الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 4895
´تواضع (خاکساری) کا بیان۔`
عیاض بن حمار رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ نے مجھ کو وحی کی ہے کہ تم لوگ تواضع اختیار کرو یہاں تک کہ تم میں سے کوئی کسی پر زیادتی نہ کرے اور نہ کوئی کسی پر فخر کرے۔“ [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 4895]
فوائد ومسائل:
سبھی احادیثِ نبویہ اللہ عزوجل کی جانب سے وحی کا حصہ ہیں۔
ارشادِ باری تعالی ہے: (وَمَا يَنْطِقُ عَنِ الْهَوَى، إِنْ هُوَ إِلَّا وَحْيٌ يُوحَى) (النجم:3ـ4) آپ ﷺ اپنی خوہش سے نہیں بولتے، مگر سب وحی ہوتا ہے، تو بعض فرامین میں اس قسم کے جملوں کا اضافہ کہ اللہ نے مجھے وحی کی ہے، وہ اس مضمون کی اہمیت اور تاکید کے پیش ِ نظر ہوتا ہے اور ایسی احادیث کو احادیثِ قدسیہ کہا جاتا ہے۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4895