودہ دور میں اس پر کسی قسم کے اعتراض اور شک وشبہ کی گنجائش نہیں رہی۔
انسان جو انتہائی محدود طاقت اور علم کا مالک ہے وہ انتہائی حیرت انگیز فضائی سفر کر رہا ہے،
تو خالق کائنات جس کی قوت اور علم کی کوئی حد نہیں،
اس کے کسی فعل پر کیسے تعجب یا اعتراض کیا جاسکتا ہے؟ (2)
آسمانوں کا وجود ہے وہ محض حد نظر کا نام نہیں ہے،
اور کوئی انسان بغیر اجازت کے آسمان پر نہیں جا سکتا،
ان پر فرشتوں کی صورت میں چوکس پہرے دار موجود ہیں،
کوئی ان کی نظر سے بچ کر نہیں نکل سکتا۔
(3)
اللہ تعالیٰ آسمانوں کے اوپر عرش پر موجود ہے،
اور اگر وہ اپنی ذات کے ساتھ ہر جگہ موجود ہے تو پھر نبی اکرم ﷺ کو اوپر لے جانے کی کیا ضرورت تھی؟ کہ وہاں جا کر آپ ﷺ نے اللہ تعالیٰ سے کلام کیا۔
نیز اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ کے کلام میں حروف وآواز ہے،
جس کا آپ نے سماع کیا،
اور بار بار اپنی درخواست کا جواب سنا۔
(4)
نماز اتنا اہم فریضہ ہے کہ اس کو معراج کا تحفہ قرار دیا جاسکتا ہے،
اور یہ اللہ تعالیٰ کا امت محمدیہ پر احسان ہے،
اور آپ ﷺ کی شفقت ورحمت کا مظہر ہے کہ نمازیں پچاس سے پانچ کر دی گئیں،
لیکن اجر وثواب پچاس کا برقرار رہا،
اس میں کمی واقع نہیں ہوئی۔
(5)
آخری بار جب موسیٰ علیہ السلام نے پھر جانے کا کہا،
تو آپ ﷺ نے فرمایا:
”اب میں شرم محسوس کرتا ہوں“ کیونکہ ایک تو آپ کو فرمایا جا چکا تھا کہ اب تبدیلی نہیں ہوگی۔
اور پھر چونکہ ہر دفعہ پانچ کی تخفیف ہوئی تھی اب جانے کا معنی یہ تھا کہ ایک نماز نہیں پڑھ سکتے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 411
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 412
حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”میرے پاس فرشتے آئے اور مجھے زمزم کے پاس لے گئے، میرا سینہ چاک کیا گیا، پھر زمزم کے پانی سے دھویا گیا، پھر مجھے چھوڑ دیا گیا یعنی جس جگہ سے اٹھایا تھا وہیں چھوڑ دیا۔“ [صحيح مسلم، حديث نمبر:412]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
:
(1)
شُرِحَ عَنْ صَدْرِي:
میرا سینہ چاک کیا گیا۔
(2)
أُنْزِلْتُ:
مجھے چھوڑ دیا گیا۔
(تُرِكْتُ)
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 412
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 415
حضرت ابو ذر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے بتایا: مکہ میں میرے گھر کی چھت کھولی گئی، جبریل ؑ اترے اور میرا سینہ چاک کیا، پھراسے زمزم کے پانی سے دھویا، پھر سونے کا طشت لا کر جو حکمت اور ایمان سے لبریز تھا اسے میرے سینے میں خالی کر دیا، پھر سینہ کو جوڑ دیا، پھر میرا ہاتھ پکڑ کر مجھے آسمان کی طرف لے کر چڑھا۔ جب ہم آسمانِ دنیا پر پہنچے تو جبریلؑ نے پہلے آسمان کے دربان سے کہا: دروازہ کھولو! اس نے پوچھا: یہ کون ہے؟ کہا: جبریل ہے۔ پوچھا: کیا... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:415]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
:
(1)
أَسْوِدَةٌ:
سواد کی جمع ہے،
شکل و صورت،
ہیولا،
بہت بڑی تعداد۔
(2)
نَسَمٌ:
نَسْمَةٌ کی جمع ہے،
روح،
سانس۔
(3)
ظَهَرْتُ لِمُسْتَوًى:
میں ایک بلند اور ہموار جگہ پر چڑھ گیا۔
(4)
صَرِيفَ الْأَقْلَامِ:
قلموں کے لکھنے کی آواز۔
(5)
شَطْرٌ:
آدھا حصہ،
یا مطلقاً حصہ یا ایک اہم حصہ۔
فوائد ومسائل:
(1)
انسان کے سینہ کو چاک کر کے دل کو صاف کرنا،
آج سائنس کی ترقی کے دور میں کوئی خلاف عقل چیز نہیں رہی،
اس لیے جبریلؑ کا زمزم کے پانی سے آپ کے دل مبارک کو دھونا اور پھر اس میں ایمان وحکمت بھرنا،
کوئی قابل تعجب چیز نہیں رہا۔
ایمان اور حکمت اگرچہ ہمارے لیے کوئی محسوس اور مادی چیز نہیں ہے،
لیکن اللہ تعالیٰ کے سامنے ان کا وجود ہے،
جیسا کہ ہوا،
بجلی اور روشنی کا ہمارے سامنے وجود نہیں ہے،
لیکن جدید آلات کے ذریعہ ان کی مقدار معلوم کر لی جاتی ہے،
اس لیے ان کو طشت میں ڈالنا اور اس کا ان سے بھر جانا قابل اعتراض نہیں ہے،
اور نہ ہی اس کی تاویل کی ضرورت ہے،
کہ اس سے مراد کوئی ایسی چیز ہے،
جس سے ایمان وحکمت پیدا ہوتے ہیں۔
(2)
جنت حضرت آدمؑ کے دائیں طرف ہے،
اس لیے جنتی ارواح دائیں طرف نظر آتی ہیں،
اور جہنم بائیں طرف ہے اور دوزخیوں کی ارواح بائیں طرف نظر آتی ہیں۔
(3)
اس حدیث میں آیا ہے کہ حضرت ابو ذرؓ نے انبیاء کے مقامات کا تعین نہیں فرمایا،
پھر آگے ثمّ کے ذریعہ ان کی ملاقات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں ثمّ ترتیب وقوعی پر دلالت نہیں کرتا،
کہ واقعتا ایسا ہے،
محض ترتیب ذکر ہی کے لیے ہے،
کہ ان سب کا تذکرہ کیا جیسا کہ قرآن مجید میں ہے:
﴿ثُمَّ كَانَ مِنَ الَّذِينَ آمَنُوا وَتَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ وَتَوَاصَوْا بِالْمَرْحَمَةِ﴾ (البلد: 17)
تو یہاں یہ معنی نہیں ہے:
کہ پہلے گردن آزاد کی،
بھوک کے دن یتیموں کو کھلایا یا محتاج مسکینوں کو کھلایا،
اس کے بعد ایمان لایا،
اور ایک دوسرے کو صبر ورحمت کی تلقین کی۔
بلکہ مقصد یہ ہے کہ ایمان کے ساتھ،
یہ صفات بھی موجود ہیں،
حدیث میں صرف یہی مقصو د ہے کہ ان سب انبیاءؑ سے مختلف مقامات پر ملاقات ہوئی۔
یہ بیان کرنا مقصد نہیں ہے،
کہ پہلے کس سے ملاقات ہوئی،
پھر کس سے،
کیونکہ اس کی نفی تو پہلے کر دی گئی ہے۔
(4)
حضرت ابراہیمؑ کی ملاقات چھٹے آسمان پر،
استقبال یا الواداع کے وقت ہے،
ان کا اصل ٹھکانا ساتویں آسمان پر ہے۔
(5)
نمازوں کی تخفیف کا مسئلہ اس حدیث میں انتہائی اختصار کے ساتھ بیان کیا گیا ہے،
فی الواقع آپ باربار اللہ تعالیٰ کی خدمت میں حاضر ہوئے ہیں۔
اس طرح نو دفعہ حاضری میں،
پانچ،
پانچ کرکے پینتالیس نمازوں کی تخفیف ہوئی ہے،
لیکن اجر وثواب میں فرق نہیں پڑا،
اس لیے پانچ کو پچاس کے برابر ٹھہرایا گیا ہے۔
(6)
اسرا ومعراج کو صحیح طور سمجھنے کے لیے ضروری ہے،
کہ اس کے بارے میں جس قدر احادیث مختلف کتب حدیث میں آئی ہیں سب کو جمع کیا جائے،
اور ان کی روشنی میں معانی کا تعین کیا جائے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 415
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 416
حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے انھوں نے شاید اپنی قوم کے ایک آدمی حضرت مالک بن صعصعہ ؓ سے نقل کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”کہ میں بیت اللہ کے پاس نیند اور بیداری کی درمیانی کیفیت میں تھا، اس اثناء میں، میں نے ایک کہنے والے کو کہتے سنا: کہ تین آدمیوں میں سے دو کے درمیان والا ہے۔ پھر میرے پاس آئے اور مجھے لے جایا گیا۔ پھر میرے پاس سونے کا طشت لایا گیا جس میں زمزم کا پانی تھا اور یہاں سے لے کر یہاں تک میرا سینہ کھولا گیا۔“ قتادہؒ... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:416]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
(1)
حضرت موسیٰؑ کا رونا اس بنا پر تھا کہ انہوں نے بنو اسرائیل کی تعلیم وتربیت کے لیے بہت جتن کیے،
لیکن وہ ان کی محنت کے مطابق درست نہ ہوئے،
اور اپنی کثرت کے باوجود ان میں کم لوگ جنتی ہوں گے،
اس پر انہیں رنج اور افسوس ہوا۔
(2)
حضرت موسیؑ نے آپ کو غلام (نوجوان)
قرار دیا،
کیونکہ آپ ﷺ اس عمر میں بھی نوجوانوں والا جذبہ اور قوت رکھتے تھے،
اور اپنی امت کی تعلیم اور دین کے فروغ کے لیے مسلسل اور پیہم کوشش فرما رہے تھے،
اس عمر میں اتنی تگ ودو اور محنت عام طور پر ممکن نہیں ہے۔
(3)
نیل،
مصر میں بہنے والا دریا ہے اور فرات عراق میں ان دونوں دریاؤں کا اصل منبع سدرۃ المنتہیٰ کی جڑ ہے،
پھر ان کا ظہور دنیا میں ہوا،
اس لیے ان کا پانی،
انتہائی شیریں،
صاف زور ہضم اور سرسبزی وشادابی کا باعث ہے۔
البینات عاصم حداد میں کچھ دلائل کی روشنی میں ایک اور معنی بیان کیا گیا ہے،
تفصیل کے لیے دیکھئے:
ص: 192 تا 194۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 416
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3430
3430. حضرت مالک بن صعصعہ ؓسے روایت ہےکہ نبی کریم ﷺ نے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم أجمعین کو شب معراج کا واقعہ بیان فرمایا: ”جب حضرت جبرئیل ؑ اوپر چڑھے حتیٰ کہ وہ دوسرے آسمان پر آئے، پھر دروازہ کھولنے کے لیے کہا گیا تو پوچھا گیا: یہ کون ہے؟ کہا: میں جبریل ہوں۔ پھر پوچھاگیا: تمہارے ساتھ کون ہے؟ انھوں نے کہا: حضرت محمد ﷺ ہیں۔ دریافت کیا گیا: کیا انھیں (آپ ﷺ کو) بلایا گیا تھا؟ کہا: جی ہاں۔ (رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:)پھر جب میں وہاں پہنچا تو حضرت یحییٰ ؑ اور حضرت عیسیٰ ؑ وہاں موجود تھے۔ یہ دونوں آپس میں خالہ زاد بھائی ہیں۔ حضرت جبریل ؑ نے بتایا کہ یہ یحییٰ اور عیسیٰ ؑ ہیں، آپ انھیں سلام کریں۔ میں نے انھیں سلام کیا تو انھوں نے جواب دیا۔ پھر ان دونوں نے فرمایا: ”اے نیک سیرت بھائی اور خوش خصال نبی! خوش آمدید۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:3430]
حدیث حاشیہ:
روایت میں حضرت یحیی ؑ کاذکر ہے یہی باب سے وجہ مناسبت ہے۔
حضرت عیسیٰ ؑ کےوالدہ حضرت مریم ؑ اور حضرت یحیی ؑ کی والدہ حضرت ایشاع دونوں ماں جائی تھیں جن کی ماں کا نام ہے۔
مریم سریانی لفظ ہےجس کےمعنی خادمہ کےہیں کرمانی و فتح وغیرہ۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3430
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 349
349. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: حضرت ابوذر ؓ بیان کرتے تھے کہ رسول اللہ نے فرمایا: ”جب میں مکے میں تھا تو ایک شب میرے گھر کی چھت پھٹی۔ حضرت جبریل ؑ اترے، انھوں نے پہلے میرے سینے کو چاک کر کے اسے آب زم زم سے دھویا، پھر ایمان و حکمت سے بھرا ہوا سونے کا ایک طشت لائے اور اسے میرے سینے میں ڈال دیا، بعد میں سینہ بند کر دیا، پھر انھوں نے میرا ہاتھ پکڑا اور مجھے آسمان دنیا کی طرف لے چڑھے۔ جب میں آسمان دنیا پر پہنچا تو جبریل ؑ نے داروغہ آسمان سے کہا: دروازہ کھول۔ اس نے کہا: کون ہے؟ بولے: میں جبریل ہوں۔ پھر اس نے پوچھا: تمہارے ہمراہ بھی کوئی ہے؟ حضرت جبریل نے کہا: ہاں، میرے ساتھ حضرت محمد ﷺ ہیں۔ اس نے پھر دریافت کیا: انھیں دعوت دی گئی ہے؟ حضرت جبریل ؑ نے کہا: ہاں۔ اس نے جب دروازہ کھول دیا تو ہم آسمان دنیا پر چڑھے، وہاں ہم نے ایک ایسے شخص کو بیٹھے دیکھا جس کی دائیں جانب۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:349]
حدیث حاشیہ:
معراج کا واقعہ قرآن مجید کی سورۃ بنی اسرائیل اور سورۃ نجم کے شروع میں بیان ہوا ہے اور احادیث میں اس کثرت کے ساتھ اس کا ذکر ہے کہ اسے تواتر کا درجہ دیا جا سکتا ہے۔
سلف امت کا اس پر اتفاق ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کومعراج جاگتے میں بدن اور روح ہر دو کے ساتھ ہوا۔
سینہ مبارک کا چاک کرکے آبِ زمزم سے دھوکر حکمت اور ایمان سے بھرکر آپ کوعالم ملکوت کی سیر کرنے کے قابل بنادیاگیا۔
یہ شق صدردوبارہ ہے۔
ایک بارپہلے حالت رضاعت میں بھی آپ کا سینہ چاک کرکے علم وحکمت و انوارِ تجلیات سے بھردیاگیا تھا۔
دوسری روایات کی بنا پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلے آسمان پر حضرت آدم علیہ السلام سے، دوسرے آسمان پر حضرت یحییٰ اور حضرت عیسیٰ علیہم السلام سے، تیسرے پر حضرت یوسف علیہ السلام سے، چوتھے پر حضرت ادریس علیہ السلام سے اور پانچویں آسمان پر حضرت ہارون علیہ السلام سے اور چھٹے آسمان پر حضرت موسیٰ علیہ السلام سے اور ساتویں پر سیدنا حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام سے ملاقات فرمائی۔
جب آپ مقام اعلیٰ پر پہنچ گئے، توآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہاں فرشتوں کی قلموں کی آوازیں سنیں اور مطابق آیت شریفہ لقدرای من آیات ربہ الکبریٰ (النجم: 18)
آپ نے ملااعلیٰ میں بہت سی چیزیں دیکھیں، وہاں اللہ پاک نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت پر پچاس وقت کی نمازیں فرض کیں۔
پھر آپ کے نوبارآنے جانے کے صدقے میں صرف پنچ وقت نماز باقی رہ گئی، مگرثواب میں وہ پچاس کے برابر ہیں۔
ترجمہ باب یہیں سے نکلتا ہے کہ نماز معراج کی رات میں اس تفصیل کے ساتھ فرض ہوئی۔
سدرۃ المنتہیٰ ساتویں آسمان پر ایک بیری کا درخت ہے جس کی جڑیں چھٹے آسمان تک ہیں۔
فرشتے وہیں تک جاسکتے ہیں آگے جانے کی ان کو بھی مجال نہیں ہے۔
حضرت عبداللہ بن مسعود فرماتے ہیں کہ منتہیٰ اس کو اس لیے کہتے ہیں کہ اوپر سے جو احکام آتے ہیں وہ وہاں آکر ٹھہرجاتے ہیں اور نیچے سے جو کچھ جاتا ہے وہ بھی اس سے آگے نہیں بڑھ سکتا۔
معراج کی اور تفصیلات اپنے مقام پر بیان کی جائیں گی۔
آسمانوں کا وجود ہے جس پر جملہ کتب سماویہ اور تمام انبیاءکرام کا اتفاق ہے، مگر اس کی کیفیت اور حقیقت اللہ ہی بہترجانتا ہے۔
جس قدر بتلادیا گیا ہے اس پر ایمان لانا ضروری ہے اور فلاسفہ وملاحدہ اور آج کل کے سائنس والے جو آسمان کا انکار کرتے ہیں۔
ان کے قول باطل پر ہرگز کان نہ لگانے چاہئیں۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 349
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3570
3570. شریک بن عبداللہ بن ابو نمرہ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ میں نے حضرت انس ؓ سے سنا، انھوں نے ہمیں اس رات کاحال بیان کیا جس میں نبی کریم ﷺ کو مسجدحرام(بیت اللہ شریف) سے سیرکرائی گئی تھی۔ آپ کے پاس وحی آنے سے پہلے تین شخص آئے جبکہ آپ مسجد حرام میں محو استراحت تھے۔ ان تینوں میں سے ایک نے کہا: وہ کون شخص ہیں؟دوسرے نے کہا: وہی جو ان سب سے بہتر ہیں۔ تیسرے نے کہا، جو آخر میں تھا: ان سب سےبہتر کو لے چلو۔ اس رات اتنی ہی باتیں ہوئیں۔ آپ نے ان لوگوں کو دیکھا نہیں یہاں تک کہ وہ کسی دوسری رات پھر آئے بایں۔ حالت کہ آپ کا دل بیدار تھا کیونکہ نبی کریم ﷺ کی آنکھیں سو جاتی تھیں لیکن آپ کا دل نہیں سوتا تھا بلکہ تمام انبیاء ؑ کا ہی حال تھا کہ ان کی آنکھیں سوجاتی تھیں لیکن ان کے دل نہیں سوتے تھے۔ پھر حضرت جبرئیل ؑ نے اپنے ذمہ یہ کام لیا اور وہ آپ ﷺ کو آسمان کی طرف چڑھا کرلے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:3570]
حدیث حاشیہ:
اس کے بعد وہی قصہ گزرا جو معراج والی حدیث میں اوپر گزرچکا ہے۔
اس روایت سے ان لوگوں نے دلیل لی ہے جو کہتے ہیں کہ معراج سوتے میں ہوا تھا۔
مگر یہ روایت شاذ ہے، صرف شریک نے یہ روایت کیا ہے کہ آپ اس وقت سورہے تھے۔
عبدالحق نے کہا کہ شریک کی روایت منفرد و مجہول ہے اور اکثر اہل حدیث کا اس پر اتفاق ہے کہ معراج بیداری میں ہوا تھا۔
(وحیدی)
مترجم کہتا ہے کہ اس حدیث سے معراج جسمانی کا انکار ثابت کرنا کج فہمی ہے۔
روایت کے آخر میں صاف موجود ہے ”ثم عرج به إ_x0004__x0008_لی السماء“ یعنی جبرئیل ؑ آپ کو جسمانی طور سے اپنے ساتھ لے کر آسمان کی طرف چڑھے۔
، ہاں اس واقعہ کا آغاز ایسے وقت میں ہوا کہ آپ مسجد حرام میں سورہے تھے۔
بہر حال معراج جسمانی حق ہے جس کے قرآن وحدیث میں بہت سے دلائل ہیں۔
اس کا انکار کرنا سورج کے وجود کا انکار کرنا ہے جب کہ وہ نصف النہار میں چمک رہا ہو۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3570
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:349
349. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: حضرت ابوذر ؓ بیان کرتے تھے کہ رسول اللہ نے فرمایا: ”جب میں مکے میں تھا تو ایک شب میرے گھر کی چھت پھٹی۔ حضرت جبریل ؑ اترے، انھوں نے پہلے میرے سینے کو چاک کر کے اسے آب زم زم سے دھویا، پھر ایمان و حکمت سے بھرا ہوا سونے کا ایک طشت لائے اور اسے میرے سینے میں ڈال دیا، بعد میں سینہ بند کر دیا، پھر انھوں نے میرا ہاتھ پکڑا اور مجھے آسمان دنیا کی طرف لے چڑھے۔ جب میں آسمان دنیا پر پہنچا تو جبریل ؑ نے داروغہ آسمان سے کہا: دروازہ کھول۔ اس نے کہا: کون ہے؟ بولے: میں جبریل ہوں۔ پھر اس نے پوچھا: تمہارے ہمراہ بھی کوئی ہے؟ حضرت جبریل نے کہا: ہاں، میرے ساتھ حضرت محمد ﷺ ہیں۔ اس نے پھر دریافت کیا: انھیں دعوت دی گئی ہے؟ حضرت جبریل ؑ نے کہا: ہاں۔ اس نے جب دروازہ کھول دیا تو ہم آسمان دنیا پر چڑھے، وہاں ہم نے ایک ایسے شخص کو بیٹھے دیکھا جس کی دائیں جانب۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:349]
حدیث حاشیہ:
1۔
شب معراج میں فرضیت نماز کی یہ حکمت تھی کہ رسول اللہ ﷺ نے اس رات فرشتوں کی مختلف عبادات کو دیکھا، ان میں جو حالت قیام میں تھے وہ بیٹھتے نہیں تھے اورجو رکوع میں تھے وہ سجدے میں نہ جاتے تھے اور بہت سے فرشتے حالت سجدے میں پڑے اپنا سر نہیں اٹھا رہے تھے۔
اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کی تمام انواع عبادت کو ایک رکعت نماز میں جمع کردیا، نیز اس میں نماز کی عظمت اور اس کے شرف کی طرف بھی اشارہ ہے کہ اس کی فرضیت میں یہ خصوصیت رکھی گئی کہ اس کی فرضیت بلاواطہ فرشتہ ہوئی ہے۔
حافظ ابن حجر ؒ مزید لکھتے ہیں کہ شب معراج میں فرضیت نماز کی حکمت تھی کہ معراج سے پہلے رسول اللہ ﷺ کو ظاہری اور باطنی طہارت سے آراستہ کیا گیا کہ آپ کے قلب مبارک کو آب زم زم سے دھوکر اس میں ایمان وحکمت کوبھردیا گیا کہ آپ اپنے رب سے مناجات کے لیے مستعد ہوجائیں۔
اسی طرح نماز میں بھی بندہ اپنے رب سے رازونیاز کی باتیں کرنے کےلیے پہلے خود کو طہارت ونظافت سے مزین کرتا ہے، اس لیے مناسب ہواکہ معراج کی مناسبت سے اس امت پر نماز کو فرض کردیا جائے، نیز اس سے ملاء اعلیٰ پر رسول اللہ ﷺ کا شرف ظاہرکرنا بھی مقصود تھا تاکہ ساکنان حریم قدس ملائکہ اورحضرات انبیائے کرام علیہ السلام کی امامت کروائیں اور اپنے رب سے مناجات کریں، اس مناسبت سے نمازی بھی دوران نماز میں اپنے رب سے مناجات کرتا ہے۔
(فتح الباري: 596/1)
2۔
اس روایت میں بیت المقدس تک اسراء کا تذکرہ نہیں ہے۔
اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ معراج اسراء کے بغیر ہے، بلکہ کسی راوی نے واقعہ مختصر کردیا ہے۔
امام بخاری ؒ اس بات کے قائل ہیں کہ جس رات میں نماز فرض ہوئی اس رات میں بیت المقدس تک اسراء بھی ہے اورعالم بالا تک معراج بھی ہواہے۔
اگرچہ اسرا اورمعراج دوالگ الگ چیزیں ہیں، یعنی مکے سے بیت المقدس تک کاسفر اسراکہلاتا ہے اور بیت المقدس سے عالم بالا کے سفر کو معراج کہا جاتا ہے۔
امام بخاری ؒ کی تحقیق یہ ہے کہ دونوں سفر ایک ہی رات سے متعلق ہیں، چنانچہ عنوان سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ اسراء کی رات نماز کیسے فرض ہوئی؟ حالانکہ روایت میں اسراء کا ذکر نہیں ہے، لیکن اسراء کا واقعہ بھی اسی رات میں بحالت بیداری پیش آیا۔
واللہ أعلم۔
3۔
اس روایت سے امام بخاریؒ کامقصود صرف یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس رات کو امت پر پچاس نمازیں فرض فرمادیں جو بندے اور آقا کے درمیان مناجات کا ذریعہ ہیں، چنانچہ آپ بے چون چرا اس تحفے کو لے کر واپس ہوئے۔
آپ نے یہ خیال نہیں کیا کہ پچاس نمازیں کی طرح ادا ہوں گی، کیونکہ آپ مقام عبدیت میں ہیں، عبودیت کامل تھی جس کا تقاضا تھا کہ جو چیز آقا کی طرف سے عطا کی جائے، اسے بلاچون وچرا قبول کیاجائے۔
ان پچاس نمازوں کی فرضیت میں رسول اللہ ﷺ کی عظمت کی طرف بھی اشارہ ہے، کیونکہ بندوں پر اللہ کی سب سے بڑی نعمت نماز ہے۔
جس قدر یہ نعمت زیادہ ہوگی، اس قدر شان نمایاں ہوگی۔
دوسری روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ نوبار اپنے رب کے حضور آمدروفت سے پچاس نمازوں میں سے پانچ رہ گئیں۔
ایک مرتبہ میں ہی تخفیف کرکے پانچ کی جاسکتی تھیں، مگر اس صورت میں آپ کی شان محبوبیت کا اظہار نہ ہوتا۔
بار بار حاضری کا موقع دیا جارہا ہے، آخر میں فرمادیا کہ اب نمازیں پانچ ہیں۔
وہ پانچ رہتے ہوئے بھی پچاس ہی ہیں۔
چونکہ قرآنی ضابطے کے مطابق ایک نیکی کااجر دس گنا ہے، اس لیے پانچ نمازیں اداکرنے سے پچاس ہی کا ثواب لکھاجاتاہے۔
(فتح الباري: 600/1)
4۔
آخری مرتبہ پانچ نمازیں رہ جانے کے بعد رسول اللہ ﷺ نے واپس جانے کی جو وجہ ظاہر کی ہے وہ یہ کہ اب مجھے اپنے رب سے درخواست پیش کرنے میں شرم آرہی ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے پانچ پانچ کی تخفیف سے یہ اندازہ لگالیاتھا کہ اگر پانچ رہ جانے کے بعد بھی درخواست کریں گے تو اس کا مفہوم یہ ہوگا کہ باقی ماندہ پانچ نمازیں بھی بالکل معاف کردی جائیں جس کا حاصل یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے عطیے کو واپس کیا جارہا ہے جو کسی حال میں مناسب نہیں تھا، اس لیے رسول اللہ ﷺ نے اسے پسند نہ کیا۔
اس کے علاوہ رسول اللہ ﷺ کو یقین ہوگیا تھا کہ ہربار میں جو باقی حکم رہ گیا ہے وہ حتمی اور آخری فیصلہ نہیں، لیکن آخری بار میں پانچ نمازوں کے ساتھ فرمادیاتھا کہ میرے ہاں قول وفیصلہ کی الٹ پلٹ نہیں ہوتی، اس سے آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ اب آخری اور حتمی فیصلہ ہوچکاہے، اب تخفیف کی درخواست کرنا مناسب نہیں۔
(فتح الباري: 600/1)
5۔
حدیث میں ہے کہ معراج میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے رسول اللہ ﷺ کو تین چیزیں عطا کی گئیں:
پانچ نمازیں، سورہ بقرہ کی آخری آیات اوربشرط عدم شرک کبائر کی مغفرت۔
(صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 431 (173)
پانچ نمازوں کی عطا سے مراد ان کی فرضیت ہے۔
سورہ بقرہ کی آخری آیات (آمَنَ الرَّسُولُ)
سے ختم سورت تک ان آیات میں اس اُمت کے لیے اللہ تعالیٰ کی کمال رحمت، تخفیف احکام، بشارت مغفرت اور کافروں کے مقابلے میں نصرت کابیان ہے۔
اس عطا سے مراد عطائے مضمون ہے، کیونکہ نزول کے لحاظ سے تو تمام سورہ بقرہ مدنی ہے اور معراج مکرمہ میں ہوئی ہے۔
یہ بھی ممکن ہے کہ شب معراج میں بلاواسطہ یہ آیات رسول اللہ ﷺ پر نازل ہوئی ہوں، پھر جب حضرت جبرئیل علیہ السلام کے واسطے سے مدینہ منورہ میں نازل ہوئیں تومصحف میں لکھی گئیں۔
کبائر معاصی کی مغفرت کا مطلب یہ نہیں کہ موحدین اہل کبائر کو قیامت کے دن عذاب ہی نہیں ہوگا، کیونکہ یہ بات تو اجماع اہل سنت کےخلاف ہے، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ کفار ومشرکین کی طرح امت کے اہل کبائر ہمیشہ جہنم میں نہیں رہیں گے، بلکہ انھیں آخر کار جہنم سے نکال لیا جائےگا۔
واللہ أعلم۔
نوٹ:
۔
اسراء اورمعراج کے متعلق دیگرمباحث کتاب احادیث الانبیاء حدیث: 3342۔
میں بیان ہوں گے۔
بإذن اللہ
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 349
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3430
3430. حضرت مالک بن صعصعہ ؓسے روایت ہےکہ نبی کریم ﷺ نے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم أجمعین کو شب معراج کا واقعہ بیان فرمایا: ”جب حضرت جبرئیل ؑ اوپر چڑھے حتیٰ کہ وہ دوسرے آسمان پر آئے، پھر دروازہ کھولنے کے لیے کہا گیا تو پوچھا گیا: یہ کون ہے؟ کہا: میں جبریل ہوں۔ پھر پوچھاگیا: تمہارے ساتھ کون ہے؟ انھوں نے کہا: حضرت محمد ﷺ ہیں۔ دریافت کیا گیا: کیا انھیں (آپ ﷺ کو) بلایا گیا تھا؟ کہا: جی ہاں۔ (رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:)پھر جب میں وہاں پہنچا تو حضرت یحییٰ ؑ اور حضرت عیسیٰ ؑ وہاں موجود تھے۔ یہ دونوں آپس میں خالہ زاد بھائی ہیں۔ حضرت جبریل ؑ نے بتایا کہ یہ یحییٰ اور عیسیٰ ؑ ہیں، آپ انھیں سلام کریں۔ میں نے انھیں سلام کیا تو انھوں نے جواب دیا۔ پھر ان دونوں نے فرمایا: ”اے نیک سیرت بھائی اور خوش خصال نبی! خوش آمدید۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:3430]
حدیث حاشیہ:
1۔
اس حدیث میں حضرت یحییٰ ؑ کا ذکر خیر ہے۔
اسی منابت سے امام بخاری ؒنے اسے بیان کیا ہے۔
2۔
حضرت عیسیٰ ؑ کی والدہ حضرت مریم ؑ اورحضرت یحییٰ کی والدہ حضرت ایشاع بنت حنا ہیں۔
یہ دونوں مادری بہنیں ہیں، اس بنا پر یہ دونوں آپس میں خالہ زاد بھائی ہیں۔
یہ قرابت ہی ان دونوں کے دوسرے آسمان میں اکٹھے رہنے کا سبب بنی ہے۔
حضرت زکریا ؑ نے حضرت مریم ؑ کی کفالت کی تھی، قرابت داری کے علاوہ روحانی تعلق بھی تھا، اس لیے حضرت ذکریا، ان کے لخت جگر حضرت یحییٰ ؑ نیز حضرت مریم ؑ اور ان کے جگرگوشے حضرت عیسیٰ ؑ کا قرآن میں یکجا ذکر آتا ہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3430
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3570
3570. شریک بن عبداللہ بن ابو نمرہ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ میں نے حضرت انس ؓ سے سنا، انھوں نے ہمیں اس رات کاحال بیان کیا جس میں نبی کریم ﷺ کو مسجدحرام(بیت اللہ شریف) سے سیرکرائی گئی تھی۔ آپ کے پاس وحی آنے سے پہلے تین شخص آئے جبکہ آپ مسجد حرام میں محو استراحت تھے۔ ان تینوں میں سے ایک نے کہا: وہ کون شخص ہیں؟دوسرے نے کہا: وہی جو ان سب سے بہتر ہیں۔ تیسرے نے کہا، جو آخر میں تھا: ان سب سےبہتر کو لے چلو۔ اس رات اتنی ہی باتیں ہوئیں۔ آپ نے ان لوگوں کو دیکھا نہیں یہاں تک کہ وہ کسی دوسری رات پھر آئے بایں۔ حالت کہ آپ کا دل بیدار تھا کیونکہ نبی کریم ﷺ کی آنکھیں سو جاتی تھیں لیکن آپ کا دل نہیں سوتا تھا بلکہ تمام انبیاء ؑ کا ہی حال تھا کہ ان کی آنکھیں سوجاتی تھیں لیکن ان کے دل نہیں سوتے تھے۔ پھر حضرت جبرئیل ؑ نے اپنے ذمہ یہ کام لیا اور وہ آپ ﷺ کو آسمان کی طرف چڑھا کرلے۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:3570]
حدیث حاشیہ: 1۔
اس حدیث سے مقصود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک وصف ثابت کرنا ہے جو آپ کو عام لوگوں سے ممتاز کرتا ہے۔
وہ وصف یہ ہے کہ آپ کی آنکھیں سوجاتی تھیں لیکن دل بیدار رہتا تھا۔
اس وصف میں دوسرے انبیائے کرام ؑ آپ کے شریک ہیں،یعنی ان کی آنکھیں سوجاتی تھیں لیکن دل بیداررہتے تھے جیسا کہ دوسری حدیث میں اس بات کی صراحت ہے۔
2۔
اس وصف پر ایک مشہور اعتراض ہے کہ اگر نیند کی حالت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دل بیدار رہتا تھا تو لیلة التعریس میں آپ کی نماز فجر کیوں قضا ہوگئی تھی؟اس کا جواب حسب ذیل ہے:
۔
طلوع شمس کا تعلق آنکھ سے ہے کیونکہ یہ محسوسات سے ہےمعقولات کا تعلق دل سے ہوتا ہے اور دل محسوسات کا ادراک نہیں کرتا، اس لیے طلوع آفتاب کاآپ کو پتہ نہ چل سکا۔
۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو امور شرعیہ کے اجراء کے لیے نسیان طاری ہوتا تھا جیسا کہ آپ متعدد مرتبہ نماز میں بھولے تھے۔
لیلۃ تعریس میں صبح کی نماز کا فوت ہونا بھولنے کے باعث تھا جیسا کہ بیداری کی حالت میں بھولنے سے نماز فوت ہوجاتی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے آپ کو نیند کی حالت میں بھی بھلوادیا تاکہ قضا کا حکم جاری ہو۔
اس سے معلوم ہواکہ لیلۃ التعریس میں نماز صبح کے فوت ہوجانے میں یہ حکمت تھی کہ نماز کی قضا کا حکم مشروع ہو۔
نسیان کا طاری ہونا اس کا سبب تھا۔
واللہ اعلم۔
3۔
واضح رہے کہ لیلۃ التعریس سے مراد وہ رات ہے جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ڈیوٹی لگا کر سوگئے لیکن حضرت بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو بھی نیند نے آلیا،وہ بھی بیدارنہ ہوسکے۔
جب دن چڑھ آیا تودھوپ کی شدت سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھ کھلی تو آپ نے وہاں سے کچھ آگے جاکر نماز فجر ادا کی۔
(صحیح البخاري، مواقیت الصلاة، حدیث: 595)
۔
قند مکرر:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حسن وجمال کی جھلک دیکھنے والوں نے آپ کے خنداں رخ انور،حسین وجمیل قدوقامت،بے مثال خدوخال،بے نظیر چال ڈھال،باوقار وپرکشش وجاہت،وشخصیت کا جو عکس الفاظ کے پیرائے میں ہم تک پہنچایا ہے وہ ایک ایسے انسان کا تصور دلاتاہے جو ذہانت وفطانت،صبرواستقامت،شجاعت وسخاوت،امانت ودیانت،فصاحت وبلاغت،جمال ووقار،انکسار وتواضع اورعالی ظرفی وفرض شناسی جیسے اوصاف حمیدہ سے متصف تھا۔
ہم چاہتے ہیں کہ حضرت ام مبعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دل پذیر حلیہ مبارک جن الفاظ سے بیان کیا ہے ان کا ترجمہ صاحب"الرحیق المختوم" کی زبانی قدرے تصرف کے ساتھ ہدیہ قارئین کریں۔
ان کا جامع تذکرہ پیش خدمت ہے:
"چمکتا رنگ،تابناک چہرہ،نہ اتنے نحیف ونزار کہ دیکھنے میں عیب دار لگیں اور نہ اس قدر بھاری بھرکم کہ توند نکلی ہوئی ہوخوبصورت ساخت،جمال جہاں تاب کے ساتھ ڈھلا ہواپیکر،سرمگیں آنکھیں،دراز پلکیں،بھاری آواز،چمکدار اور لمبی گردن،گھنی ڈاڑھی،باریک اور باہم پیوستہ ابرو،خاموش ہوں تو باوقار،گفتگو کریں تو گویا منہ سے پھول جھڑیں،دورسے دیکھنے میں سب سے زیادہ تابناک اور پرجمال،قریب سے دیکھیں تو سب سے خوبصورت اور شیریں ادا،گفتگو میں چاشنی،بات واضح اوردوٹوک،نہ مختصر نہ فضول،انداز ایسا کہ لڑی سے موتی جھڑرہے ہیں،درمیانہ قد،نہ پست قامت کہ نگاہ میں نہ جچے،نہ زیادہ لمبا کہ ناگوار لگے،دوشاخوں کے درمیان ایسی شاخ کی طرح جو انتہائی تروتازہ اور خوش منظر لگے،رفقاء آپ کے گردحلقہ بنائے ہوئے کچھ فرمائیں توتوجہ سے سنتے ہیں،کوئی حکم دیں تولپک کر بجالاتے ہیں،مطاع ومکرم،نہ ترش روا اورنہ یاوہ گو۔
(المستدرك للحاکم: 9/3) علامہ ابن کثیر ؒ کہتے ہیں:
ام معبد رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا واقعہ کئی ایک طرق سے مروی ہے جو ایک دوسرے کی تقویت کا باعث ہیں۔
واللہ أعلم۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3570
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7517
7517. سیدنا انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے وہ واقعہ بیان کیا جس رات رسول اللہ ﷺ کو مسجد کعبہ سے اسراء کے لیے لے جایا گیا تھا۔ وحی آنے سے پہلے آپ ﷺ کے پاس تین فرشتے آئے جبکہ آپ مسجد حرام میں سوئے ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک نے پوچھا: وہ کون ہیں؟ دوسرے نے جواب دیا: ان میں جو سب سے بہتر ہیں۔ تیسرے نے کہا: ان میں جو بہتر ہے اسے لے لو۔ اس رات تو اتنا ہی واقعہ پیش آیا۔ آپﷺ نے اس کے بعد انہیں نہیں دیکھا حتیٰ کہ وہ دوسری رات آئے جبکہ آپ کا دل دیکھ رہا تھا اور آپ کی آنکھیں سو رہی تھیں لیکن دل نہیں سو رہا تھا۔ حضرات انبیاء ؑ کا یہی حال ہوتا ہے کہ ان کی آنکھیں سوتی ہیں لیکن ان کے دل بیدار رہتے ہیں چنانچہ انہوں نے آپ ﷺ سے کوئی بات نہ کی بلکہ آپ کو اٹھا کر چاہ زمزم کے پاس لے آئے۔ پھر جبرئیل ؑ نے آپ سے متعلقہ کام لیا، اس نے آپ کے گلے سے لے کر۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:7517]
حدیث حاشیہ:
1۔
اس حدیث میں ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام ساتویں آسمان میں تھے اور انھیں یہ فضیلت اللہ تعالیٰ سے شرف ہم کلامی کی وجہ سے ملی۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس طویل حدیث کے مذکورہ ٹکڑے سے عنوان ثابت کیا ہے دراصل اس فضیلت کی وجہ سے موسیٰ علیہ السلام نے کہا تھا۔
”اے میرے رب! مجھے گمان نہ تھا کہ کوئی مجھ سے زیادہ بلندی پر پہنچے گا۔
“ قرآن مجید کی صراحت کے مطابق حضرت موسیٰ علیہ السلام سے اللہ رب العزت جب ہم کلام ہوا تو انھوں نے مطالبہ کیا۔
”میرے رب! مجھے اپنا آپ دکھلا دیجیے کہ میں ایک نظر تجھے دیکھ سکوں۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
”تو مجھے ہر گز نہیں دیکھ سکے گا البتہ اس پہاڑ کی طرف دیکھ اگر یہ اپنی جگہ پر برقرار رہا توتو بھی مجھے دیکھ سکے گا۔
پھر جب اس کے رب نے پہاڑ پر تجلی کی تو اسے ریزہ ریزہ کر دیا اور موسیٰ غش کھا کر گر پڑے۔
پھر جب انھیں کچھ افاقہ ہوا تو کہنے لگے۔
تیری ذات پاک ہے۔
میں تیرےحضور توبہ کرتا ہوں۔
“ (الاعراف 7/143)
پھر اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
”اے موسیٰ علیہ السلام! میں نے تجھے اپنی رسالت اور ہم کلامی کے لیے تمام لوگوں پر چن لیا ہے۔
“ (الأعراف: 144)
یعنی اگر دیددار نہیں ہو سکا تو اور تھوڑی نعمتیں اور فضیلتیں تمھیں عطا کی ہیں اپنا رسول بنایا براہ راست ہم کلامی کا شرف بخشا اور تمام جہانوں میں سے تمھیں منتخب کیا لہٰذا میری طرف سے آنے والے شرعی احکام پر اچھی طرح عمل کرو اور مذکورہ نعمتوں پر میرا شکر ادا کرتے رہو۔
2۔
بہر حال امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصود یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ماضی حال اور مستقبل بلکہ ہر آن صفت کلام سے متصف ہے۔
اللہ تعالیٰ جب چاہےجس سے چاہے جیسے چاہے ہم کلام ہونے پر قادر ہے۔
اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے حقیقی کلام کیا جو آواز و حروف پر مشتمل تھا جبکہ حضرت موسیٰ علیہ السلام زمین پر تھے۔
اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی اللہ تعالیٰ ہم کلام ہوا جبکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آسمانوں پر تھے اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس طرح کلام کیا اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
”اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم! آپ نے عرض کی:
میں حاضر ہوں اس حاضری میں میری سعادت ہے اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
”میرے ہاں وہ قول بدلا نہیں جاتا جیسا کہ میں نے تم پر ام الکتاب میں فرض کیا ہے۔
“ مزید فرمایا:
ہر نیکی کا ثواب دس گنا ہے لہٰذا یہ ام الکتاب میں پچاس نمازیں ہیں مگر تم پر فرض پانچ ہی ہیں۔
“ حدیث کے اس حصے میں صراحت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے بلا واسطہ گفتگو فرمائی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کا کلام سنا اور اللہ تعالیٰ نے آپ کو یا محمد کہہ کر خطاب کیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ اعزاز آسمانوں پر ملا ہے۔
3۔
حضرت شریک سے مروی اس حدیث پر بہت سے اعتراضات کیے گئے ہیں ان کے جوابات طوالت کا باعث ہیں استاذ محترم شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الغنیمان نے انھیں کتاب التوحید کی شرح میں نقل کیا ہے۔
اس کا مطالعہ مفیدرہے گا۔
(شرح کتاب التوحید للغنیمان: 443/1، 464)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7517