وعن ابي هريرة رضي الله عنه قال: بعث النبي صلى الله عليه وآله وسلم خيلا فجاءت برجل، فربطوه بسارية من سواري المسجد. الحديث. متفق عليه.وعن أبي هريرة رضي الله عنه قال: بعث النبي صلى الله عليه وآله وسلم خيلا فجاءت برجل، فربطوه بسارية من سواري المسجد. الحديث. متفق عليه.
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مختصر سا دستہ کسی طرف روانہ کیا۔ یہ لوگ ایک (مشرک) مرد کو (گرفتار کر کے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں) لائے اور اس کو مسجد (نبوی) کے ستونوں میں سے ایک ستون کے ساتھ باندھ دیا (قید کر دیا)۔ (بخاری و مسلم)
हज़रत अबु हुरैरा रज़ि अल्लाहु अन्ह रिवायत करते हैं कि रसूल अल्लाह सल्लल्लाहु अलैहि वसल्लम ने एक छोटा सा जत्था किसी तरफ़ रवाना किया। ये लोग एक (मुशरिक) मर्द को (पकड़ कर आप सल्लल्लाहु अलैहि वसल्लम के पास) लाए और उस को मस्जिद नबवी के खंबों में से एक खंबे के साथ बाँध दिया। (बुख़ारी और मुस्लिम)
تخریج الحدیث: «أخرجه البخاري، الصلاة، باب الاغتسال إذا أسلم، وربط الأسير...، حديث:462، ومسلم، الجهاد والسير، باب ربط الأسير وحبسه وجواز المن عليه، حديث:1764.»
Narrated Abu Hurairah (RA):
The Prophet (ﷺ) sent an expedition of horsemen who came back with a man, they then tied him to one of the pillars of the mosque. [Agreed upon].
علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 197
� لغوی تشریح: «خَيْلَا» گھڑ سواروں کا دستہ۔ «فَرَبَطُوهُ» انہوں نے اسے باندھ دیا۔ «بِسَارِيَةٍ» اس کی جمع «سَوَارِي» ہے، معنی ستون کے ہیں۔ یہ قیدی ثمامہ بن اثال رضی اللہ عنہ تھے۔ گرفتاری کے موقع پر یہ کافر تھے، بعد میں مسلمان ہو گئے تھے۔
فوائد و مسائل: ➊ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ بوقت ضرورت مشرک کا مسجد میں داخل ہونا اور اسے وہاں قید کر کے رکھنا جائز ہے۔ ➋ حکمت یہ معلوم ہوتی ہے کہ کافر و مشرک مسجد میں مسلمانوں کے ارکان اسلام میں سے نماز کو ادا کرے اپنی آنکھوں سے ملاحظہ کریں، تلاوت قرآن سنیں، صف بندی سے اتفاق و اتحاد اور یگانگت کا مظاہرہ دیکھیں، امیر و غریب کو ایک ہی صف میں دست بستہ کھڑے دیکھیں اور ان سے متأثر ہوں۔ ➌ قید ہو کر آنے والا یمامہ کا سردار ثمامہ بن اثال تھا۔ عمرے کی غرض سے آ رہا تھا کہ مسلمانوں کے ہاتھوں گرفتار ہو گیا۔ مسجد نبوی میں اسے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے تین روز تک ستون سے باندھے رکھا، آخرکار وہ دائرہ اسلام میں داخل ہو گیا۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 197
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2679
´قیدی کے باندھنے کا بیان۔` ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ سواروں کو نجد کی جانب بھیجا وہ قبیلہ بنی حنیفہ کے ثمامہ بن اثال نامی آدمی کو گرفتار کر کے لائے، وہ اہل یمامہ کے سردار تھے، ان کو مسجد کے ایک کھمبے سے باندھ دیا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے پاس گئے اور پوچھا: ”ثمامہ! تمہارے پاس کیا ہے؟“ کہا: اے محمد! میرے پاس خیر ہے، اگر آپ مجھے قتل کریں گے تو ایک مستحق شخص کو قتل کریں گے، اور اگر احسان کریں گے، تو ایک قدرداں پر احسان کریں گے، اور اگر آپ مال چاہتے ہیں تو کہئے جتنا چاہیں گے دیا جائے گا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم انہیں چھوڑ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2679]
فوائد ومسائل: 1۔ مصلحت کے تحت کافر کو مسجد میں آنے یا باندھنے کی رخصت ہے۔
2۔ رسول اللہ ﷺ اور مسلمانوں کے حسن عبادات اور حسن عادات نے ایک جنگی قیدی کو بلاجبرواکراہ اسلام کا قیدی بنا لیا۔ اور یہ دلیل ہے کہ اسلام تلوار کے زورسے نہیں پھیلا ہے۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2679
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 462
462. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک گھڑ سوار دستہ نجد کی طرف روانہ کیا۔ وہ بنوحنیفہ کے ایک شخص کو گرفتار کر کے لائے جسے ثمامہ بن اُثال ؓ کہا جاتا تھا اور اسے انهوں نے مسجد کے ایک ستون سے باندھ دیا۔ پھر نبی ﷺ تشریف لائے اور فرمایا: ”ثمامہ کو چھوڑ دو۔“ چنانچہ وہ مسجد کے قریب ایک کھجور کے باغ میں گیا، وہاں غسل کیا، پھر مسجد میں آیا اور کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور حضرت محمد اللہ کے رسول ہیں، یعنی وہ مسلمان ہو گیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:462]
حدیث حاشیہ: اثر قاضی شریح کو معمرنے وصل کیا، ایوب سے، انھوں نے ابن سیرین سے، انھوں نے قاضی شریح سے کہ وہ جب کسی شخص پر کچھ حق کا فیصلہ کرتے توحکم دیتے کہ وہ مسجد میں قیدرہے۔ یہاں تک کہ اپنے ذمہ کا حق اداکردے۔ اگروہ ادا کردیتا توخیر ورنہ اسے جیل بھیج دیاجاتا۔ یہ ایسا ہی ہے جیسا کہ آج کل عدالتوں میں عدالت ختم ہونے تک قید کا حکم سنادیا جاتاہے۔ حضرت ثمامہ ؓ کایہ واقعہ دسویں محرم 6 ھ میں ہوا۔ یہ جنگی قیدی کی حیثیت میں ملے تھے۔ مگررسول اکرم ﷺ نے ازراہِ کرم انھیں آزاد کردیا جس کا اثریہ ہوا کہ انھوں نے اسلام قبول کرلیا۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 462
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:462
462. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک گھڑ سوار دستہ نجد کی طرف روانہ کیا۔ وہ بنوحنیفہ کے ایک شخص کو گرفتار کر کے لائے جسے ثمامہ بن اُثال ؓ کہا جاتا تھا اور اسے انهوں نے مسجد کے ایک ستون سے باندھ دیا۔ پھر نبی ﷺ تشریف لائے اور فرمایا: ”ثمامہ کو چھوڑ دو۔“ چنانچہ وہ مسجد کے قریب ایک کھجور کے باغ میں گیا، وہاں غسل کیا، پھر مسجد میں آیا اور کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور حضرت محمد اللہ کے رسول ہیں، یعنی وہ مسلمان ہو گیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:462]
حدیث حاشیہ: ثمامہ بن اثال ؓ والی روایت کی تفصیل کچھ یوں ہے کہ محرم 6 ہجری میں رسول اللہ ﷺ نے حضرت محمد بن مسلمہ ؓ کی زیر سرکردگی تیس صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین پر مشتمل ایک دستہ علاقہ نجد کی طرف روانہ فرمایا۔ انھوں نے دیکھا کہ کچھ لوگ مدینہ طیبہ کی طرف جارہے ہیں، صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے ان کا راستہ روک کر سردار اثامہ بن اثال ؓ کوگرفتار کرلیا، پھر انھیں مدینہ منور ہ لایا گیا اور مسجد کے ایک ستون سے باندھ دیاگیا۔ رسول اللہ ﷺ تشریف لائے تو ثمامہ سے پوچھا: ”اے ثمامہ! تیرا کیاخیال ہے؟“وہ بولا میرا خیال بہتر ہے اگر آپ مجھے قتل کریں گے تو خون والے کو قتل کریں گے اور اگر آپ احسان کریں گے تو شکر گزار پر احسان ہوگا اور اگر آپ مال چاہیں تو جو آپ کہیں پیش کردیا جائے گا۔ رسول اللہ ﷺ یہ جواب سن کر واپس ہوگئے۔ دوسرے دن پھر یہی سوال وجواب ہوئے۔ تیسرے دن بھی ایسا ہی ہوا۔ پھر آپ نے حکم دیاکہ ثمامہ کو چھوڑ دیا جائے، چنانچہ اسے رہاکردیاگیا۔ وہ فوراً مسجد کے قریب ایک باغ میں گیا، غسل کیا اور مسجد میں آگیا، پھر کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور گواہی دیتا ہوں کہ حضرت محمداللہ کے رسول ہیں۔ پھر کہنے لگا: اے محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) اللہ کی قسم! مجھے تمام ر وئے زمین پر آپ سے زیادہ کسی سے دشمنی نہ تھی اوراب آپ مجھے سب سے زیادہ محبوب ہیں۔ اللہ کی قسم!مجھے آپ کے دین سے زیادہ کوئی دین بُرا معلوم نہ ہوتاتھا اوراب آپ کا دین مجھے سب سے زیادہ بھلا معلوم ہوتا ہے۔ اللہ کی قسم! میرے نزدیک آپ کے شہر سے بُرا کوئی شہر نہ تھا اوراب آپ کاشہر میرے نزدیک سب شہروں سے بڑھ کر پسندیدہ ہے۔ آپ کے سواروں نے جب مجھے گرفتار کیا تو میں عمرے کاارادہ کررہا تھا اب آپ اس کے متعلق کیا فرماتے ہیں؟رسول اللہ ﷺ نے اسے مبارک بار دی اور اسے عمرے کا حکم دیا، چنانچہ وہ بغرض عمرہ مکہ مکرمہ چلا آیا تو کسی نے اس سے کہا کہ تو بے دین ہوگیا ہے؟وہ بولا نہیں، بلکہ حضرت محمد ﷺ کے ساتھ ایمان لاکر مسلمان ہوگیا ہوں۔ اب تمہارے دین کی طرف رجوع نہیں کروں گا۔ اللہ کی قسم! اب تمہارے پاس یمامہ سے گندم کا ایک دانہ بھی نہیں آئے گا،ہاں!اگررسول اللہ ﷺ اس کی اجازت فرمادیں گے تو الگ بات ہے۔ (صحیح البخاري، المغازي، حدیث: 4372) اس تفصیلی روایت سے امام بخاری ؒ کے قائم کردہ عنوان کے دونوں جزثابت ہوگئے کہ کسی غیر مسلم کو مسجد میں محبوس کیاجاسکتا ہے اور اسلام لانے سے قبل غسل کرنے مسئلہ بھی ثابت ہوگیا۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 462