علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 169
´قبروں کی طرف رخ کر کے نماز پڑھنا ممنوع ہے`
«. . . وعن ابي مرثد الغنوي قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم يقول: «لا تصلوا إلى القبور ولا تجلسوا عليها . . .»
”. . . سیدنا ابو مرثد غنوی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا ہے کہ ”قبروں کو سامنے (رکھ کر، قبروں کی طرف رخ کر کے) نماز نہ پڑھو اور نہ ان پر بیٹھو . . .“ [بلوغ المرام/كتاب الصلاة/باب شــروط الصلاة: 169]
� فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ قبروں کی طرف رخ کر کے نماز پڑھنا ممنوع ہے۔
➋ بعض حضرات بزرگوں کی قبروں کے پاس اس لیے مسجدیں تعمیر کرتے ہیں کہ بزرگوں کی ارواح سے فیض حاصل ہو گا۔ اس کی بھی ممانعت ہے۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی حدیث میں بالکل واضح طور پر یہ ارشاد نبوی ہے: ”اللہ یہود و نصاریٰ پر لعنت کرے کہ ان لوگوں نے اپنے انبیاء کی قبروں کو سجدہ گاہ (مسجد) بنا لیا۔“ [صحيح البخاري، الجنائز، باب ما يكره من اتخاذ المساجد على القبور، حديث: 1330]
➌ اس کا ایک مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ جو افعال مساجد میں اللہ تعالیٰ کے لیے انجام دیے جاتے ہیں ان کو قبروں پر نہ کیا جائے۔ اور ایک مفہوم یہ بھی ہو سکتا ہے کہ قبروں کی طرف رخ کر کے نماز نہ پڑھی جائے۔ اس سے شرک کا شبہ پڑ سکتا ہے۔
➍ قبروں پر بیٹھنے کے بھی کئی مفہوم ممکن ہیں۔ ایک تو یہ کہ قبر کو بطور تکیہ استعمال کیا جائے۔ جس طرح تکیے پر ٹیک لگاتے ہیں اسی طرح قبر کو تکیہ بنانا ممنوع ہے۔ اور دوسرا یہ کہ قبروں پر مجاور بن کر بیٹھنا، نیز قبروں پر قضائے حاجت کے لیے بیٹھنا بھی ممنوع و حرام ہے۔
راویٔ حدیث:
(سیدنا ابومرثد غنوی رضی اللہ عنہ) ابومرثد کنیت ہے۔ کنّاز نام ہے۔ کناز کے ”کاف“ پر فتحہ اور ”نون“ پر تشدید ہے۔ کناز بن حصین بن یربوع الغنوی۔ غنوی ”غین“ اور ”نون“ دونوں پر فتحہ کے ساتھ ہے۔ غطفان کے ایک قبیلے غنی بن یعصر کی جانب منسوب ہونے کی بنا پر غنوی کہلائے۔ بدری صحابی ہیں۔ سیدنا حمزہ بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ کے حلیف اور دوست تھے۔ تمام غزوات میں شریک ہوئے۔ 12 ہجری میں 66 برس کی عمر پاکر وفات پائی۔ «مَرْثَد» کی ”میم“ پر فتحہ، ”را“ ساکن اور ”ثا“ پر فتحہ ہے۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 169