881. نماز کسوف میں رکوع سے سر اٹھانے کے بعد اور «سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَهُ» کہنے کے بعد قیام کی حالت میں دعا مانگنے اور «اللهُ أَكْبَر» کہنے کا بیان
سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ سورج گرہن لگا تو سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے لوگوں کو نماز کسوف پڑھائی اُنہوں نے نماز شروع کی تو سورة «يٰس» یا اس جیسی کوئی سورت پڑھی، پھر اُنہوں نے سورت کی مقدار کے برابر لمبا رکوع کیا، پھر رکوع سے سر اُٹھایا تو «سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَهُ» کہا پھر سورت کی مقدار برابر کھڑے ہوکر دعا کرتے رہے اور تکبیر کہتے رہے۔ پھر اپنی قراءت کے برابر لمبا رکوع کیا۔ پھر بقیہ حدیث بیان کی اور فرمایا، پھر وہ دوسری رکعت کے لئے کھڑے ہوئے تو پہلی رکعت کی طرح تمام کام کیے۔ پھر حاضرین کو بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی اسی طرح کرتے تھے۔ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ اس روایت میں مذکور ہے کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے ہر رکعت میں چار رکوع کیے تھے۔ جیسا کہ طاؤس کی سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت میں ذکر ہوا ہے۔