عبداللہ بن ابی السفر کہتے ہیں کہ میں نے شعبی کو کہتے سنا: میں سال بھر ابن عمر رضی اللہ عنہما کی مجلسوں میں رہا لیکن میں نے ان سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کوئی چیز بیان کرتے ہوئے نہیں سنا۔
It was narrated that 'Abdullah bin Abu Safar said:
"I heard Ash-Sha'bi saying: 'I sat with Ibn 'Umar for a year and I did not hear him narrate anything from the Messenger of Allah (ﷺ)"
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث26
اردو حاشہ: (1) حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا نام لے کر اسی وجہ سے روایت نہیں کرتے تھے جس وجہ سے مذکورہ بالا دوسرے صحابہ کرام رضی اللہ عنھم احتیاط کرتے تھے، یعنی وہ ڈرتے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نام سے سہواً ایسے الفاظ بیان نہ ہو جائیں جو آپ نے نہیں فرمائے۔
(2) اس کا یہ مطلب نہیں کہ صحابہ کرام دین کی تبلیغ نہیں کرتے تھے، بلکہ بات یہ ہے کہ ان کا طریقہ مختلف تھا، وہ لوگوں کو بتاتے تھے کہ فلاں کام فرض ہے، فلاں حرام، فلاں کام کرنا جائز ہے اور فلاں کام سے اجتناب بہتر ہے۔ وہ حضرات یہ مسائل ان احادیث کی روشنی ہی میں بیان فرماتے تھے جو انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی تھیں، لیکن آپ کا نام بالعموم نہیں لیتے تھے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 26