تخریج: «أخرجه أبوداود، الصلاة، باب استحباب الوتر، حديث:1418، والترمذي، الصلاة، حديث:452، وابن ماجه، إقامة الصلوات، حديث:1168، والحاكم:1 /306 وصححه، وأحمد كما في أطراف المسند لابن حجر وجامع المسانيد والسنن لابن كثير، وسقط مسند خارجة بن حذافة من المسند المطبوع، وقال ابن حبان: ((إسناده منقطع ومتنه باطل))، وروي أحمد:6 /7، حديث:34357، بسند صحيح عن رسول الله صلّي الله عليه وسلّم قال:((إن الله زادكم صلاة وهي الوتر، فصلّوها فيما بين العشاء إلي صلاة الفجر)) وحديث عمرو بن شعيب عن أبيه عن جده أخرجه أحمد:181، 206، 208 وسنده ضعيف.»
تشریح:
1. مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے‘ تاہم دیگر محققین نے
«وَھِيَ خَیْرٌ لَکُمْ مِنْ حُمُرِ النَّعَمِ» کے علاوہ باقی روایت کو صحیح قرار دیا ہے جیسا کہ شیخ البانی رحمہ اللہ نے بھی صحیح سنن ابی داود میں اس طرف اشارہ کیا ہے‘ نیز مسند احمد میں بھی حضرت عمرو بن عاص سے اسی مفہوم کی ایک روایت مروی ہے‘ اس میں بھی اس جملے کا ذکر نہیں اور اسے محققین نے صحیح بھی قرار دیا ہے‘ نیز ہمارے فاضل محقق نے بھی تحقیق و تخریج میں اس طرف اشارہ کیا ہے اور اسے صحیح قرار دیا ہے‘ لہٰذا مذکورہ روایت اس جملے کے علاوہ دیگر شواہد کی بنا پر قابل عمل اور قابل حجت ہے۔
مزید تفصیل کے لیے دیکھیے:
(الموسوعۃ الحدیثیۃ مسند الإمام أحمد: ۳۹ /۲۷۱) 2. دوسری حدیث جسے مصنف نے مسند احمد کے حوالے سے ذکر کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسی ہی روایت عمرو بن شعیب عن ابیہ عن جدہ سے بھی مروی ہے‘ تو مسند احمد میں مذکورہ روایت بعینہٖ انھی الفاظ کے ساتھ موجود نہیں بلکہ اس کے الفاظ اس طرح ہیں:
«إنَّ اللّٰہَ عَزّوَجَلَّ قَدْ زَادَکُمْ صَلاَۃً‘ وَھِيَ الْوِتْـرُ» اور محققین نے اسے بھی حسن لغیرہ قرار دیا ہے۔
مزید تفصیل کے لیے دیکھیے:
(الموسوعۃ الحدیثیۃ مسند الإمام أحمد: ۱۱ / ۲۹۲‘ ۲۹۳‘ ۲۹۴)
راویٔ حدیث: «حضرت خارجہ بن حذافہ» خارجہ بن حذافہ رضی اللہ عنہ قرشی اور عدوی ہیں۔
(حذافہ میں ”حا“ پر ضمہ اور ”ذال“ پر تخفیف ہے۔
) یہ اتنے شجاع تھے کہ ایک ہزار سوار کے برابر تھے۔
حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے تین ہزار شہ سواروں کی مدد طلب کی تو انھوں نے اس کے جواب میں تین بہادر و شجاع آدمی بھیج دیے جن میں ایک حضرت زبیر بن عوام‘ دوسرے حضرت مقداد بن اسود اور تیسرے حضرت خارجہ بن حذافہ رضی اللہ عنہم تھے۔
حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ کے کہنے پر مصر کے قاضی بنے۔
۴۰ ہجری میں رمضان المبارک میں شہید ہوئے۔
انھیں ایک خارجی نے حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سمجھ کر شہید کیا تھا کیونکہ خوارج نے حضرت علی‘ حضرت امیر معاویہ اور عمرو بن عاص رضی اللہ عنہم کو بیک وقت قتل کرنے کی سازش کی تھی۔
«عمر و بن شُعَیْب» ابو ابراہیم ان کی کنیت ہے۔
نام عمرو بن شعیب بن محمد بن عبداللہ بن عمرو بن عاص سہمی قرشی مدنی ہے۔
طائف میں رہائش پذیر ہوگئے تھے۔
امام نسائی وغیرہ نے انھیں ثقہ قرار دیا ہے۔
۱۱۸ ہجری میں وفات پائی۔
«شعیب» ثقہ تابعین میں سے تھے۔
کہا جاتا ہے کہ ان کے والد جن کا نام محمد تھا‘ ان کے زمانۂ صغر سنی میں وفات پا گئے تھے ‘ چنانچہ ان کی کفالت ان کے دادا حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ مشہور صحابی نے کی۔
اپنے دادا سے ان کا سماع صحیح ہے‘ لہٰذا یہ اسناد نہ تو مرسل ہے اور نہ منقطع بلکہ متصل ہے اور حسن کے درجے سے کم نہیں ہے۔
ان کے دادا کا تعارف پہلے گزر چکا ہے۔