عبد ہ بن سلیمان نے ہشام (بن عروہ) سے انھوں نے اپنے والد سے اور انھوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے اس عزوجل کے فرمان: "اور جو فقیر ہو وہ دستور کے مطابق کھالے"کے متعلق روایت کی (عائشہ رضی اللہ عنہا نے) فرمایا: "یہ آیت یتیم کے مال کے ایسے متولی کے بارے میں نازل ہوئی ہے جو اس کی نگہداشت کرتا ہے اور اس کو سنوارتا (بڑھاتا) ہے کہ اگر وہ ضرورت مند ہے تو اس میں سے (خودبھی) کھاسکتا ہے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے اس عزوجل کے فرمان:"اور جو فقیر ہو وہ دستور کے مطابق کھالے"(نساء:آیت نمبر۔6)کے متعلق روایت کی (عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے)فرمایا:"یہ آیت یتیم کے مال کے ایسے متولی کے بارے میں نازل ہوئی ہے جو اس کی نگہداشت کرتا ہے اور اس کو سنوارتا (بڑھاتا)ہے کہ اگر وہ ضرورت مند ہے تو اس میں سے کھاسکتا ہے۔
ابو اسامہ نے کہا: ہمیں ہشام نے اپنے والد سے حدیث بیان کی، انھوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے اس عزوجل کے فرمان: "اور جو شخص غنی ہو وہ اجتناب کرے اور جو شخص ضرورت مند ہو۔وہ عرف اور رواج کے مطابق کھالے"کے متعلق روایت کی (عائشہ رضی اللہ عنہا نے) کہا: یہ (آیت) یتیم کے سر پرست کے متعلق نازل ہوئی کہ جب وہ محتاج ہو تو اس کے امل میں سے معروف طریقے سے اتنا لے سکتا ہے جتنا اپنا مال (استعمال کرتا تھا۔)
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے ارشاد"اور جو مستغنی ہو،بے نیاز ہو،وہ بچے(کچھ نہ لے) اور جو محتاج ہو،وہ دستور کے مطابق کھالے،"کے بارے میں فرماتی ہیں،یہ آیت یتیم بچے کےنگران کے بارے میں اتری ہے،وہ اس کے مال سے لے سکتا ہے،اگر محتاج(ضرورت مند) ہو،دستور کےمطابق،مال کی مقدار کو ملحوظ رکھتے ہوئے۔
عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے اس (اللہ) عزوجل کے فرمان: "جب کافرتم پر چڑھ آئے تمھارے اوپر کی جانب سے اور تمھارے نیچے کی طرف سے اور جب آنکھیں پھر گئیں اور دل منہ کو آنے لگے"کے متعلق روایت کی، (عائشہ رضی اللہ عنہا نے) فرمایا: "یہ خندق کے روزہوا تھا۔
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا اللہ عزوجل کے اس ارشاد اور جب وہ(کافر) تم پر تمہارے اوپر تمہارے نیچے سے چڑھ آئے اور جب آنکھیں پھر گئیں اور کلیجے منہ کو آنے لگے،"کے بارے میں فرماتی ہیں،یہ خندق کے روز کا واقعہ ہے۔
عبد ہ بن سلیمان نے کہا: ہمیں ہشام (ابن عروہ) نے اپنے والدسے اور انھوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے (آیت): "اور اگر کوئی عورت اپنے خاوند کی طرف سےبے رغبتی یاروگردانی کا اندیشہ محسوس کرے"مکمل آیت کے بارے میں روایت کی (عائشہ رضی اللہ عنہا نے) فرمایا: یہ آیت اس عورت کے متعلق نازل ہوئی تھی۔جو کسی مردکے نکاح میں ہو۔اس کی صحبت میں لمبا عرصہ بیت کیا ہو وہ اسے طلاق دینا چاہے تو وہ (عورت) کہے مجھے طلاق نہ دواپنے پاس رکھو۔تم میری طرف سے (میرے واجبات سے) بری الذمہ ہو، چنانچہ یہ آیت نازل ہوئی۔
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا،اس آیت اوراگرعورت کو اپنے خاوند سے نفرت وکراہت(بدسلوکی) اور اعراض (بے رخی) کا خطرہ ہو،(نساء نمبر128) کے بارے میں فرماتی ہیں،یہ اس عورت کے بارے میں اتری ہے،جو کسی مرد کی صحبت ورفاقت میں طویل عرصہ گزارتی ہے،اب وہ اسے طلاق دینا چاہتا ہے،تو وہ اسے کہتی ہے،مجھے طلاق نہ دو اور مجھے اپنے پاس رکھو اور میں تمھیں اجازت دیتی ہوں،(تم میری باری دوسری بیوی کو دے دویا دوسری شادی کرلو،"تو یہ آیت اتری۔
ابو اسامہ نے کہا: ہمیں ہشام بن عروہ نے اپنے والد سے بیان کیا انھوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے اس (اللہ) عزوجل کے فرمان: "اگر کوئی عورت اپنے خاوندکی طرف سے بے رغبتی یاروگردانی کا اندیشہ محسوس کرنے کے متعلق روایت کی (عائشہ رضی اللہ عنہا نے) فرمایا: "یہ (آیت) اس عورت کے متعلق نازل ہو ئی جو (مدت سے) کسی مرد کے ہاں ہو۔ (اسے اندیشہ ہو) کہ شاید اب وہ اس سے (اپنے تعلق کو) زیادہ نہ کرے گا۔اور اس عورت) کو اس کا ساتھ میسرہو اور اولاد ہو اور یہ نہ چاہے کہ وہ (مرد) سے چھوڑدے تو اس سے کہہ دے کہ تم میرے معاملے میں (حقوق زوجیت سے) بری الذمہ ہو۔
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا اللہ عزوجل کے فرمان،"اور اگر عورت کو اپنے خاوند کی بدسلوکی اور بے رخی کا خوف ہو،"کےبارے میں فرماتی ہیں،یہ آیت اس عورت کے بارے میں نازل ہوئی،جو کسی مرد کی بیوی ہے،شاید وہ اس سے زیادہ دلچسپی نہیں رکھتا،وہ اس کوپسند نہیں ہے،لیکن وہ اس کے ساتھ عرصہ گزارچکی ہے اور اولاد بھی ہے اور اس کویہ بات ناپسند ہے کہ خاوند اس کو چھوڑدے،اس لیے وہ اس کو کہتی ہے،تجھے میرے معاملہ میں آزادی ہے۔
ابو معاویہ نے ہشام بن عروہ سے اور انھوں نے اپنے والد سے روایت کی، انھوں نے کہا: مجھ سے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا بھانجے!لوگوں کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب کے لیے استغفار کریں تو انھوں نےان کو برا کہنا شروع کر دیا۔
ہشام رحمۃ اللہ علیہ بن عروہ رحمۃ اللہ علیہ اپنے باپ سے بیان کرتے ہیں کہ مجھے حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے کہا،اے بھانجے!صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کے بعد آنے والوں کو حکم دیاگیا کہ وہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھیوں کے لیے بخشش کی دعا کریں اور ان لوگوں نے ان کو بُرا بھلا کہنا شروع کردیاہے۔
معاذ عنبری نے کہا: ہمیں شعبہ نے مغیرہ بن نعمان سے حدیث بیان کی انھوں نے حضرت سعید بن جبیر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہا: کہ اہل کوفہ کا اس آیت کے بارے میں اختلاف ہو گیا "جس شخص نے کسی مومن کو جان بوجھ کر قتل کیا اس کی سزا جہنم ہے؟چنانچہ میں سفر کر کے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کے پاس گیا اور ان سےاس (آیت) کے متعلق پوچھا تو انھوں نے کہا: یہ آیت آخر میں نازل ہوئی پھر کسی چیز (قرآن کی کسی دوسر ی آیت یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان) نے اس کو منسوخ نہیں کیا۔
حضرت سعید بن جبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں:کہ اہل کوفہ کا اس آیت کے بارے میں اختلاف ہو گیا "جس شخص نے کسی مومن کو جان بوجھ کر قتل کیا اس کی سزا جہنم ہے؟چنانچہ میں سفر کر کے حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس گیا اور ان سےاس (آیت)کے متعلق پوچھا تو انھوں نے کہا:یہ آیت آخر میں نازل ہوئی پھر کسی چیز نے اس کو منسوخ نہیں کیا۔
محمد بن جعفر اور نضر بن شمیل دونوں نے کہا: ہمیں شعبہ نے اسی سند کے ساتھ حدیث بیان کی۔ابن جعفر کی روایت میں ہے یہ آیت آخر میں اتر نے والی آیات میں اتری۔اور نضر کی روایت میں ہے یہ (آیت) یقیناً ان آیتوں میں سے ہے جو آخر میں اتریں۔
امام صاحب یہ روایت تین اور اساتذہ سے بیان کرتےہیں،ابن جعفر رحمۃ اللہ علیہ کی روایت میں ہے،آخر میں اترنے والی آیات میں اتری ہے،اور نضر رحمۃ اللہ علیہ کی حدیث میں ہے،"یہ آخر میں اترنے والی آیات میں سے ہے۔"