سیدنا عمران بن حصین رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”گناه و معصیت کی نذر کو پورا نہ کرنا چاہیے اور نہ اس نذر کو پورا کرے جس کا ابنِ آدم کو اختیار (یعنی قدرت) نہیں ہوتا ہے۔“
وضاحت: (تشریح حدیث 2373) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ گناہ کی بات میں نذر نہیں ہے، جیسے کوئی اپنے بچے کو ذبح کرنے یا عید کے دن روزہ رکھنے کی نذر مانے تو ایسی نذر کو پورا کرنا واجب نہیں، اور اہلِ حدیث و حنفیہ کے نزدیک نذرِ معصیت کا کفارہ قسم کا کفارہ ہے، کیونکہ مسلم شریف کی روایت میں وضاحت ہے کہ جو شخص کسی گناہ کی نذر مانے اس کا کفارہ، قسم کا کفارہ ہے۔ شافعیہ کے نزدیک ایسی نذر میں کفارہ نہیں ہے، اور صحیح پہلا قول ہے۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 2382]» اس حدیث کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [مسلم 1641]، [أبوداؤد 3316]، [نسائي 3860]، [ابن ماجه 2124]، [ابن حبان 4391]، [الحميدي 851]