علی بن ابی طالب رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ جب آیت کریمہ:
«يا أيها الذين آمنوا إذا ناجيتم الرسول فقدموا بين يدي نجواكم صدقة» ”اے ایمان والو! جب رسول اللہ
( صلی اللہ علیہ وسلم ) سے سرگوشی کرنا چاہو تو اپنی سرگوشی سے پہلے کچھ صدقہ دے دیا کرو
“ (المجادلہ: ۱۲)، نازل ہوئی تو نبی اکرم
صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے پوچھا:
”تمہاری کیا رائے ہے، ایک دینار صدقہ مقرر کر دوں؟
“ میں نے کہا: لوگ اس کی طاقت نہیں رکھتے، آپ نے فرمایا:
”تو کیا آدھا دینار مقرر کر دوں؟ میں نے کہا: اس کی بھی طاقت نہیں رکھتے
“، آپ نے فرمایا:
”پھر کتنا کر دوں؟
“ میں نے کہا: ایک جو کر دیں، آپ نے فرمایا:
”تم تو بالکل ہی گھٹا دینے والے نکلے
“، اس پر یہ آیت نازل ہوئی
«أأشفقتم أن تقدموا بين يدي نجواكم صدقات» ”کیا تم اس حکم سے ڈر گئے کہ تم اپنی سرگوشی سے پہلے صدقے دے دیا کرو
“ (المجادلہ: ۱۳)، علی رضی الله عنہ کہتے ہیں: اللہ نے میری وجہ سے فضل فرما کر اس امت کے معاملے میں تخفیف فرما دی
(یعنی اس حکم کو منسوخ کر دیا)۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- یہ حدیث حسن غریب ہے اور ہم اسے صرف اسی سند سے جانتے ہیں،
۲- علی رضی الله عنہ کے قول
«شعيرة» سے مراد ایک جو کے برابر ہے۔
الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3300
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اے ایمان والو! جب رسول اللہ (ﷺ) سے سرگوشی کرنا چاہو تو اپنی سرگوشی سے پہلے کچھ صدقہ دے دیا کرو (المجادلة: 12)
2؎:
کیا تم اس حکم سے ڈر گئے کہ تم اپنی سرگوشی سے پہلے صدقے دے دیا کرو(المجادلة: 13)
نوٹ:
(سند میں علی بن علقمہ لین الحدیث راوی ہیں)
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3300