(مرفوع) حدثنا النفيلي، حدثنا عيسى يعني ابن يونس، عن سعيد بن ابي عروبة، عن قتادة، عن انس، قال:" رخص رسول الله صلى الله عليه وسلم لعبد الرحمن بن عوف، وللزبير بن العوام في قمص الحرير في السفر من حكة كانت بهما". (مرفوع) حَدَّثَنَا النُّفَيْلِيُّ، حَدَّثَنَا عِيسَى يَعْنِي ابْنَ يُونُسَ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ أَبِي عَرُوبَةَ، عَنْ قَتَادَةَ، عَنْ أَنَسٍ، قَالَ:" رَخَّصَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِعَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ عَوْفٍ، وَلِلزُّبَيْرِ بْنِ الْعَوَّامِ فِي قُمُصِ الْحَرِيرِ فِي السَّفَرِ مِنْ حِكَّةٍ كَانَتْ بِهِمَا".
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عبدالرحمٰن بن عوف اور زبیر بن عوام رضی اللہ عنہما کو کجھلی کی وجہ سے جو انہیں ہوئی تھی سفر میں ریشمی قمیص پہننے کی رخصت دی۔
تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الجھاد 91 (2919)، واللباس 29 (5839)، صحیح مسلم/اللباس 3 (2076)، سنن النسائی/الزینة من المجتمع 38 (5312)، سنن ابن ماجہ/اللباس 17 (3592)، (تحفة الأشراف: 1169)، وقد أخرجہ: سنن الترمذی/اللباس 2 (1722)، مسند احمد (3/127، 180، 215، 255، 273) (صحیح)»
Narrated Anas: The Messenger of Allah ﷺ gave license to Abdur-Rahman bin Awf and al-Zubair bin al-'Awwam to wear silk shirts during a journey because of an itch which they had.
USC-MSA web (English) Reference: Book 33 , Number 4045
قال الشيخ الألباني: صحيح
قال الشيخ زبير على زئي: صحيح بخاري (2919) صحيح مسلم (2076)
علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 418
´لباس کا بیان` سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دوران سفر عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ اور زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ کو ریشمی قمیص پہننے کی اجازت مرحمت فرمائی۔ اس وجہ سے کہ ان کو خارش تھی۔ (بخاری ومسلم) «بلوغ المرام/حدیث: 418»
تخریج: «أخرجه البخاري، اللباس، باب ما يرخص للرجال من الحرير للحكة، حديث:5839، ومسلم، اللباس، باب إباحة لبس الحرير للرجال، حديث:2076.»
تشریح:
راویٔ حدیث: «حضرت زبیر رضی اللہ عنہ» یہ زبیر بن عوام بن خویلد بن اسد قرشی اسدی ہیں جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حواری‘ یعنی قریبی ساتھی تھے۔ آپ کی پھوپھی حضرت صفیہ رضی اللہ عنہا کے لخت جگر اور عشرۂ مبشرہ میں سے تھے۔ غزوات میں اسلام کے جری اور بہادرافراد میں شمار ہوتے تھے۔ جنگ جمل سے واپسی کے بعد ۳۶ ہجری کو شہید کر دیے گئے۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 418
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5312
´ریشم پہننے کی اجازت کا بیان۔` انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عبدالرحمٰن بن عوف اور زبیر بن عوام رضی اللہ عنہما کو کھجلی کی وجہ سے جو انہیں ہو گئی تھی ریشم کی قمیص (پہننے) کی اجازت دی ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الزاينة (من المجتبى)/حدیث: 5312]
اردو حاشہ: (1) مردوں کےلیے بھی بعض حالتوں میں ریشم کا استعمال جائز ہے مثلا: اگر کسی کو خارش ہو تو بطور علاج ریشم کا لباس پہن سکتا ہے۔ (2) یہ حدیث مبارکہ اس بات پر بھی دلالت کرتی ہے کہ شریعت مطہرہ انتہائی آسان ہے نیز اس کے ساتھ ساتھ اس میں ضرورت مند اور مکلف لوگوں کی سہولت کا بھی پورا پورا لحاظ رکھا گیا ہے۔ (3) یہ دوران سفر کا واقعہ ہے اس لیے بعض فقہاء نے خارش کے ساتھ ساتھ سفر کی شرط بھی لگائی ہے کیونکہ گھر میں تو خارش کا اور علاج بھی ممکن ہے۔ لیکن راجح بات یہی ہے کہ بطور علاج بہ حالت اقامت بھی اس کا استعمال جائز ہے۔ واللہ أعلم۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5312
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5313
´ریشم پہننے کی اجازت کا بیان۔` انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے عبدالرحمٰن اور زبیر رضی اللہ عنہما کو ریشم کی قمیص کی اجازت دی اس مرض یعنی کھجلی کے سبب جو انہیں ہو گئی تھی۔ [سنن نسائي/كتاب الزاينة (من المجتبى)/حدیث: 5313]
اردو حاشہ: ریشم کی قمیص پہننے کی اجازت ہے اگر ضرورت محسوس ہو تو ریشم کی شلوار وغیرہ بھی پہن سکتا ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5313
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3592
´جن لوگوں کو ریشم پہننے کی اجازت دی گئی ان کا بیان۔` انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زبیر بن عوام اور عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہما کو اس تکلیف کی وجہ سے جو انہیں کھجلی کی وجہ سے تھی، ریشم کے کرتے پہننے کی اجازت دی۔ [سنن ابن ماجه/كتاب اللباس/حدیث: 3592]
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) ان حضرات کو جوؤں کی تکلیف بھی تھی۔ (صحيح البخاري، الجهاد والسير، باب الحرير، حديث: 2920) ممکن ہے خارش اسی وجہ سے ہو۔
(2) جن جلدی بیماریوں میں دوسرا لباس تکلیف کا باعث ہو اور ریشمی لباس فائدہ مند ہو تو اس صورت میں مردوں کو یہ لباس پہننا جائز ہے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3592
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 5429
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عبدالرحمٰن بن عوف اور زبیر بن عوام رضی اللہ تعالی عنہ کو ایک سفر میں ریشمی قمیص پہننے کی رخصت دی، کیونکہ ان دونوں کو خارش یا کوئی اور تکلیف تھی۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:5429]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: حكة: خارش۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5429
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 5433
حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت عبدالرحمٰن بن عوف اور حضرت زبیر بن عوام رضی اللہ تعالی عنہما نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جوؤں کی شکایت کی تو آپﷺ نے انہیں ایک جنگ میں، ریشمی قمیص پہننے کی اجازت دی۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:5433]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: جوؤں کی بنا پر خارش پیدا ہو گئی تھی، جنگ کا موقعہ تھا، اس لیے آپ نے ریشمی قمیص کی رخصت دے دی۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5433
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2919
2919. حضرت انس ؓسے روایت ہے، انھوں نے بیان کیا کہ نبی کریم ﷺ نے حضرت عبدالرحمان بن عوف ؓ اور حضرت زبیر ؓ کو خارش کی وجہ سے ریشمی قمیص پہننے کی اجازت دی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2919]
حدیث حاشیہ: یہ حدیث لا کر حضرت امام بخاری ؒنے اس کے دوسرے طریق کی طرف اشارہ کیا جو آگے بیان کیا کہ یہ اجازت جہاد میں ہوئی اور ابوداؤد کی روایت میں ہے کہ یہ اجازت سفر میں دی۔ اب دوسری روایت میں اجازت کی علت جوئیں مذکور ہیں اس روایت میں کھجلی۔ دونوں میں تطبیق یوں ہوگی کہ پہلے جوئیں پڑی ہوں گی پھر جوؤں کی وجہ سے کھجلی پیدا ہوگئی ہوگی۔ کہتے ہیں ریشمی کپڑا خارش کو کھودیتا ہے اور جوؤں کو مار ڈالتا ہے (وحیدی)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2919
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5839
5839. حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے حضرت زبیر اور حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ کو خارش کی وجہ سے ریشم پہننے کی اجازت دی تھی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5839]
حدیث حاشیہ: معلوم ہوا کہ ایسی شدید تکلیف کے علاج کے لیے ریشم پہننے کی اجازت ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5839
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5839
5839. حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے حضرت زبیر اور حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ کو خارش کی وجہ سے ریشم پہننے کی اجازت دی تھی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5839]
حدیث حاشیہ: (1) ایک روایت میں ہے کہ جوؤں کی وجہ سے انہیں خارش ہو گئی تھی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں ریشم پہننے کی اجازت دی تھی۔ (صحیح البخاري، الجھاد والسیر، حدیث: 2920) امام بخاری رحمہ اللہ نے اس حدیث پر ایک عنوان ان الفاظ میں قائم کیا ہے: (باب الحرير في الحرب) ”دوران جنگ میں ریشم استعمال کرنا۔ “(2) جنگ کے دوران میں ریشم کا لباس اس لیے استعمال کیا جاتا تاکہ تلوار کا وار، کاری ضرب ثابت نہ ہو، بہرحال خارش یا جوؤں کی وجہ سے اور دوران جنگ میں ریشم کا لباس پہننے کی اجازت ہے، اسی طرح ہر وہ بیماری جس میں ریشم پہننے سے افاقہ ہو جاتا ہو یا گرمی سردی سے بچنے کے لیے اسے استعمال کرنا جائز ہے بشرطیکہ کوئی دوسرا کپڑا نہ مل سکے۔ (فتح الباري: 364/10)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5839