سیدنا وائل حضرمی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب جھکتے اور اٹھتے تو تکبیر کہتے، اور اپنے دونوں ہاتھ تکبیر کے وقت اٹھاتے تھے، اور دائیں و بائیں طرف سلام پھیرتے تھے،کہا گیا: یہاں تک کہ چہرے کی سفیدی دکھنے لگتی۔ کہا: ہاں۔
وضاحت: (تشریح احادیث 1283 سے 1286) ان روایات سے تین مقامات پر رفع یدین کا ثبوت ملا۔ یعنی تکبیرِ تحریمہ، رکوع میں جاتے اور رکوع سے سر اٹھاتے وقت، چوتھا مقام تیسری رکعت کے لئے جب کھڑے ہوتے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رفع یدین کرتے تھے۔ یہ ہی سنّت ہے، اور عربی کا قاعدہ ہے کہ «كَانَ» کی خبر فعل مضارع ہو تو اس سے استمرار ثابت ہوتا ہے، مذکورہ بالا روایت اور دیگر روایات میں ہے «كَانَ يُكَبِّرُ وَيَرْفَعُ يَدَيْهِ.» اس سے معلوم ہوا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مذکورہ بالا مقامات پر نماز میں ہمیشہ رفع یدین کرتے تھے۔ اور اس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہمیشہ رفع یدین کرنا ثابت ہوا، اور یہ کہنا کہ صرف ابتدائے اسلام میں رفع یدین اس وجہ سے کی جاتی تھی کہ لوگ بغل میں بت چھپائے رہتے تھے، یہ کہانی بالکل لغو اور باطل ہے، اگر بت چھپا کر لانے والے مسلمان تھے تو یہ صحابہ کرام پر بڑا عظیم بہتان ہے، اور کافر و منافق بھی ایسا نہیں کر سکتے تھے۔ بعض لوگ سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ کی روایت سے استدلال کرتے ہیں اور ان مقامات پر رفع یدین کرنے کو منسوخ گردانتے ہیں، یہ غلط ہے، جیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا، اور سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ کا قول اگر صحیح سند سے ثابت بھی ہو تو وہ شاذ ہے کیونکہ اکثر صحابہ کرام نے رفع یدین کا ذکر کیا ہے، جیسا کہ دس صحابہ نے رفع الیدین کی تائید کی۔ دیکھئے: حدیث رقم (1394)، نیز (1345) میں بھی رفع الیدین کا ذکر ہے۔ صرف اکیلے سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ رفع یدین نہیں کرتے تھے۔ اس لئے سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ کا قول و فعل شاذ ہونے کے سبب نا قابلِ حجت و نا قابلِ عمل ہوگا۔ واللہ اعلم۔ ہمارے احناف بھائی رفع الیدین کے سلسلے میں ان کے فعل کو حجت مانتے ہیں لیکن بہت سے مسائل میں ان کی مخالفت کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر: 1- سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ کے نزدیک سورة الفاتحۃ قرآن میں سے نہیں ہے۔ 2- قرآن پاک کی سورتوں کی ترتیب ان کے نزدیک اس طرح تھی: بقرہ، نساء، آل عمران۔ ٣- وہ ہر نماز کو اوّل وقت میں پڑھنے کے قائل تھے، احناف آخر وقت میں پڑھتے ہیں۔ دیکھئے: حدیث (1219، 1259) و [بخاري 527] ۔ 4- سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے: اللہ حلالہ کرنے والے پر اور کروانے والے پر لعنت کرے۔ دیکھئے: [سنن دارمي 2300] لیکن احناف خوب حلالہ کرتے اور کراتے ہیں۔ 5- نماز میں سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ ایک طرف سلام پھیرنے کو ترجیح دیتے تھے۔ دیکھئے: حدیث نمبر (1384)۔ 6- رکوع میں سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ کے اہل و عیال دونوں ہاتھ گھٹنوں کے درمیان رکھتے تھے، حالانکہ یہ حکم منسوخ ہو گیا تھا اور ایسا کرنے پر سیدنا سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ نے اپنے لڑکے کو مارا بھی تھا۔ دیکھئے: [نسائي 1033]، احناف کیوں رکوع میں گھٹنوں کے درمیان ہاتھ نہیں رکھتے؟ 7- تسبیح کے دانوں پر سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ نے تسبيح و تہلیل پڑھنے کو سخت ناپسند کیا۔ دیکھئے: حدیث نمبر (210)، لیکن احناف ہاتھ میں مالا لئے خوب بازاروں میں گھومتے ہیں۔ 8- سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے بھی روایت ہے کہ فرشتے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم تک درود پہنچاتے ہیں۔ ص: 289، پھر احناف کیوں حجاج سے سلام کہلواتے ہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ دیگر انسانوں کی طرح سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے بھی بتقاضۂ بشریت کچھ چوک ہوئی، اس لئے جو بات ان کی دیگر صحابہ کرام کے اقوال کے مطابق ہے مانی جائے گی، اور جو خلافِ سنّت یا خلافِ اجماعِ صحابہ ہے وہ بات قابلِ عمل اور حجت نہ ہوگی۔
تخریج الحدیث: «إسناده جيد، [مكتبه الشامله نمبر: 1287]» یہ حدیث صحیح ہے۔ دیکھئے: [أبوداؤد 997] و [البيهقي 26/2]