الادب المفرد کل احادیث 1322 :حدیث نمبر

الادب المفرد
كتاب
309. بَابُ دَالَّةِ أَهْلِ الإِسْلَامِ بَعْضُهُمْ عَلَى بَعْضٍ
309. اہلِ اسلام کی آپس میں بے تکلفی کا بیان
حدیث نمبر: 739
Save to word اعراب
حدثنا عبدة، قال: حدثنا بقية، قال: حدثنا محمد بن زياد، قال: ادركت السلف، وإنهم ليكونون في المنزل الواحد باهاليهم، فربما نزل على بعضهم الضيف، وقدر احدهم على النار، فياخذها صاحب الضيف لضيفه، فيفقد القدر صاحبها، فيقول: من اخذ القدر؟ فيقول صاحب الضيف: نحن اخذناها لضيفنا، فيقول صاحب القدر: بارك الله لكم فيها، او كلمة نحوها، قال بقية: وقال محمد: والخبز إذا خبزوا مثل ذلك، وليس بينهم إلا جدر القصب، قال بقية: وادركت انا ذلك: محمد بن زياد واصحابه.حَدَّثَنَا عَبْدَةُ، قَالَ: حَدَّثَنَا بَقِيَّةُ، قَالَ: حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ زِيَادٍ، قَالَ: أَدْرَكْتُ السَّلَفَ، وَإِنَّهُمْ لَيَكُونُونَ فِي الْمَنْزِلِ الْوَاحِدِ بِأَهَالِيهِمْ، فَرُبَّمَا نَزَلَ عَلَى بَعْضِهُمُ الضَّيْفُ، وَقِدْرُ أَحَدِهِمْ عَلَى النَّارِ، فَيَأْخُذُهَا صَاحِبُ الضَّيْفِ لِضَيْفِهِ، فَيَفْقِدُ الْقِدْرَ صَاحِبُهَا، فَيَقُولُ: مَنْ أَخَذَ الْقِدْرَ؟ فَيَقُولُ صَاحِبُ الضَّيْفِ: نَحْنُ أَخَذْنَاهَا لِضَيْفِنَا، فَيَقُولُ صَاحِبُ الْقِدْرِ: بَارَكَ اللَّهُ لَكُمْ فِيهَا، أَوْ كَلِمَةً نَحْوَهَا، قَالَ بَقِيَّةُ: وَقَالَ مُحَمَّدٌ: وَالْخُبْزُ إِذَا خَبَزُوا مِثْلُ ذَلِكَ، وَلَيْسَ بَيْنَهُمْ إِلا جُدُرُ الْقَصَبِ، قَالَ بَقِيَّةُ: وَأَدْرَكْتُ أَنَا ذَلِكَ: مُحَمَّدَ بْنَ زِيَادٍ وَأَصْحَابَهُ.
محمد بن زیاد رحمہ اللہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں نے سلف (صحابہ و تابعین) کو پایا کہ وہ ایک ہی مکان میں اہل و عیال کے ساتھ رہتے تھے۔ جب کبھی ان میں سے کسی کا مہمان آ جاتا اور ان کی ہنڈیا پک رہی ہوتی تو مہمان والا اسے اپنے مہمان کے لیے لے لیتا۔ ہانڈی والا جب ہانڈی غائب پاتا تو پوچھتا کہ ہانڈی کس نے لی ہے؟ مہمان والا کہتا: ہم نے مہمان کے لیے لی ہے۔ ہانڈی والا کہتا: اللہ تمہیں اس میں برکت دے یا اس طرح کے کلمات کہتا۔ بقیہ رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ محمد نے کہا: اور جب وہ روٹی پکاتے تو بھی اسی طرح ہوتا اور ان کے گھروں کے درمیان صرف بانس کی دیوار ہوتی۔ بقیہ رحمہ اللہ نے کہا: اور میں نے بھی اپنے استاد محمد اور ان کے ساتھیوں کو اسی طریقے پر پایا۔

تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه البيهقي فى شعب الإيمان: 10879»

قال الشيخ الألباني: صحيح

الادب المفرد کی حدیث نمبر 739 کے فوائد و مسائل
  الشيخ الحديث مولانا عثمان منيب حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، الادب المفرد: 739  
فوائد ومسائل:
(۱)مسلمان آپس میں بھائی ہیں اور ان کا ایک دوسرے سے بے تکلفانہ رویہ ہونا چاہیے۔ یہ عین فطرت ہے۔ یہ طریقہ مسلمانوں میں عرصہ تک رائج رہا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ اسی طرح رہتے تھے۔ پھر اسلامی اقدار کی جگہ مغربی تہذیب اور خود غرضی نے لے لی اور ہر شخص اپنی ذات تک محدود ہوگیا اور ایثار و قربانی اور ہمدردی کا جذبہ مفقود ہوگیا۔ پھر امریکن سسٹم رائج ہوگیا کہ مہمان اپنا بل پے کرے اور میزبان اپنا۔ مسلمانوں میں اب بھی خال خال یہ جذبہ ملتا ہے لیکن مغربی معاشرہ اس برکت سے محروم ہوچکا ہے۔
(۲) قارئین کے استفادے کے لیے ایک واقعہ درج کر رہا ہوں۔ دارالسلام انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر محترم عبدالمالک مجاہد صاحب نے اپنا ایک واقعہ سنایا کہ میں نے ایک دن گھر میں دعوت کا اہتمام کیا جس میں ایک امریکی نو مسلم کو بھی مدعو کیا۔ واپسی پر ایک پلیٹ بریانی میں نے انہیں پیش کی کہ اپنی اہلیہ کے لیے لے جانا۔ وہ ششدر رہ گیا۔ اسے یقین نہیں آرہا تھا۔ اس نے کہا:واقعی! میں نے کہا:ہاں، تو اس نے کہا کہ یہ پلیٹ کا کیا بنے گا۔ میں نے کہا:یہ بھی آپ کے لیے ہے۔ اس نے حیرت سے کہا:Plate also for me? پلیٹ بھی میرے لیے تحفہ ہے؟
آج اس نفسا نفسی کے دور میں اسلامی تعلیمات اور اقدار کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے انصار کے ایک قبیلے کی تعریف فرمائی کہ جب ان کا سامان کم پڑ جاتا ہے تو سارا ایک جگہ جمع کرلیتے ہیں اور پھر برابر تقسیم کرلیتے ہیں۔
   فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 739   


https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.