علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 1270
´دنیا سے بے رغبتی اور پرہیزگاری کا بیان`
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ایک دن میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے (کھڑا) تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” اے لڑکے! تو اللہ (کے احکام) کی حفاظت کر اللہ تعالیٰ تیری نگہبانی کرے گا۔ تو اللہ کی طرف دھیان رکھ تو اس کو اپنے سامنے پائے گا۔ اور جب تو کچھ مانگے تو (صرف) اللہ تعالیٰ سے مانگ اور جب تو مدد طلب کرے تو (بس) اللہ تعالیٰ سے مدد مانگ۔“ ترمذی نے اسے روایت کیا ہے اور حسن نے صحیح کہا ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 1270»
تخریج: «أخرجه الترمذي، صفة القيامة، باب:59، حديث:2516.»
تشریح:
1. اس حدیث میں خالص توحید کی بہترین انداز میں تعلیم دی گئی ہے۔
2.اللہ تعالیٰ کو یاد رکھنے سے مراد یہ ہے کہ اس کی مقرر کرد حدود اور اس کے اوامر و نواہی کا ہر وقت پوری طرح خیال رکھا جائے‘ خود بھی ان سے بچنے کی کوشش کی جائے اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کی جائے۔
3.اللہ کی حفاظت کا مطلب ہے کہ وہ ایسے بندے کو دنیوی مصائب و آلام سے بچائے گا‘ ان سے بچنے کا راستہ سمجھائے گا اور قیامت کے روز جہنم کی آگ سے محفوظ رکھے گا۔
4.اس حدیث کا باقی ماندہ حصہ یوں ہے کہ آپ نے فرمایا:
”اور جان لے کہ اگر ساری دنیا والے مل کر تیرا کچھ سنوارنا چاہیں تو صرف اتنا نفع ہی پہنچا سکیں گے جو اللہ نے تیرے لیے لکھ دیا ہے اور اگر نقصان پہنچانا چاہیں تب بھی صرف اتنا ہی پہنچا سکیں گے جتنا اللہ نے لکھ دیا ہے
(کیونکہ) تقدیر لکھنے والی قلمیں خشک ہو چکی ہیں اور دفتر لپیٹ کر بند کر دیے گئے ہیں۔
(اب ان میں اضافے یا کمی بیشی کا کوئی امکان نہیں۔
“) بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1270