سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس رات کو گفتگو کیا کرتی تھی جبکہ آپ اعتکاف بیٹھے ہوتے تھے اور بعض اوقات راوی نے یہ الفاظ بیان کیے ہیں، وہ فرماتی ہیں کہ میں شب بیداری کرتی تھی۔ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ اس روایت کا میرے دل میں کوئی مقام ومرتبہ نہیں ہے۔ اور یہ منکر روایت ہے اور اگر میں نے معتکف شخص کے لئے رات کی گفتگو کے جواز کے لئے سیدہ صفیہ رضی اللہ عنہا کی حدیث میں سے استدلال نہ کیا ہوتا تو اس روایت کے لئے اپنی شرط کے مطابق باب نہ باندھتا۔ کیونکہ یہ روایت اُن روایات میں سے نہیں ہے کہ جن سے دلیل لینا جائز ہے مگر یہ کہ سیدہ صفیہ رضی اللہ عنہا کی حدیث میں اس سے کفایت ہے۔ سیدہ صفیہ رضی اللہ عنہا کی روایت صحیح ثابت ہے۔ اور اس میں یہ دلیل موجود ہے کہ بیوی اپنے خاوند سے رات کے وقت اس کے اعتکاف میں گفتگو کرسکتی ہے اور یہی سمر (شب گوئی) ہے۔