عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”دنیا ساری کی ساری پونجی ہے (برتنے کی چیز ہے)۱؎ لیکن ساری دنیا میں سب سے بہترین (قیمتی) چیز نیک و صالح عورت ہے“۔
وضاحت: ۱؎: یعنی دنیا مطلوب بالذات نہیں ہے، صرف فائدہ اٹھانے کی جگہ ہے، اس لیے اس سے صرف حسب ضرورت فائدہ اٹھایا جائے۔
تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/الرضاع 17 (1467)، سنن ابن ماجہ/النکاح 5 (1855)، (تحفة الأشراف: 8849)، مسند احمد (2/168) (صحیح)»
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث3234
اردو حاشہ: دنیا بذات خود مقصود نہیں اور نہ یہ باقی ہی رہنے والی ہے بلکہ وقتی فائدے کے لیے ہے۔ دنیا میں سے بہترین چیز نیک عورت ہے کیونکہ خاوند کا بیوی کے ساتھ ہر وقت کا تعلق ہے۔ اگر وہ اچھی ہے تو پوری دنیوی زندگی امن وسکون سے گزرے گی۔ اور اگر عورت اچھی نہ ہوئی تو ہر وقت جھگڑا رہے گا، پریشانی کا دور دورہ ہوگا اور زندگی اجیرن بن جائے گی۔ أعاذنا اللہ منھا
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3234
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1855
´بہترین عورت کا بیان۔` عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”دنیا متاع (سامان) ہے، اور دنیا کے سامانوں میں سے کوئی بھی چیز نیک اور صالح عورت سے بہتر نہیں ہے۔“[سنن ابن ماجه/كتاب النكاح/حدیث: 1855]
اردو حاشہ: فوائدو مسائل:
(1) دنیا کی چیزں سے حلال طریقے سے فائدہ حاصل کرنا جائز ہے۔ ترک دنیا جائز نہیں۔
(2) دنیا کی چیزیں اس انداز سے استعمال کرنی چاہیيں کہ آخرت میں فائدہ حاصل ہو۔ نیک عورت ایک بڑی نعمت ہے کیونکہ وہ دنیا کے معاملات میں بھی اچھی مشیر ثابت ہوتی ہے، اچھی شریک حیات ہوتی ہے اور آخرت کے معاملات میں بھی خاوند سے تعاون کرتی ہے۔ اس طرح دونوں کو بلند درجات حاصل ہو جاتے ہیں۔ نیک مرد بھی عورت کے لیے ایک ایسی ہی نعمت ہے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1855
الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:1206
1206- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: ایک شخص نے کسی انصاری خاتون کے ساتھ شادی کرنے کا ارادہ کیا، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم اسے دیکھ لو، کیونکہ انصار کی خواتین کی آنکھوں میں کچھ ہوتا ہے۔“ امام حمیدی رحمتہ اللہ علیہ کہتے ہیں: یعنی وہ کچھ چھوٹی ہوتی ہیں۔ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1206]
فائدہ: اس حدیث سے ثابت ہوا کہ جب کسی عورت سے منگنی کا عزم مصمم ہو، گھر والے اس رشتے پر راضی ہوں تو لڑکا منگنی سے پہلے ایک دفعہ اس لڑکی کو دیکھ سکتا ہے، افسوس کی بات ہے کہ بے غیرتی کی انتہا ہوگئی ہے۔
مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1204
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 3649
حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہما بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”دنیا متاع ہے (چند روزہ سامان ہے) اور دنیا کا بہترین متاع (فائدہ بخش سامان) نیک عورت ہے۔“[صحيح مسلم، حديث نمبر:3649]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: علامہ تقی عثمانی نے مختلف احادیث کی روشنی میں عورت میں مطلوبہ صفات مندرجہ ذیل ذکر کی ہیں: 1۔ دین دار ہو۔ 2۔ حسب ونسب والی ہو۔ 3۔ کنواری ہو۔ 4۔ پیارومحبت کرنے والی بچے جننے والی ہو۔ 5۔ امور خانہ داری کا سلیقہ رکھتی ہو۔ 6۔ خاوند کی اطاعت گزار اور فرمانبردار ہو۔ 7۔ پاکدامن ہو۔ 8۔ حسن وجمال سے متصف ہو۔ 9۔ بہت زیادہ غیرت مند ہو۔ 10۔ سادہ مزاج ہو تکلفات کی رسیا نہ ہو، اس سے نکاح کے لیے مشقت وکلفت نہ اٹھانی پڑے۔ احادیث کے لیے دیکھئے (تکملہ ج1ص 120۔ 121)