ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے کہ اللہ کے رسول ابوالقاسم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی اپنی قسم پر اصرار کرے، تو وہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک اس کفارے سے زیادہ گنہگار ہو گا، جس کی ادائیگی کا اسے حکم دیا گیا ہے“۱؎۔
وضاحت: ۱؎: کفارہ ہمیشہ گناہ کا ہوتا ہے، تو قسم کا توڑنا بھی ایک گناہ ہے، اس لئے کہ اس میں اللہ کے نام کی بے حرمتی ہے، اسی کے نام پر کفارہ مقرر ہوا ہے، لیکن بری قسم کا نہ توڑنا، توڑنے سے زیادہ گناہ ہے۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 14798)، وقد أخرجہ: صحیح البخاری/الأیمان 1 (6625)، صحیح مسلم/الأیمان 6 (1655)، مسند احمد (2/278، 317) (صحیح)»
It was narrated that Hammam heard Abu Hurairah saying that 'Abul-Qasim (ﷺ) said:
"If anyone of you insists on fulfilling what he swore to (after learning that it is wrong) then it is more sinful before Allah than (breaking the oath for which) the expiation that has been enjoined upon him."
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث2114
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) قسم پر اصرار کرنے کا مطلب ایسی قسم پوری کرنے کا عزم ہے جو کسی گناہ یا مکروہ کام پر مشتمل ہو۔ ایسی قسم کو توڑ کر کفارہ ادا کرنا ضروری ہے (2) بری بات پر قسم کھا کر اس پر قائم رہنا بھی گنا ہے، اس لیے بہتر ہے قسم توڑنے کا گناہ کر لیا جائے کیونکہ وہ کفارہ ادا کرنے سے معاف ہو جائے گا جبکہ غلطی پر قائم رہنے سے گناہ بڑھتا چلا جائے گا۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2114
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6626
6626. حضرت ابو ہریرہ ؓ ہی سے روایت ہے انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جو شخص اپنے گھر والوں کے معاملے میں قسم پر اڑا رہے اور بہت گناہ گار ہے۔ اسے چاہیے کہ وہ نیکی کرے“ یعنی قسم توڑ کر اس کا کفارہ ادا کر دے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6626]
حدیث حاشیہ: اس میں یہ اشارہ ہےکہ غلط قسم پر اڑے رہنا کوئی عمدہ کام نہیں ہے بلکہ اسے توڑ کر اس کا کفارہ ادا کر دینا یہ ہی بہتر ہے ذیل کی احادیث میں بھی یہی مضمون بیان ہوا ہے۔ قسم کھانے میں غور واحتیاط کی بہت ضرورت ہے اور قسم صرف اللہ کے نام کی کھانی چاہیے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6626
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6626
6626. حضرت ابو ہریرہ ؓ ہی سے روایت ہے انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جو شخص اپنے گھر والوں کے معاملے میں قسم پر اڑا رہے اور بہت گناہ گار ہے۔ اسے چاہیے کہ وہ نیکی کرے“ یعنی قسم توڑ کر اس کا کفارہ ادا کر دے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6626]
حدیث حاشیہ: (1) اگر کسی کے قسم پر قائم رہنے سے اس کے اہل خانہ کو نقصان ہو اور وہ اس سے پریشان ہوں تو وہ اپنی قسم پر اصرار نہ کرے بلکہ قسم توڑ کر اس کا کفارہ دے دے۔ اسے یہ گمان نہیں کرنا چاہیے کہ قسم پر اڑے رہنا نیکی ہے۔ ایسے حالات میں قسم توڑ دی جائے تاکہ اس کے گھر والے ضرر اور نقصان سے محفوظ رہیں۔ اگر وہ کہے کہ میں قسم نہیں توڑتا کیونکہ مجھے اس اقدام سے گناہ کا خوف ہے تو وہ غلطی پر ہے۔ واللہ أعلم۔ (2) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ اہل خانہ کا ذکر اتفاقی ہے اگر یہی علت دوسروں میں پائی جائے تو ان کے لیے بھی یہی حکم ہے کہ قسم کو توڑ کر اس کا کفارہ دے دیا جائے۔ (فتح الباري: 635/11)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6626