علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 179
´نماز میں موذی جانوروں کا مارنا`
«. . . قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: اقتلوا الاسودين في الصلاة: الحية والعقرب . . .»
”. . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ نماز میں دو سیاہ فام جانوروں سانپ اور بچھو کو مار دیا کرو . . .“ [بلوغ المرام/كتاب الصلاة: 179]
� لغوی تشریح:
«اَلْحَيَّةَ» سانپ۔
«اَلْعَقْرَبَ» بچھو۔ دونوں «أَسْوَدَيْنِ» سے بدل ہونے کی وجہ سے منصوب ہیں۔ «أسودين» سے مراد سانپ اور بچھو دونوں ہیں، خواہ ان کا رنگ کوئی سا بھی ہو۔ یہ ضروری نہیں کہ لازماً ان کی رنگت سیاہ ہو۔
فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے یہ ثابت ہوا کہ نماز کی حالت میں سانپ اور بچھو کو مارنے سے نماز باطل نہیں ہوتی۔
➋ یہ بھی معلوم ہوا کہ ان دونوں موذی جانوروں کا مارنا بھی ضروری ہے۔
➌ جمہور علماء کی یہی رائے ہے کہ نماز کے دوران میں سانپ اور بچھو کو مارنے سے نماز فاسد نہیں ہوتی۔
➍ امام ترمذی رحمہ اللہ نے بعض لوگوں سے اس کی کراہت بھی نقل کی ہے مگر دلائل کی روشنی میں جمہور کا فیصلہ ہی صحیح ہے۔ دیکھیے: [جامع الترمذي، الصلاة، باب ماجاء فى قتل الأسودين فى الصلاة، حديث: 390]
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 179