سیدنا جابر رضی اللہ عنہ نے کہا: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے مشک میں نبیذ بنائی جاتی تھی، اگر مشک (مشکیزہ) نہ ہوتی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے پتھر کی ہانڈی یا پیالوں میں نبیذ بنائی جاتی تھی۔
وضاحت: (تشریح حدیث 2143) نبیذ ایک طرح کا شربت ہے جو کھجور کو بھگو کر بنایا جا تا ہے، رات کو کچھ کھجوریں پانی میں ڈال دی جاتی اور صبح کو نچوڑ کر پی جاتی تھیں، یہ شربت بہت ہی لذیذ اور مغذی و مقوی ہوتا ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس کو پیتے تھے، لیکن اگر یہ نبیذ شراب کے برتن میں بنائی جائے اور دھوپ میں رہے، یا کچھ دن برتن میں پڑا رہنے دیا جائے تو اس میں نشہ ہو جاتا ہے، اس صورت میں نبیذ پینا حرام ہے جب کہ اس میں ابال آنے لگے اور نشہ پیدا ہو جائے۔ ایک حدیث ہے کہ نبیذ میں جوش آجائے تو اسے پتھر پر مار دو، اس کو وہ پئے گا جس کا اللہ اور روزِ قیامت پر ایمان نہ ہوگا۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نبیذ کھجور کا شربت پینا جائز ہے بشرطیکہ اس میں نشہ نہ پیدا ہوا ہو، اور یہ نبیذ کسی بھی برتن میں بنائی جا سکتی ہے، چاہے وہ برتن مٹی، پتھر، تانبے وغیرہ کا بنا ہوا ہو۔