سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سود کھانے والے اور کھلانے والے پر لعنت کی ہے۔
وضاحت: (تشریح حدیث 2570) ربا اردو زبان میں سود کو کہتے ہیں، یعنی اصل مال سے زیادہ لینا جو معروف و مشہور ہے، اور «آكِلَ الرِّبَا» میں سود لینے اور دینے والا دونوں شامل ہیں۔ یہاں «آكِلَ الرِّبَا» سے مراد سودخور اور «مُؤْكِلَهُ» سے مراد سود دینے والا ہے۔ اس حدیث سے سود لینے اور دینے کی حرمت ثابت ہوئی جس پر تمام علماء کا اجماع ہے، اور یہ نصِ قرآنی سے حرام ہے جس کا ذکر پچھلی حدیث کی شرح میں کیا جا چکا ہے۔ یہ ایسی لعنت ہے جس میں دنیا بھر کے بہت سے لوگ گرفتار اور مبتلا ہیں، اس لعنت سے بچنے اور چھٹکارا پانے کے لئے ہر مسلمان کو کوشش اور دعا کرنی چاہے، الله تعالیٰ ہم کو اس سے محفوظ رکھے، آمین۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح أبو قيس هو: عبد الرحمن بن مروان، [مكتبه الشامله نمبر: 2577]» اس روایت کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [مسلم 1597]، [أبوداؤد 3333]، [ترمذي 1206]، [ابن ماجه 2277]، [أبويعلی 4981]۔ ابوقیس کا نام عبدالرحمٰن بن مروان ہے۔
قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده صحيح أبو قيس هو: عبد الرحمن بن مروان