صحيح البخاري کل احادیث 7563 :حدیث نمبر
کتاب صحيح البخاري تفصیلات

صحيح البخاري
کتاب: اذان کے مسائل کے بیان میں
The Book of Adhan
63. بَابُ مَنْ شَكَا إِمَامَهُ إِذَا طَوَّلَ:
63. باب: اس کے بارے میں جس نے امام سے نماز کے طویل ہو جانے کی شکایت کی۔
(63) Chapter. Complaining against one’s Imam if he prolongs the prayer.
حدیث نمبر: Q704
Save to word اعراب English
وقال: ابو اسيد: طولت بنا يا بني.وَقَالَ: أَبُو أُسَيْدٍ: طَوَّلْتَ بِنَا يَا بُنَيَّ.
‏‏‏‏ ایک صحابی ابواسید (مالک بن ربیعہ) نے اپنے بیٹے (منذر) سے فرمایا بیٹا تو نے نماز کو ہم پر لمبا کر دیا۔

حدیث نمبر: 704
Save to word مکررات اعراب English
(مرفوع) حدثنا محمد بن يوسف، حدثنا سفيان، عن إسماعيل بن ابي خالد، عن قيس بن ابي حازم، عن ابي مسعود، قال: قال رجل: يا رسول الله، إني لاتاخر عن الصلاة في الفجر مما يطيل بنا فلان فيها، فغضب رسول الله صلى الله عليه وسلم، ما رايته غضب في موضع كان اشد غضبا منه يومئذ، ثم قال:" يايها الناس، إن منكم منفرين فمن ام الناس فليتجوز، فإن خلفه الضعيف والكبير وذا الحاجة".(مرفوع) حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يُوسُفَ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ، عَنْ إِسْمَاعِيلَ بْنِ أَبِي خَالِدٍ، عَنْ قَيْسِ بْنِ أَبِي حَازِمٍ، عَنْ أَبِي مَسْعُودٍ، قَالَ: قَالَ رَجُلٌ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، إِنِّي لَأَتَأَخَّرُ عَنِ الصَّلَاةِ فِي الْفَجْرِ مِمَّا يُطِيلُ بِنَا فُلَانٌ فِيهَا، فَغَضِبَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، مَا رَأَيْتُهُ غَضِبَ فِي مَوْضِعٍ كَانَ أَشَدَّ غَضَبًا مِنْهُ يَوْمَئِذٍ، ثُمَّ قَالَ:" يَأَيُّهَا النَّاسُ، إِنَّ مِنْكُمْ مُنَفِّرِينَ فَمَنْ أَمَّ النَّاسَ فَلْيَتَجَوَّزْ، فَإِنَّ خَلْفَهُ الضَّعِيفَ وَالْكَبِيرَ وَذَا الْحَاجَةِ".
ہم سے محمد بن یوسف فریابی نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے سفیان ثوری نے بیان کیا اسماعیل بن ابی خالد سے، انہوں نے قیس بن ابی حازم سے، انہوں نے ابومسعود انصاری رضی اللہ عنہ سے، آپ نے فرمایا کہ ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا کہ یا رسول اللہ! میں فجر کی نماز میں تاخیر کر کے اس لیے شریک ہوتا ہوں کہ فلاں صاحب فجر کی نماز بہت طویل کر دیتے ہیں۔ اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس قدر غصہ ہوئے کہ میں نے نصیحت کے وقت اس دن سے زیادہ غضب ناک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کبھی نہیں دیکھا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا لوگو! تم میں بعض لوگ (نماز سے لوگوں کو) دور کرنے کا باعث ہیں۔ پس جو شخص امام ہو اسے ہلکی نماز پڑھنی چاہئے اس لیے کہ اس کے پیچھے کمزور، بوڑھے اور ضرورت والے سب ہی ہوتے ہیں۔

تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

Narrated Abu Mas`ud: A man came and said, "O Allah's Apostle! I keep away from the morning prayer because so-and-so (Imam) prolongs it too much." Allah's Apostle became furious and I had never seen him more furious than he was on that day. The Prophet said, "O people! Some of you make others dislike the prayer, so whoever becomes an Imam he should shorten the prayer, as behind him are the weak, the old and the needy.''
USC-MSA web (English) Reference: Volume 1, Book 11, Number 672


حكم: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

   صحيح البخاري6110عقبة بن عمروأيكم ما صلى بالناس فليتجوز فإن فيهم المريض والكبير وذا الحاجة
   صحيح البخاري90عقبة بن عمرومن صلى بالناس فليخفف فإن فيهم المريض والضعيف وذا الحاجة
   صحيح البخاري704عقبة بن عمرومن أم الناس فليتجوز فإن خلفه الضعيف والكبير وذا الحاجة
   صحيح البخاري702عقبة بن عمروأيكم ما صلى بالناس فليتجوز فإن فيهم الضعيف والكبير وذا الحاجة
   صحيح البخاري7159عقبة بن عمروأيكم ما صلى بالناس فليوجز فإن فيهم الكبير والضعيف وذا الحاجة
   صحيح مسلم1044عقبة بن عمروأيكم أم الناس فليوجز فإن من ورائه الكبير والضعيف وذا الحاجة
   سنن ابن ماجه984عقبة بن عمروأيكم ما صلى بالناس فليجوز فإن فيهم الضعيف والكبير وذا الحاجة
   مسندالحميدي458عقبة بن عمروإن منكم منفرين، إن منكم منفرين فأيكم أم الناس فليخفف فإن فيهم الكبير، والسقيم، والضعيف، وذا الحاجة

صحیح بخاری کی حدیث نمبر 704 کے فوائد و مسائل
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:704  
حدیث حاشیہ:
(1)
امام محترم ہوتا ہے۔
وہم ہو سکتا ہے کہ شاید اس کی شکایت کرنا بے ادبی ہو، نیز حدیث میں ہے کہ منافقین پر نماز کی ادائیگی بہت بھاری ہوتی ہے، اس سے بھی شبہ ہوسکتا ہے کہ نماز کے متعلق شکایت کرنا درست نہیں کیونکہ یہ خبر محض ہے۔
امام بخاری ؒ کی دقیقہ رسی اور نکتہ آفرینی ملاحظہ کریں کہ انھوں نے باب قائم کرکے متنبہ فرمایا کہ اگر نماز مقتدی حضرات کی گردانی کا باعث ہوتو اس کی شکایت کی جا سکتی ہے۔
(2)
عام طور پر یہ بات باعث خلجان ہے کہ نماز جیسی جلیل القدر عبادت، اس کے کسی رکن میں طوالت کسی مومن مخلص کے لیے وجہ گرانی کیوں ہو؟ رسول اللہ ﷺ سے اجازت ملنے پر یہ خلجان باقی نہیں رہا۔
امام بخاری ؒ نے حدیث سے اس قسم کی شکایت کا ثبوت فراہم کردیا ہے۔
اس عنوان اور حدیث سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ کوئی امر خواہ کتنا ہی بڑا خیر کا ہو اور اس سے روکنے میں کتنی ہی نفس پر گرانی ہو مگر کسی صحیح ضرورت کے پیش نظر اس کی شکایت کی جاسکتی ہے اور اس سے روکا بھی جاسکتا ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 704   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 90  
´استاد شاگردوں کی جب کوئی ناگوار بات دیکھے تو وعظ کرتے اور تعلیم دیتے وقت ان پر خفا ہو سکتا ہے`
«. . . قَالَ رَجُلٌ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، لَا أَكَادُ أُدْرِكُ الصَّلَاةَ مِمَّا يُطَوِّلُ بِنَا فُلَانٌ، فَمَا رَأَيْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي مَوْعِظَةٍ أَشَدَّ غَضَبًا مِنْ يَوْمِئِذٍ . . .»
. . . ایک شخص (حزم بن ابی کعب) نے (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں آ کر) عرض کیا۔ یا رسول اللہ! فلاں شخص (معاذ بن جبل) لمبی نماز پڑھاتے ہیں اس لیے میں (جماعت کی) نماز میں شریک نہیں ہو سکتا (کیونکہ میں دن بھر اونٹ چرانے کی وجہ سے رات کو تھک کر چکنا چور ہو جاتا ہوں اور طویل قرآت سننے کی طاقت نہیں رکھتا) (ابومسعود راوی کہتے ہیں) کہ اس دن سے زیادہ میں نے کبھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو وعظ کے دوران اتنا غضب ناک نہیں دیکھا . . . [صحيح البخاري/كِتَاب الْإِيمَانِ: 90]
تشریح:
غصہ کا سبب یہ کہ آپ پہلے بھی منع کر چکے ہوں گے دوسرے ایسا کرنے سے ڈر تھا کہ کہیں لوگ تھک ہار کر اس دین سے نفرت نہ کرنے لگ جائیں۔ یہیں سے ترجمہ باب نکلتا ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 90   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7159  
7159. سیدنا ابو مسعود انصاری ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ ایک آدمی رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہا: اللہ کے رسول! اللہ کی قسم! میں صبح کی نماز میں فلاں کی وجہ سے شرکت نہیں کرتا کیونکہ وہ ہمیں لمبی نماز پڑھاتا ہے۔ابو مسعود ؓ کہتے ہیں: میں نے نبی ﷺ کو کسی وعظ میں اس دن سے زیادہ غصے کی حالت میں نہیں دیکھا۔پھر آپ نے فرمایا: اے لوگو! تم میں سے کچھ لوگ دوسروں کو نفرت دلاتے ہیں لہذٰا تم میں سے جوبھی لوگوں کو نماز پڑھائے تو اسے چاہیے کہ اختصار کرے کیونکہ جماعت میں بوڑھے، کمزور اور ضرورت مند بھی ہوتے ہیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7159]
حدیث حاشیہ:
آنحضرت صلی اللہ علیہ ولم کتنے بھی غضبناک ہوں آپ کے ہوش و حواس قائم ہی رہتے تھے۔
اس لیے اس حالت میں آپ کا یہ ارشاد بالکل بجا تھا۔
اس سے امام کو سبق لینا چاہئے کہ مقتدی کا لحاظ کتنا ضروری ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7159   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6110  
6110. حضرت ابو مسعود ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ ایک شخص نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی: میں فلاں (امام) کی وجہ سے صبح کی نماز باجماعت سے پیچھے رہتا ہوں کیونکہ وہ بہت لمبی نماز پڑھاتا ہے۔ راوی کہتا ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو اس دن سے زیادہ وعظ ونصیحت کرتے ہوئے غصے میں کبھی نہیں دیکھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: اے لوگو! تم میں سے کچھ لوگ دوسروں کو نفرت دلانے والے ہیں تم میں سے اگر کوئی دوسروں کو نماز پڑھائے تو نماز میں تخفیف کرے کیونکہ نمازیوں میں کوئی بیمار ہوتا ہے کوئی بوڑھا ہوتا ہے اور کوئی کام کاج کرنے والا ہوتا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6110]
حدیث حاشیہ:
لہٰذا سب کا لحاظ ضروری ہے۔
ائمہ حضرات کو اس میں بہت ہی بڑا سبق ہے کاش امام حضرات ان پر توجہ دے کر اس حدیث کو ہمہ وقت اپنے ذہن میں رکھیں اوراس پر عمل کریں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6110   

  الشيخ محمد حسين ميمن حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 7159  
´قاضی کو فیصلہ یا فتویٰ غصہ کی حالت میں دینا درست ہے یا نہیں`
«. . . عَنْ أَبِي مَسْعُودٍ الْأَنْصَارِيِّ، قَالَ: جَاءَ رَجُلٌ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ،" إِنِّي وَاللَّهِ لَأَتَأَخَّرُ عَنْ صَلَاةِ الْغَدَاةِ مِنْ أَجْلِ فُلَانٍ مِمَّا يُطِيلُ بِنَا فِيهَا، قَالَ: فَمَا رَأَيْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَطُّ أَشَدَّ غَضَبًا فِي مَوْعِظَةٍ مِنْهُ يَوْمَئِذٍ، ثُمَّ قَالَ: يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّ مِنْكُمْ مُنَفِّرِينَ، فَأَيُّكُمْ مَا صَلَّى بِالنَّاسِ فَلْيُوجِزْ، فَإِنَّ فِيهِمُ الْكَبِيرَ وَالضَّعِيفَ وَذَا الْحَاجَةِ . . .»
. . . ابومسعود انصاری رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ ایک آدمی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور عرض کیا: یا رسول اللہ! میں واللہ صبح کی جماعت میں فلاں (امام معاذ بن جبل یا ابی بن کعب رضی اللہ عنہما) کی وجہ سے شرکت نہیں کر پاتا کیونکہ وہ ہمارے ساتھ اس نماز کو بہت لمبی کر دیتے ہیں۔ ابومسعود رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو وعظ و نصیحت کے وقت اس سے زیادہ غضب ناک ہوتا کبھی نہیں دیکھا جیسا کہ آپ اس دن تھے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اے لوگو! تم میں سے بعض نمازیوں کو نفرت دلانے والے ہیں، پس تم میں سے جو شخص بھی لوگوں کو نماز پڑھائے اسے اختصار کرنا چاہئے کیونکہ جماعت میں بوڑھے، بچے اور ضرورت مند سب ہی ہوتے ہیں۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الْأَحْكَامِ: 7159]
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 7159 کا باب: «بَابُ هَلْ يَقْضِي الْحَاكِمُ أَوْ يُفْتِي وَهْوَ غَضْبَانُ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے باب قائم فرمایا کہ قاضی غصے کی حالت میں فتوی نہ دے، تحت الباب جو حدیث سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ سے نقل فرمائی اس کا تعلق باب سے واضح ہے جبکہ جو حدیث سیدنا ابومسعود رضی اللہ عنہ سے نقل فرمائی ہے اس کا باب سے تعلق نہیں بنتا، کیوں کہ اس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے غصے کی حالت میں فیصلہ سنایا تھا، جو کہ ظاہری باب سے مطابقت نہیں بنتی، چنانچہ باب اور حدیث میں مناسبت دیتے ہوئے علامہ ابن المنیر رحمہ اللہ رقمطراز ہیں:
«أدخل فى ترجمة الباب الحديث الأول، وهو دليل على منع الغضب، وأدخل الحديث الثاني وهو دليل جواز القضاء مع الغضب تنبيهًا منه على الجمع، فإما أن يحمل قضاء النبى صلى الله عليه وسلم على الخصوصية به العصمة، و الامن من التعدي.» [المتوري على ابواب البخاري: ص 232، 233]
یعنی ابن المنیر رحمہ اللہ کے کہنے کا مقصد یہ ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے حدیث سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ جو پیش فرمائی ہے اس میں غصے میں فیصلہ کرنے سے منع ہے، پھر اس کے بعد حدیث ثانی سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ کی پیش فرمائی ہے جو اس بات پر جواز قائم کرتی ہے غصے کی حالت میں فیصلہ کرنے پر، پس غصے کی حالت میں فیصلہ کرنے والی حدیث یہ نبی کریم صلى اللہ علیہ وسلم کی خصوصیت میں سے ہے کیونکہ غصے کی حالت میں بھی نبی کریم صلى اللہ علیہ وسلم کو تعدی سے امن دیا گیا ہے (یعنی اس حالت میں بھی آپ صلى اللہ علیہ وسلم حق کے سوا کچھ نہیں فرماتے).
ابن المنیر رحمہ اللہ کے ان اقتباسات سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ غصے کی حالت میں فیصلہ کرنا یہ صرف نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہی کا خاصہ تھا، کیوں کہ امت کو غصہ کی حالت میں فیصلہ کرنے سے روک دیا گیا ہے، لہٰذا امام بخاری رحمہ اللہ کا ان روایات کو پیش کرنے کا مقصد یہی ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی شخص غصہ کی حالت میں فیصلہ نہ دے جیسا کہ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کی حدیث سے ثابت ہے، اور سیدنا ابومسعود رضی اللہ عنہ کی حدیث پیش اس لیے کی کہ اس مسئلہ کا جواز ثابت کیا جائے، مگر کون ہے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مثل کہ غصہ کی حالت میں بھی اپنی زبان سے حق ہی ادا کرے «(ما يخرج منه إلا حق)» لہٰذا کوئی امتی غصہ کی حالت میں فیصلہ نہ دے، کیوں کہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مثل نہیں ہو سکتا۔ «فمن كان فى مثل حاله جاز و إلا، منع»
   عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم، حدیث/صفحہ نمبر: 288   

  الشيخ محمد حسين ميمن حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 702  
´امام کو چاہئے کہ قیام ہلکا کرے اور رکوع اور سجود پورے پورے ادا کرے`
«. . . قَالَ:" إِنَّ مِنْكُمْ مُنَفِّرِينَ فَأَيُّكُمْ مَا صَلَّى بِالنَّاسِ فَلْيَتَجَوَّزْ، فَإِنَّ فِيهِمُ الضَّعِيفَ وَالْكَبِيرَ وَذَا الْحَاجَةِ . . .»
. . . آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم میں سے کچھ لوگ یہ چاہتے ہیں کہ (عوام کو عبادت سے یا دین سے) نفرت دلا دیں، خبردار تم میں لوگوں کو جو شخص بھی نماز پڑھائے تو ہلکی پڑھائے۔ کیونکہ نمازیوں میں کمزور، بوڑھے اور ضرورت والے سب ہی قسم کے لوگ ہوتے ہیں . . . [صحيح البخاري/كِتَاب الْأَذَانِ: 702]
فوائد و مسائل:
باب اور حدیث میں مناسبت:
باب اور حدیث میں مناسبت بظاہر خلاف ہے کیونکہ حدیث میں قیام کا مختصر ہونا ثابت ہوتا ہے لیکن امام بخاری رحمہ اللہ نے باب میں رکوع اور سجود کا ذکر بھی فرمایا کہ ان کو مکمل ادا کیا جائے، امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی عادت کے موافق دوسرے طرق کی طرف اشارہ فرمایا ہے جس میں واضح الفاظ ہیں کہ رکوع اور سجود کو مکمل کرنا چاہئے۔

◈ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«و فى الطبراني من حديث عدي بن حاتم رضى الله عنه من امنا فليتم الركوع والسجود» [فتح الباري ج 2 ص252]
جو کوئی امامت کروائے تو اسے چاہئیے کہ وہ رکوع اور سجود کو پورا کرے۔ لہٰذا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا تخفیف کا حکم دینا قیام کے لیے تھا نہ کہ رکوع اور سجود کے لیے یہی بات ابن المنیر نے بھی فرمائی ہے۔ [ديكهيے المتواري ج1 ص100]

◈ علامہ عینی رحمہ اللہ نے اسی تطبیق کی طرف اشارہ فرمایا ہے کہ قیام میں تو تخفیف سے کام لیا جائے، مگر رکوع اور سجود کے مکمل میں کسی کو کوئی مشق نہیں ہوتی۔ [عمدة القاري ج5 ص257]
لہٰذا ان احادیث و اقوال سے واضح ہوتا ہے کہ قیام اگرچہ مختصر ہو مگر رکوع اور سجود مکمل ہوں کیونکہ رکوع اور سجود کے مکمل کرنے میں کسی کو کوئی مشقت نہیں۔

◈ ابن المنیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«ان الوارد التخفيف فى القيام لا فى الركوع والسجود» [المتواري, ص100]
اس تخفیف کا حکم قیام میں ہے نہ کہ رکوع اور سجود میں۔‏‏‏‏

◈ شاہ ولی اللہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد اس ترجمۃ الباب سے حدیث میں مذکور لفظ «فليتجوز» کی تفسیر ہے کہ تجوز اختصار کا تعلق قرآت و قیام کے ساتھ ہے، باقی اس کے علاوہ رکوع و سجود مکمل ادا کرنا چاہیے۔ [شرح تراجم ابواب البخاري، ص226]

اشکال:
یہاں پر ایک اشکال بھی وارد ہوتا ہے کہ حدیث مبارک کے الفاظ عام ہیں کہ جو بھی نماز پڑھائے تو وہ تخفیف کرے۔ لیکن امام بخاری رحمہ اللہ نے اس تخفیف کو صرف قیام پر ہی لاگو کیوں فرمایا؟
الجواب:
اس اعتراض کا جواب دیتے ہوے علامہ کرمانی رحمہ اللہ رقمطراز ہیں:
«الواو بمعنى مع كأنه قال باب التخفيف بحيث لا يفوته شيئ من الواجبات» [الكواكب الدراري، ج5، ص75]
«واتمام الركوع والسجود» میں واؤ بمعنیٰ مع ہے یعنی تخفیف قیام میں ہو گی مع اتمام الرکوع والسجود کے
شارحین کی وضاحت سے واضح ہوا کہ امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد یہ ہے کہ قیام ہلکا ہو لیکن رکوع اور سجود کا اتمام ضرور ہو تخفیف کا حکم قیام کے ساتھ ہے نہ کہ رکوع اور سجود کے ساتھ۔

فائدہ:
مندرجہ بالا حدیث سے مطلق نماز میں تخفیف ہے کیونکہ اکثریت میں کمزور، حاجت مند اور بوڑھے ہوتے ہیں بالغرض اگر یہ نا بھی ہوں تب بھی نماز کے قیام کو ہلکا پڑھنا بالاولی بہتر ہے ہاں اگر بندہ تنہا نماز پڑھے تو جتنی چاہے نماز کو طول دے تو وہ دے سکتا ہے بعین اسی طرح کا واقعہ ایک اور صحابی سے منقول ہے جسے امام ابویعلیٰ الموصلی نے حسن سند کے ساتھ ذکر فرمایا کہ:
«كان ابي بن كعب يصلي باهل قباء فاستفتح سورة طويلة فدخل معه غلام من الانصار فى الصلاة، فلما سمعه استفتاحه انفتل من صلاته، فغضب ابي فاتى النبى صلى الله عليه وسلم يشكو الغلام، واتى الغلام يشكوا ابيا، فغضب النبى صلى الله عليه وسلم حتي عرف الغضب فى وجهه ثم قال: ان منكم منفرين، فاذا صليتم فاوجزوا فان خلفكم الضعيف والكبير والمريض و ذالحاجة» [مسند ابي يعلي الموصلي رقم الحديث 1792, وذكره حافظ فى الفتح ج2 ص252]
سیدنا ابی ابن کعب رضی اللہ عنہ اہل قباء والوں کو نماز پڑھایا کرتے تھے پس انہوں نے ایک لمبی سورت نماز میں شروع کی تو ایک غلام انصار کا وہ نماز سے پھر گیا (اس کے اس فعل پر) ابی بن کعب رضی اللہ عنہ غصے ہوئے اور وہ اس لڑکے کی شکایت لے کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوئے اور اس نے ابی بن کعب کی شکایت نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے کی (ابی بن کعب کے نماز طویل پڑھانے پر) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم غصے ہوئے حتی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک چہرے پر غصہ نمایاں ہوا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد مبارک فرمایا یقیناًً تم میں سے کچھ ایسے ہیں جو (عبادت سے) نفرت کرواتے ہیں، پس جب تم نماز پڑھاؤ تو ہلکی پڑھاؤ، یقیناًً تمہارے پیچھے کمزور، بوڑھے مریض اور ضرورت مند ہوا کرتے ہیں۔
مندرجہ بالاحدیث سے واضح ہوا کہ نماز میں تخفیف کرنے کو پسند کیا گیا ہے۔ جب کہ آدمی نماز پڑھا رہا ہو۔
   عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول، حدیث/صفحہ نمبر: 188   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث984  
´جو شخص امامت کرے وہ نماز ہلکی پڑھائے۔`
ابومسعود انصاری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک آدمی آیا، اور اس نے عرض کیا: اللہ کے رسول! میں فلاں شخص کی وجہ سے فجر کی نماز میں دیر سے جاتا ہوں، اس لیے کہ وہ نماز کو بہت لمبی کر دیتا ہے، ابومسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اتنا سخت غضبناک کبھی بھی کسی وعظ و نصیحت میں نہیں دیکھا جتنا اس دن دیکھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگو! تم میں کچھ لوگ نفرت دلانے والے ہیں، لہٰذا تم میں جو کوئی لوگوں کو نماز پڑھائے ہلکی پڑھائے، اس لیے کہ لوگوں میں کمزور، بوڑھے اور ضرورت م۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 984]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
کسی ذمہ دار یا افسر کی شکایت اس سے بالاتر شخصیت کے سامنے پیش کرنا غیبت میں شامل نہیں۔

(2)
نماز باجماعت سے جان بوجھ کر پیچھے رہنا جائز نہیں۔
لیکن امام کے طویل نماز پڑھانے کی وجہ سے اس شخص کے جان بوجھ کر پیچھے رہنے پر نبی ﷺ ناراض نہیں ہوئے۔
بلکہ اسے ایک معقول عذر قرار دیا۔

(4)
نماز میں تخفیف مناسب ہے لیکن تخفیف کا مقصد بہت زیادہ مختصر کردینا نہیں۔
بلکہ تقریباً اتنی مقدار میں تلاوت کریں جتنی رسول اللہ ﷺ کرتے تھے۔
آپﷺ فجر نماز میں ساٹھ سے سو آیات تک تلاوت کرتے تھے۔
دیکھئے: (سنن ابن ماجه، اقامة الصلاة، باب القراءة فی صلاة الفجر، حدیث: 818)

(5)
ضرورت مند کا مطلب یہ ہے کہ نماز باجماعت میں ایسے مسلمان بھی شریک ہوتے ہیں جنھیں نماز کے بعد کوئی ضروری کام کرنا ہوتا ہے اورطویل قراءت سے انھیں پریشانی ہوتی ہے۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 984   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:458  
458- سیدنا ابومسعود انصاری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: ایک شخص نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا، اس نے عرض کی: یا رسول اللہ (ﷺ)! میں صبح کی نماز باجماعت میں اس لئے شریک نہیں ہو پایا، کیونکہ فلاں صاحب ہمیں طویل نماز پڑھاتے ہیں۔ راوی کہتے ہیں: وعظ و نصیحت کرتے ہوئے میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس دن جتنے غصے میں دیکھا، اتنا غصے میں کبھی نہیں دیکھا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم میں سے بعض لوگ متنفر کردیتے ہیں، تم میں بعض لوگ متنفر کردیتے ہیں۔ جس شخص نے لوگوں کو نماز پڑھانی ہو، وہ مختصر نماز پڑھائے، کیونکہ لوگوں میں بڑی عمر کا آدمی، بیمار آدمی، کمزور آدم۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:458]
فائدہ:
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ نماز درمیانے قیام و رکوع اور سجدوں والی ہونی چاہیے، تا کہ لوگ متنفر نہ ہوں، مقتدیوں کا ہر لحاظ سے خیال رکھ کر نماز پڑھانی چاہیے۔ اگر نماز لمبی کروانی ہے تو پہلے لوگوں کی مسلسل ذہن سازی کی جائے، اور ماحول پیدا کیا جائے، اور وہ کبھی کبھار ہونی چاہیے، اگر قرٱت روزانہ طویل ہوگی، تو اس سے بھی فتنہ برپا ہوگا، ہر معاملے میں اعتدال کو نہیں چھوڑ نا چا ہیے۔
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 458   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:90  
90. حضرت ابو مسعود انصاری ؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے عرض کیا: یا رسول اللہ! میرے لیے نماز باجماعت پڑھنا مشکل ہو گیا ہے کیونکہ فلاں صاحب نماز بہت لمبی پڑھاتے ہیں۔ (ابومسعود انصاری ؓ کہتے ہیں:) میں نے نبی ﷺ کو نصیحت کے وقت اس دن سے زیادہ کبھی غصے میں نہیں دیکھا۔ آپ نے فرمایا: لوگو! تم دین سے نفرت دلانے والے ہو، دیکھو جو کوئی لوگوں کو نماز پڑھائے، اسے چاہیے کہ تخفیف کرے کیونکہ ان (مقتدیوں) میں بیمار، ناتواں اور صاحبِ حاجت بھی ہوتے ہیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:90]
حدیث حاشیہ:

اسلامی تعلیمات میں غصے، ناراضی کو اچھی نظر سے نہیں دیکھا گیا کیونکہ اس سے نفرت کےجذبات پروان چڑھتے ہیں اور اخوت ومودت کی فضا قائم نہیں رہتی لیکن استاد کا غصہ مختلف حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ استاد کا مقصود تعلیم دینا ہوتا ہے تو اس میں بعض دفعہ سختی کی بھی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے استاد کا غصہ مقصد تعلیم کے خلاف نہیں ہے۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ ان احادیث کے پیش نظر یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ تعلیم کے موقع پر اگرضرورت ہوتو غصے سے بھی کام لیا جا سکتا ہے بلکہ بعض اوقات مستحسن ہے، مثلاً:
کوئی طالب علم غیر حاضری کرتا ہے یا گستاخی اور بے ادبی کا ارتکاب کرتا ہے یا حاضری کے باوجود اسباق میں توجہ نہیں دیتا تو استاد کوڈانٹنے اور غصے ہونے کا حق ہے شفقت ومہربانی اپنی جگہ مطلوب ہے اورغصے کا اظہار اپنے محل پر۔

اصلاح معاشرہ کے لیے طریق نبوی یہ ہے کہ وعظ وارشاد میں کسی خاص شخص کا نام لے کر اسے نشانہ نہ بنایاجائے بلکہ ایک اصولی بات کہہ دی جائے جس سے مقصد بھی حاصل ہوجائے اور مخاطب کو شرمندگی بھی نہ ہو، یا کسی وقت الگ اسے غلطی پر تنبیہ کردی جائے کیونکہ بھرے مجمع میں کسی کو نشانہ بنانے سے بعض اوقات وہ ضد اور ہٹ دھرمی پر اتر آتا ہے۔

اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ائمہ مساجد کواپنے مقتدی حضرات کاخیال رکھنا چاہیے کیونکہ امام کا اس قدر لمبی قراءت کرنا جس میں بیماروں، کمزوروں اور ضرورت مندوں کا لحاظ نہ ہو، شان امامت اور موضوع امامت کے خلاف ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے موقع پر بہت سختی سے نوٹس لیا اور فرمایا کہ تم لوگوں کونماز باجماعت سے نفرت دلانے والے ہو۔

امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے عنوان میں وعظ وتعلیم کے مواقع پر غصہ کرنے کا ذکر کیا ہے جس کامطلب یہ معلوم ہوتا ہے کہ فیصلہ کرتے وقت غضبناک ہونا جائز نہیں کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جج کو بحالت غصہ فیصلہ کرنے سے منع فرمایا ہے، البتہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بحالت غصہ بھی فتویٰ دینے یا فیصلہ کرنے کے مجاز تھے کیونکہ یہ آپ کاخاصہ تھا۔
آپ کسی حالت میں بھی حق سےانحراف نہیں فرماتے تھے۔
(صحیح البخاري، الأحکام، حدیث: 7160، وفتح الباري: 247/1)

اس حدیث میں شکایت کنندہ نے کہا:
میرے لیے نماز باجماعت پڑھنا مشکل ہو گیا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ میں نماز باجماعت کے قریب نہیں جاتا بلکہ بعض اوقات دانستہ اس سے دیر کرتا ہوں کیونکہ جماعت میں قراءت بہت طویل ہوتی ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سخت ناراض اس لیے ہوئے کہ شاید آپ پہلے بھی اس سے منع فرماچکے تھے۔
(فتح الباري: 246/1)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 90   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:702  
702. حضرت ابومسعود انصاری ؓ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے عرض کیا: اللہ کے رسول! اللہ کی قسم! میں نماز فجر میں فلاں شخص کی طوالت کی وجہ سے پیچھے رہ جاتا ہوں۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کو کبھی نصیحت کے وقت اس دن سے زیادہ غضب ناک نہیں دیکھا۔ اس کے بعد آپ نے فرمایا: تم میں سے کچھ لوگ دوسروں کو متنفر کرتے ہیں، لہٰذا جو شخص تم میں سے لوگوں کو نماز پڑھائے تو اختصار سے کام لے کیونکہ مقتدیوں میں کمزور، بوڑھے اور ضرورت مند بھی ہوتے ہیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:702]
حدیث حاشیہ:
(1)
رسول اللہ ﷺ کے متعلق احادیث میں ہے کہ آپ نماز میں تخفیف کرتے تھے۔
امام بخاری ؒ نے ان احادیث کی شرح فرما دی کہ تخفیف سے کیا مراد ہے، یعنی اس سے ارکان وتعدیل میں تخفیف مراد نہیں بلکہ قیام وقراءت میں تخفیف ہے۔
رکوع وسجود میں تخفیف نہیں کرنی چاہیے، چنانچہ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے عثمان بن ابی العاص ؓ سے فرمایا کہ تو اپنی قوم کا امام ہے، لہٰذا تجھے اپنے کمزور لوگوں کا خیال رکھنا چاہیے۔
(سنن أبي داود، الصلاة، حدیث: 531)
(2)
مسند ابی یعلی میں یہ حدیث تفصیل سے بیان ہوئی ہے کہ حضرت ابی بن کعب ؓ قباء میں لوگوں کو نماز پڑھاتے تھے۔
ایک دن صبح کی نماز میں ایک لمبی سورت پڑھی تو ایک انصاری نوجوان نماز چھوڑ کرچلا گیا۔
اس پر حضرت ابی بن کعب کو بہت غصہ آیا اور اس نے رسول اللہ ﷺ کے پاس آکر اس کی شکایت کی۔
پھر اس نوجوان نے آپ کی خدمت میں حاضر ہوکر حضرت ابی کا شکوہ کیا۔
رسول اللہ ﷺ کو اس وقت بہت غصہ آیا۔
اس حالت میں آپ نے فرمایا کہ تم میں سے بعض لوگ دوسروں کو نفرت دلاتے ہیں۔
جب نماز پڑھاؤتو اختصار کو ملحوظ رکھو کیونکہ تم میں کمزور، بوڑھے، بیمار اور ضرورت مند ہوتے ہیں۔
(مسند أبي یعلٰی: 3/334، حدیث: 1798) (3)
واضح رہے کہ امام بخاری ؒ کے بعض عنوانات مسائل کے استنباط کے لیے نہیں ہوتے بلکہ ان کے ذریعے سے حدیث کی وضاحت کرنا مقصود ہوتا ہے۔
مذکورہ عنوان بھی اسی قبیل سے ہے کیونکہ اس کے ذریعے سے پیش کردہ حدیث کی وضاحت کی گئی ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 702   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6110  
6110. حضرت ابو مسعود ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ ایک شخص نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی: میں فلاں (امام) کی وجہ سے صبح کی نماز باجماعت سے پیچھے رہتا ہوں کیونکہ وہ بہت لمبی نماز پڑھاتا ہے۔ راوی کہتا ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو اس دن سے زیادہ وعظ ونصیحت کرتے ہوئے غصے میں کبھی نہیں دیکھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: اے لوگو! تم میں سے کچھ لوگ دوسروں کو نفرت دلانے والے ہیں تم میں سے اگر کوئی دوسروں کو نماز پڑھائے تو نماز میں تخفیف کرے کیونکہ نمازیوں میں کوئی بیمار ہوتا ہے کوئی بوڑھا ہوتا ہے اور کوئی کام کاج کرنے والا ہوتا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6110]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان ائمۂ مساجد کا بڑی سختی سے نوٹس لیا ہے جو دوران نماز میں اپنے نمازیوں کا خیال نہیں رکھتے بلکہ لمبی لمبی نمازیں پڑھا کر انہیں اس دینی فریضے سے متنفر کرتے ہیں۔
اس میں ہمارے لیے بہت بڑا سبق ہے کہ ہمیں دوران جماعت میں اپنے مقتدی حضرات کا خیال رکھنا چاہیے اور اپنی قراءت کو مختصر کرنا چاہیے، ہاں اگر کوئی اکیلا نماز پڑھ رہا ہو تو وہ لمبی قراءت کر کے اپنا شوق پورا کر سکتا ہے لیکن اسے دوران جماعت میں ایسا کرنے کی اجازت نہیں۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6110   

  حافظ زبير على زئي رحمه الله، رد حدیث اشکال، صحیح بخاری 90  
«حدثنا محمد بن كثير، قال: اخبرنا سفيان، عن ابن ابي خالد، عن قيس بن ابي حازم، عن ابي مسعود الانصاري، قال: ...» [صحيح بخاري 90]
سفیان ثوری رحمہ اللہ صحیح بخاری کی یہ حدیث «عن» سے روایت کر رہے ہیں۔
بعض لوگ عن والی روایت پر اعتراض کرتے ہیں کہتے ہیں، سماع کی تصریح یا متابعت ثابت کریں۔
(2) صحیح بخاری باب الغضب فی الموعظۃ ج1 ص19 (ح 90) اس روایت میں زہیر (وغیرہ) نے سفیان کی متابعت کر رکھی ہے، صحیح بخاری کتاب الاذان باب تخفیف الامام فی القیام…… (ح 1702)
حوالہ: فتاویٰ علمیہ (توضیح الاحکام) جلد 2، ص 315
   فتاویٰ علمیہ (توضیح الاحکام)، حدیث/صفحہ نمبر: 315   


https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.