فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1309
´ایک اور طرح کے تعوذ کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے قبر کے عذاب کے بارے میں دریافت کیا تو آپ نے فرمایا: ”ہاں، قبر کا عذاب برحق ہے“، اس کے بعد میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کوئی نماز پڑھتے ہوئے نہیں دیکھا جس میں آپ نے قبر کے عذاب سے پناہ نہ مانگی ہو۔ [سنن نسائي/كتاب السهو/حدیث: 1309]
1309۔ اردو حاشیہ:
➊ عذاب قبر سے مراد قبر کا جہنم سے کچھ حد تک متعلق ہو جانا ہے جس کی بنا پر قبر کی زندگی اجیرن ہو جائے گی، نیز جوابات نہ آنے پر فرشتوں کی طرف سے سزا اور بعض اعمال کی جزوی سزا، مثلاً: پیشاب کے چھینٹوں سے پرہیز نہ کرنا اور چغلیاں کرنا قبر میں بھی سزا کا مستوجب بناتا ہے۔ اس قسم کا عذاب سب کو نہیں ہو گا۔ اللہ تعالیٰ کے نیک بندے اس سے محفوظ رہیں گے۔ بلکہ اس کے مقابل انہیں ثواب قبر ہو گا۔ واللہ أعلم۔
➋ نماز میں عذاب قبر سے پناہ مانگنا مشروع ہے۔
➌ اس حدیث مبارکہ سے ثابت ہوتا ہے کہ عذاب قبر برحق ہے۔
➍ اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اگلی پچھلی ساری لغزشیں معاف کر دیں تھیں: «قدْ غُفِرَ له ما تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ وما تأَخَّرَ» اس کے باوجود آپ کس قدر اللہ کے عذاب سے ڈرتے تھے اور استغفار کرتے رہتے تھے جبکہ ہم گناہوں کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں، ہمیں تو بالاولیٰ کثرت سے استغفار اور توبہ کرتے رہنا چاہیے اور اللہ کی پکڑ سے پناہ مانگنی چاہیے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1309
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1476
´ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی سورج گرہن کی نماز کی ایک اور قسم کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ ایک یہودی عورت ان کے پاس آئی، اور کہنے لگی: اللہ تعالیٰ تمہیں قبر کے عذاب سے بچائے، یہ سنا تو عائشہ نے پوچھا: اللہ کے رسول! لوگوں کو قبر میں بھی عذاب دیا جائے گا؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ کی پناہ۔“ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کہیں جانے کے لیے نکلے اتنے میں سورج گرہن لگ گیا، تو ہم حجرہ میں چلے گئے، یہ دیکھ کر دوسری عورتیں بھی ہمارے پاس جمع ہو گئیں، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس آئے اور یہ چاشت کا وقت تھا، آپ نماز کے لیے کھڑے ہوئے، آپ نے نماز میں لمبا قیام کیا، پھر لمبا رکوع کیا، پھر رکوع سے سر اٹھایا، تو قیام کیا پہلے قیام سے کم، پھر آپ نے رکوع کیا، اپنے پہلے رکوع سے کم، پھر سجدہ کیا، پھر آپ دوسری رکعت کے لیے کھڑے ہوئے، تو اسی طرح کیا مگر دوسری رکعت میں آپ کا رکوع اور قیام پہلی رکعت سے کم تھا، پھر آپ نے سجدہ کیا، اور سورج صاف ہو گیا، تو جب آپ فارغ ہوئے، تو منبر پر بیٹھے، اور جو باتیں کہنی تھیں کہیں، اس میں ایک بات یہ بھی تھی: ”کہ لوگ اپنی قبروں میں آزمائے جائیں گے، جیسے دجال کے فتنے میں آزمائے جائیں گے“، ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں: اس کے بعد سے برابر ہم آپ کو قبر کے عذاب سے پناہ مانگتے ہوئے سنتے تھے۔ [سنن نسائي/كتاب الكسوف/حدیث: 1476]
1476۔ اردو حاشیہ: عذاب قبر کے بارے میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے سوال کا جواب مبہم ہے۔ ممکن ہے اس وقت تک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو عذاب قبر کی تفصیل نہ بتلائی گئی ہو اور نمازکسوف کے دوران میں دوسرے انکشافات کی طرح عذاب قبر کا بھی انکشاف کیا گیا ہو۔ فتنۂ دجال چونکہ بہت بڑی آزمائش ہے، اس لیے عذاب قبر، یعنی قبر کے سوا ل و جواب کو اس سے تشبیہ دی گئی۔ واللہ اعلم۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1476
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1500
´سورج گرہن کی نماز کے بعد (خطبہ دینے کے لی) منبر پر بیٹھنے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کہیں جانے کے لیے نکلے کہ سورج کو گرہن لگ گیا، تو ہم حجرے کی طرف چلے، اور کچھ اور عورتیں بھی ہمارے پاس جمع ہو گئیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس تشریف لائے، اور یہ چاشت کا وقت تھا، (آپ نماز پڑھنے کے لیے) کھڑے ہوئے، تو آپ نے ایک لمبا قیام کیا، پھر ایک لمبا رکوع کیا، پھر اپنا سر اٹھایا، پھر قیام کیا پہلے قیام سے کم، پھر رکوع کیا پہلے رکوع سے کم، پھر سجدہ کیا، پھر دوسری رکعت کے لیے کھڑے ہوئے تو بھی ایسے ہی کیا، مگر آپ کا یہ قیام اور رکوع پہلی والی رکعت کے قیام اور رکوع سے کم تھا، پھر آپ نے سجدہ کیا، اور سورج صاف ہو گیا، جب آپ نماز سے فارغ ہو گئے تو منبر پر بیٹھے، اور منبر پر جو باتیں آپ نے کہیں ان میں ایک بات یہ بھی تھی کہ ”لوگوں کو ان کی قبروں میں دجال کی آزمائش کی طرح آزمایا جائے گا“، یہ حدیث مختصر ہے۔ [سنن نسائي/كتاب الكسوف/حدیث: 1500]
1500۔ اردو حاشیہ: قبروں میں آزمائش سے مراد فرشتوں کا سوال و جواب ہے جو ایک بہت مشکل مرحلہ ہے اور اسی پر نجات کا دارومدار ہے۔ حشر کے بعد تو اسی کی تفصیل ہو گی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں کامیاب فرمائے۔ آمین۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1500
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2066
´عذاب قبر سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگنے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے پاس تشریف لائے، میرے پاس ایک یہودی عورت تھی، وہ کہہ رہی تھی کہ تم لوگ قبروں میں آزمائے جاؤ گے، (یہ سن کر) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم گھبرا گئے، اور فرمایا: ”صرف یہودیوں ہی کی آزمائش ہو گی۔“ ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں: پھر ہم کئی رات ٹھہرے رہے پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مجھ پر وحی آئی ہے کہ تمہیں (بھی) قبروں میں آزمایا [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 2066]
اردو حاشہ:
(1) اس روایت میں امتحان اور عذاب قبر سے مراد ایک ہی چیز ہے، یعنی سوال و جواب۔ اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کرنے کا مطلب ثابت قدمی اور صحیح جواب کی توفیق ہے۔
(2) ابتداءً نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا خیال تھا کہ قبر کا امتحان یا عذاب صرف کفار کے ساتھ خاص ہے۔ بعد میں پتا چلا کہ یہ سب کے ساتھ ہوگا إلا ماشا اللہ۔ ثابت ہوا کہ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو علم غیب نہ تھا۔ اسی وجہ سے آپ نے انکار کر دیا تھا، بعد میں بذریعۂ وحی اللہ تعالیٰ نے خبر دی تو پتا چلا۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2066
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5506
´دجال کے فتنے سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگنے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم قبر کے عذاب اور دجال کے فتنے سے اللہ کی پناہ مانگتے اور فرماتے: ”قبروں میں تمہاری آزمائش ہو گی۔“ [سنن نسائي/كتاب الاستعاذة/حدیث: 5506]
اردو حاشہ:
عذاب قبراورقتنہ دجال میں مناسبت یہ ہے کہ دونوں میں ایمان کا امتحان ہے۔ منافق یہ دونوں امتحان پاس نہیں کرسکیں گے۔ مخلص لوگ ہی کامیاب ہوں گے۔ یہاں دجال کا اقتدار ہوگا‘ وہا ں فرشتوں کے سوالات۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5506
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 1319
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ میرے ہاں رسول اللہ ﷺ تشریف لائے جبکہ میرے پاس ایک یہودی عورت موجود تھی اور وہ کہتی تھی کیا تمہیں پتہ ہے یا احساس ہے کہ قبروں میں تمہاری آزمائش ہو گی؟ عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کہتی ہیں، اس پر رسول اللہ ﷺ خوفزدہ ہو گئے اور فرمایا: ”بس یہودی کی آزمائش ہو گی۔“ عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے بتایا، کچھ دن گزرنے کے بعد رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”کیا تمہیں پتہ چلا مجھے وحی کی گئی ہے کہ تم قبروں میں آزمائے جاؤ گے“... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:1319]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کواس بات کا علم نہ تھا کہ آزمائش قبر سے مسلمانوں کو بھی گزرنا ہو گا،
اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی تخصیص یہود سے کر دی،
کیونکہ یہودیہ عورت نے قبر میں آزمائش کا اعتراف کیا تھا،
بعد میں اللہ تعالیٰ نے وحی کے ذریعہ سے بتا دیا کہ آپﷺ کی امت بھی اس آزمائش سے گزرے گی۔
اس سے ثابت ہوا کہ آپﷺ نے قبر اور برزخ کے حالات سے اس قدر آگاہ ہیں،
جس قدر آپﷺ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے آگاہ کیا گیا ہے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1319
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 1321
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی روایت ہے کہ میرے پاس مدینہ کی دو بوڑھی یہودی عورتیں آئیں اور انہوں نے کہا، قبر والوں کو قبر میں عذاب ہوتا ہے، میں نے ان کو جھٹلایا اور ان کی تصدیق کرنے والوں کو گوارا نہ کیا، وہ چلی گئیں اور میرے پاس رسول اللہ ﷺ تشریف لائے تو میں نے آپﷺ سے کہا، اے اللہ کے رسولﷺ! میرے پاس مدینہ کی یہودی بوڑھی عورتوں میں سے دو عورتیں آئیں اور کہا قبر والوں ان کی قبروں میں عذاب ہوتا ہے، آپﷺ نے فرمایا: ”انہوں نے سچ کہا۔ انہیں ایساعذاب ہوتا... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:1321]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
مکی سورتوں میں قبر کے عذاب کا ذکر موجود ہے لیکن ان آیات کا تعلق کافروں سے ہے اس لیے آپﷺ پہلے یہی سمجھتے تھے کہ عذاب قبر کافروں کے لیے ہے مدینہ میں آکر اس بات کا علم ہواس کہ گناہ گار مسلمانوں کو بھی اس آزمائش اور عذاب سے دوچار ہونا ہو گا۔
آپﷺ نے حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو چونکہ قبر کے امتحانوں کے بارے میں بتایا تھا اور انہوں نے اس سے عذاب قبر نہ سمجھا۔
اس لیے یہودی عورتوں کی تکذیب کر دی اور آپﷺ کو فتنہ قبر کے بعد عذاب قبر سے بھی آگاہ کر دیا تھا کیونکہ فتنہ قبر ہی عذاب قبر کا پیش خیمہ ہے۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1321