سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص عشاء کی نماز جماعت کے ساتھ پڑھے اس کو آدھی رات قیام کرنے کا ثواب ہے، اور جو شخص فجر کی نماز بھی جماعت کے ساتھ ادا کرے اسے پوری رات قیام کرنے کا ثواب ہے۔“
وضاحت: (تشریح حدیث 1257) اس حدیث سے نمازِ عشاء و فجر باجماعت ادا کرنے کا ثواب معلوم ہوا، نیز یہ کہ جماعت کے ساتھ فرض نماز ادا کرنے کا بہت ثواب ہے۔ ایک نماز کا ثواب 25 یا 27 نمازوں کے برابر ہے اور جماعت سے پیچھے رہ جانے پر بہت وعید آئی ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے لوگوں کے گھر جلا دینے کا ارادہ فرمایا جو نماز باجماعت سے پیچھے رہ جاتے ہیں جیسا کہ گزر چکا ہے۔