سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ”جب تم میں سے کوئی شخص نماز پڑھ لے پھر اپنی اسی جگہ میں بیٹھا رہے جس میں اُس نے نماز پڑھی تھی تو فرشتے مسلسل اُس کے لئے رحمت کی دعائیں مانگتے رہتے ہیں۔ «اللَّهُمَّ اغْفِرْ لَهُ اللَّهُمَّ ارْحَمْهُ» ”اے اللہ، اسے بخش دے، اے اللہ، اس پر رحم فرما“(فرشتے یہ دعائیں مسلسل کرتے رہتے ہیں) جب تک وہ بے وضو نہیں ہو جاتا۔“ یہ ابن فضیل کی حدیث ہے۔ اور ابن وہب کی حدیث میں یہ الفاظ ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب کوئی مسلمان شخص نماز پڑھنے کے بعد اپنی نماز گاہ میں بیٹھ جاتا ہے تو فرشتے اس کا وضو ٹوٹنے یا اس کے کھڑے ہونے تک مسلسل اُس کے لئے دعائیں کرتے رہتے ہیں۔“(اے اﷲ، اسے معاف فرما دے، اے اﷲ، اس پر رحم فرما۔)