عبدالعزیز بن رفیع نے کہا: میں نے سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ (خادم النبی صلی اللہ علیہ وسلم ) سے عرض کیا: آپ کو یاد ہو تو بتایئے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے آٹھ ذوالحجہ کو ظہر کی نماز کہاں پڑھی تھی؟ فرمایا: منیٰ میں، اور بارہویں ذی الحجہ کو عصر کی نماز کہاں پڑھی تھی؟ بتایا کہ ابطح میں، پھر انہوں نے فرمایا کہ جس طرح تمہارے حکام کرتے ہیں اسی طرح تم کرو۔
وضاحت: (تشریح احادیث 1908 سے 1910) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ حکام و امراء کی اطاعت واجب ہے جب تک کہ ان کا حکم خلافِ شرع نہ ہو۔ ابن منذر رحمہ اللہ نے کہا: سنّت یہ ہے کہ امام ظہر، عصر، مغرب، عشاء اور فجر کی نماز آٹھ تاریخ کو منیٰ میں پڑھے، اور منیٰ کی طرف کسی بھی وقت نکلا جا سکتا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ظہر سے پہلے وہاں پہنچ گئے تھے اور ظہر وہیں پڑھی تھی، کما مر۔ اب اگر امیر یا حاکم کچھ تأخیر سے منیٰ کے لئے روانہ ہو تو اس کی اطاعت اور جماعت کے ساتھ رہنا واجب ہے، کیونکہ یہ سنّت اور مستحب ہے، اور حج میں یوم الترویہ کو تأخیر سے منیٰ پہنچنے پر کوئی حرج نہیں ہے۔ واللہ اعلم۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1914]» یہ روایت صحیح اور حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 1653]، [مسلم 1309]، [أبوداؤد 1912]، [ترمذي 963]، [أبويعلی 4053]، [ابن حبان 3846]، [ابن خزيمه 2796]