سیدنا علاء بن حضرمی رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے مہاجرین کو حج کے بعد لوٹنے کے لیے تین دن تک مکہ میں رہنے کی اجازت دی۔ ابومحمد امام دارمی رحمہ اللہ نے کہا: میں بھی یہی کہتا ہوں۔
وضاحت: (تشریح حدیث 1550) علامہ وحیدالزماں رحمہ اللہ نے اس حدیث کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مراد اس سے یہ ہے کہ جو لوگ مکہ میں رہتے تھے اور پھر اسلام کی وجہ سے انہوں نے فتح مکہ سے پہلے مکہ سے ہجرت کی تھی وہ اگر حج یا عمرہ کو آویں تو بعد فراغت کے تین روز سے زیادہ مکہ میں نہ رہیں، اور اس سے شافعیہ نے استدلال کیا ہے کہ تین دن کی اقامت حقیقت میں اقامت میں داخل نہیں بلکہ تین دن کا رہنے والا مسافر ہے اور کوئی مسافر اگر تین روز کی اقامت کی نیت کرے سوا روزِ خروج کے اور روزِ دخول کے تو وہ مقیم نہیں مسافر کے حکم میں ہے اور مسافر کی رخصتیں اس کے لیے مباح ہیں جیسے قصر نماز کا اور افطارِ روزے کا، انتہیٰ کلامہ، اس حدیث میں بعد الصدر سے مراد یہ ہے کہ حاجی جب اپنے ارکانِ حج مکمل کر لے۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1553]» اس روایت کی سند صحیح ہے۔ تخریج اوپر گذر چکی ہے۔ امام دارمی رحمہ اللہ کا مقصد بھی ان احادیث کو ذکر کرنے کا یہ ہے کہ اگر تین دن تک مسافر کسی دوسرے شہر میں رہے تو وہ قصر کر سکتا ہے۔ واللہ اعلم۔