كتاب الفرائض عن رسول الله صلى الله عليه وسلم کتاب: وراثت کے احکام و مسائل 15. باب مَا جَاءَ فِي إِبْطَالِ الْمِيرَاثِ بَيْنَ الْمُسْلِمِ وَالْكَافِرِ باب: مسلمان اور کافر کے درمیان وراثت باطل ہونے کا بیان۔
اسامہ بن زید رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مسلمان کافر کا وارث نہیں ہو گا اور نہ کافر مسلمان کا وارث ہو گا“ ۱؎۔
تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/المغازي 48 (4283)، والفرائض 26 (6764)، صحیح مسلم/الفرائض 1 (1614)، سنن ابی داود/ الفرائض 10 (2909)، سنن ابن ماجہ/الفرائض 6 (2730) (تحفة الأشراف: 113) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: اس حدیث سے معلوم ہوا کہ مسلمان کسی مرنے والے کافر رشتہ دار کا وارث نہیں ہو سکتا اور نہ ہی کافر اپنے مسلمان رشتہ دار کا وارث ہو گا، جمہور علماء کی یہی رائے ہے۔ قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (2729)
اس سند سے بھی اسامہ رضی الله عنہ سے ایسی ہی روایت ہے۔
۱- یہ حدیث حسن صحیح ہے، ۲- معمر اور کئی لوگوں نے زہری سے اسی جیسی حدیث روایت کی ہے، مالک نے اسے «عن الزهري عن علي بن حسين عن عمر بن عثمان عن أسامة بن زيد عن النبي صلى الله عليه وسلم» کی سند سے اسی جیسی حدیث روایت کی ہے، مالک کی روایت میں وہم ہے اور یہ وہم مالک سے سرزد ہوا ہے، بعض لوگوں نے اس حدیث کی مالک سے روایت کرتے ہوئے «عن عمرو بن عثمان» کہا ہے، جب کہ مالک کے اکثر شاگردوں نے «مالك عن عمر بن عثمان» کہا ہے، ۳- اور عمرو بن عثمان بن عفان مشہور ہیں، عثمان کے لڑکوں میں سے ہیں اور عمر بن عثمان معروف آدمی نہیں ہیں، ۴- اس باب میں جابر اور عبداللہ بن عمرو رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں، ۵- اہل علم کا اسی حدیث پر عمل ہے، ۶- بعض اہل علم نے مرتد کی میراث کے بارے میں اختلاف کیا ہے، اکثر اہل علم صحابہ اور دوسرے لوگ اس بات کے قائل ہیں کہ اس کا مال اس کے مسلمان وارثوں کا ہو گا، ۷- بعض لوگوں نے کہا ہے: اس کے مسلمان وارث اس کے مال کا وارث نہیں ہوں گے، ان لوگوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم (کی اسی حدیث) «لا يرث المسلم الكافر» یعنی ”مسلمان کافر کا وارث نہیں ہوتا ہے“ سے استدلال کیا ہے شافعی کا یہی قول ہے۔ تخریج الحدیث: «انظر ماقبلہ (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (2729)
|