امام صاحب فرماتے ہیں کہ یہ الفاظ روزے دار کے لئے سینگی لگوانے کی رخصت ہے۔ سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ کے الفاظ ہیں جو حدیث میں اضافہ کر دیئے گئے ہیں اور یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے الفاظ نہیں ہیں۔ شاید کہ تعتمر راوی نے یہ حدیث اپنے حافظے سے بیان کی ہو تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث میں ان الفاظ کا اندراج ہوگیا ہو یا انہوں نے حدیث بیان کرتے ہوئے یہ الفاظ کہے ہوں کہ سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ روزے دار کو سینگی لگوانے کی رخصت دی گئی ہے۔ تو شاگردوں نے سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ نے فرمایا کے الفاظ اچھی طرح لکھے نہ ہوں، اس طرح حدیث میں ان الفاظ کا اضافہ ہوگیا۔