سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عائشہ کی فضیلت ساری عورتوں پر اس طرح ہے جیسے ثرید کی فضیلت تمام کھانوں پر ہے۔“
وضاحت: (تشریح حدیث 2105) ثرید ایک قسم کا کھانا ہے جو گوشت، سبزی اور سوکھی روٹی سے بنایا جا تا ہے، بڑا لذید، زود ہضم اور فوائد و وٹامن سے بھر پور ہوتا ہے۔ عرب میں بہت مشہور اور کھانوں میں افضل مانا جاتا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے علم و فضل، ذہانت و شعور اور عقل مندی کی تعریف کی اور مثال دے کر فرمایا کہ جیسے کھانوں میں سب سے بہتر ثرید ہے عورتوں میں سب سے بہتر سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا ہیں۔ حافظ ابن القیم رحمہ اللہ نے کہا: فضیلت سے مراد کثرتِ ثواب ہے، تو اللہ ہی بہتر جانتا ہے اگر علم مراد ہے تو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سب سے افضل ہیں، اگر خاندانی شرافت مراد ہے تو سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا سب سے افضل ہیں۔ واللہ اعلم۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 2113]» اس روایت کی سند صحیح اور حدیث متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 3770]، [مسلم 2446]، [ترمذي 3887]، [ابن ماجه 3281]، [أبويعلی 3670]، [ابن حبان 7113، وغيرهم]