سیدنا مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سیدنا علی بن ابو طالب رضی اللہ عنہ نے انہیں حُکم دیا کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس شخص کے متعلق پوچھیں جو اپنی بیوی کے قریب ہوتا ہے تو اس کی مذی نکل جاتی ہے اس پر کیا لازم ہے؟ سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا، چونکہ میرے پاس (میرے نکاح میں) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی ہیں، اس لیے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال پوچھتے ہوئے شرماتا ہوں، سیدنا مقداد رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ مسئلہ پوچھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی شخص یہ پائے (کہ مذی نکل گئی ہے) تو اپنی شرم گاہ دھو لے اور وہ نماز کے لیے جیسا وضو کرتا ہے ویسا وضو کرلے۔“
تخریج الحدیث: «اسناده صحيح، صحيح ابي داود: 201، سنن ابي داود، كتاب الطهارة، باب المذي: 207، سنن نسائي: 156، ابن ماجه رقم: 505، موطا امام مالك: 76»