تخریج: «أخرجه الترمذي، البر والصلة، باب ما جاء في اللعنة، حديث:1977، والحاكم:1 /12 وصححه.»
تشریح:
ان دونوں احادیث سے معلوم ہوا کہ مومن کامل کے لیے لائق نہیں کہ وہ بد خو‘ فحش گو اور لعن اور طعن کرنے والا ہو‘ البتہ اس سے وہ لوگ مستثنیٰ ہیں جنھیں خود اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ملعون قرار دیا ہے‘ ان پر لعن طعن کیا جا سکتا ہے‘ مثلاً: کافر‘ شراب پینے والا اور حلالہ کرنے والا وغیرہ۔
راویٔ حدیث: «حضرت ابو درداء رضی اللہ عنہ» بڑے جلیل القدر اور بہت بڑے عابد و زاہد صحابی تھے۔
ان کا نام عویمر بن زید یا ابن عامر یا ابن مالک بن عبداللہ بن قیس تھا۔
انصار سے تعلق رکھتے تھے۔
خزرج قبیلے سے تھے‘ اس لیے انصاری اور خزرجی کہلائے۔
بدر کے روز اسلام قبول کیا اور احد میں شریک ہوئے۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے انھیں بدری اصحاب میں شامل فرمایا تھا۔
انھوں نے جمع قرآن کی خدمت انجام دی۔
دمشق کے والی رہے۔
ان کے فضائل بے شمار ہیں۔
ان کے اقوال زریں میں سے ایک قول یہ ہے کہ بعض اوقات ایک لمحے کی شہرت‘ طویل حزن و ملال سے دوچار کر دیتی ہے۔
۳۲ ہجری میں وفات پائی۔