خمس کے فرض ہونے کا بیان ख़ुम्स यानि पांचवें भाग के बारे में نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زرہ، عصا، تلوار، پیالہ اور انگوٹھی کی بابت کیا ذکر کیا گیا ہے؟ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے خلفاء نے ان میں سے کون کون سی چیزیں استعمال کیں، ان کو تقسیم نہیں کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال مبارک اور آپ کا جوتا اور آپ کے برتنوں میں سے، جن کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ رضی اللہ عنہم اور دوسرے مسلمانوں نے متبرک سمجھا۔
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انھوں نے دو جوتے بغیر بال کے چمڑے کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے سامنے نکالے، جن پر دو تسمے لگے ہوئے تھے، اور بیان کیا کہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے جوتے تھے۔
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے ایک چادر (جسے) ملبدہ (کہتے ہیں) نکالی اور کہا کہ اسی کو اوڑھے ہوئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وفات پائی۔
ایک روایت میں ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ انھوں نے ایک موٹا تہبند، اس قسم کا جیسا کہ اہل یمن بناتے ہیں اور ایک چادر اسی قسم کی جس کو ملبدہ کہتے ہیں، نکالی (کہ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہے)۔
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا پیالہ جب ٹوٹ گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ٹوٹے ہوئے مقام پر چاندی کا ایک تار لگا لیا تھا۔
|