فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 837
´امام اور مقتدی کی نیت کے اختلاف کا بیان۔`
ابوبکرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے خوف کی نماز پڑھائی، تو اپنے پیچھے والوں کو دو رکعت پڑھائی، (پھر وہ چلے گئے) اور جو ان کی جگہ آئے انہیں بھی دو رکعت پڑھائی، تو اس طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی چار رکعتیں ہوئیں، اور لوگوں کی دو دو رکعتیں ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الإمامة/حدیث: 837]
837 ۔ اردو حاشیہ: باب سے مناسبت تب ہو گی اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری دو رکعتوں میں متنفل مانا جائے اور یہی قرین قیاس ہے۔ گویا نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے دو سلام سے چار رکعتیں پڑھیں اور باقی نے دو دو۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 837
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1552
´باب:`
ابوبکرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ لوگوں کو خوف کی نماز دو رکعت پڑھائی، پھر آپ نے سلام پھیر دیا، پھر آپ نے دوسرے لوگوں کو دو رکعت پڑھائی، پھر آپ نے سلام پھیر دیا، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے چار رکعت پڑھی (اور لوگوں نے دو دو رکعت)۔ [سنن نسائي/كتاب صلاة الخوف/حدیث: 1552]
1552۔ اردو حاشیہ: یہ نماز خوف کی ایک اور صورت ہے جو سادہ ہے مگر احناف کے نزدیک یہ صورت جائز نہیں ہے کیونکہ بعد والی اور دو رکعتیں امام صاحب کی نفل ہوں گی اور دوسرے گروہ کی فرض۔ اور احناف کے نزدیک نفل پڑھنے والے کے پیچھے فرض جائز نہیں۔ خیر! احناف کے نزدیک، خواہ یہ صورت درست نہ ہو مگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تو پڑھائی ہے اور عمل آپ کی سنت پر ہے۔ اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ اگر امام کو دوبارہ نماز پڑھانی پڑ جائے تو کوئی حرج نہیں، سب کی نماز درست ہو گی۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1552