آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کیا تم میں کوئی شخص روزانہ ایک ہزار نیکیاں حاصل کرنے سے عاجز ہے، ایک آدمی نے کہا: ہم میں سے کوئی شخص ایک ہزار نیکیاں روزانہ کس طرح حاصل کر سکتا ہے؟“ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”وہ سو مرتبہ «سُبْحَانَ اللهِ» کہے تو اس کے (نامہ اعمال) میں ایک ہزار نیکیاں لکھ دی جاتی ہیں، یا اس کی ایک ہزار خطائیں مٹا دی جاتی ہیں۔“[صحيح مسلم: 2698]
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس شخص نے «سُبْحَانَ اللَّهِ العَظِيمِ وَبِحَمْدِهِ»”اللہ اپنی تعریف کے ساتھ پاک ہے، عظمت والا“ کہا، اس کے لئے جنت میں کھجور کا ایک درخت لگا دیا جاتا ہے۔“[اسناده ضعيف، سنن ترمذي: 3464، المستدرك للحاكم: 1888]
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے عبد اللہ بن قیس کیا میں تمہاری جنت کے خزانوں میں سے ایک خزانے کے بارے میں رہنمائی نہ کروں؟ میں نے کہا: کیوں نہیں اے اللہ کے رسول!“ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللهِ»”اللہ کے توفیق وہ مدد کے بغیر کسی گناہ سے بچنے کی طاقت اور کوئی نیکی کرنے کی قوت نہیں۔“[صحيح بخاري: 2992، 4202، 6409، صحيح مسلم: 2704]
سبحان الله، والحمد لله، ولا إلٰه إلا الله، والله اكبر سُبْحَانَ اللهِ، وَالْحَمْدُ لِلَّهِ، وَلَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ، وَاللهُ أَكْبَرُ
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ کو چار کلمات بہت زیادہ پیارے ہیں، ان میں سے جس کے ساتھ بھی ابتدا کرو کوئی حرج نہیں۔“، ”اللہ پاک ہے تمام تعریفات اللہ کے لئے ہیں، اللہ کے علاوہ کوئی سچا معبود نہیں اور اللہ سب سے بڑا ہے۔“[صحيح مسلم: 2137]
لا إلٰه إلا الله وحده لا شريك له، الله اكبر كبيرا، والحمد للٰه كثيرا، وسبحان الله رب العالمين، لا حول ولا قوة إلا بالله العزيز الحكيم لَا إِلٰهَ إِلَّا اللهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ، اللهُ أَكْبَرُ كَبِيرًا، وَالْحَمْدُ لِلَٰهِ كَثِيرًا، وَسُبْحَانَ اللهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ، لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللهِ الْعَزِيزِ الْحَكِيمِ
ایک بدو (اعرابی) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہا: مجھے کوئی ایسا کلام سکھائیں جو میں ہمیشہ کہتا رہوں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یہ کلمات پڑھا کرو: اللہ کے علاوہ کوئی سچا معبود نہیں وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، اللہ سب سے بڑا ہے، بہت بڑا اور اللہ کے لئے تمام تعریفات بہت زیادہ ہیں، اللہ رب العالمین پاک ہے، اللہ غالب حکمت والے کی توفیق و مدد کے بغیر گناہ سے بچنے کی طاقت اور نیکی کرنے کی قوت نہیں۔“ وہ کہنے لگا یہ کلمات تو میرے رب کے لئے ہیں میرے لئے کیا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم اس طرح کہو: «اللهُمَّ اغْفِرْ لِي وَارْحَمْنِي وَاهْدِنِي وَارْزُقْنِي» اے اللہ! مجھے بخش دے اور مجھ پر رحم فرما اور مجھے ہدایت دے اور مجھے عافیت دے اور مجھے رزق عطا فرما۔“[صحيح مسلم: 2696، 2697]
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یقیناً افضل دعا «الحَمْدُ لِلَٰهِ» ہے اور سب سے افضل ذکر «لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَٰهُ» ہے۔“[حسن، سنن ترمذي: 3383، سنن ابن ماجه: 3800، المستدرك للحاكم: 503/1ح1852]
عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں: میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ وہ دائیں ہاتھ کے ساتھ تسبیح شمار کیا کرتے تھے۔ [اسناده ضعيف، سنن ابي داؤد: 1502، سنن ترمذي: 3411، سنن نسائي: 1351]
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب اندھیرا چھانے لگے، یا فرمایا: جب شام ڈھل جائے تو اپنے بچوں کو (گھروں سے باہر نکلنے سے) روک لو کیونکہ اس وقت شیاطین پھیل جاتے ہیں اور جب کچھ وقت گزر جائے تو انہیں چھوڑ دو اور اللہ کا نام لے کر دروازے بند کر دو، کیونکہ شیطان بند دروازے نہیں کھولتا، اللہ کا نام لے کر اپنے مشکیزے کا منہ بند کر دو اور اپنے برتن کو کسی بھی چیز کے ساتھ اللہ کا نام لے کر ڈھانپ دو اور اپنے چراغ بجھا دو۔“[بخاري مع الفتح: 10/ 88]