سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بادصبا (یعنی مشرقی ہوا) کے ذریعہ میری مدد کی گئی اور (قوم) عاد، مغربی ہوا سے برباد کی گئی تھی۔
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے اللہ! ہمارے شام میں اور ہمارے یمن میں برکت دے۔“ کہتے ہیں کہ لوگوں نے عرض کی اور ہمارے نجد میں بھی (برکت کی دعا مانگیں) تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے اللہ! ہمارے شام میں اور ہمارے یمن میں برکت دے۔“ کہتے ہیں کہ صحابہ نے عرض کی اور ہمارے نجد میں (بھی برکت کی دعا مانگیں) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”وہاں زلزلے ہوں گے اور فتنے ہوں گے اور شیطان کا گروہ وہیں سے نکلے گا۔“
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”غیب کی کنجیاں پانچ ہیں جن کو اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ (1) کوئی نہیں جانتا کہ کل کیا ہو گا (2) کوئی نہیں جانتا کہ شکم مادر میں کیا چیز ہے (3) کوئی نہیں جانتا کہ وہ کل کیا کرے گا (4) کوئی نہیں جانتا کہ وہ کس مقام میں مرے گا (5) کوئی نہیں جانتا کہ بارش کب ہو گی۔