) ابوتیاح نے ہمیں حدیث بیان کی، کہا: ہمیں حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے حدیث بیان کی، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " قیامت کی علامات میں سے یہ (بھی) ہیں کہ علم اٹھ جائے گا، جہالت جاگزیں ہو جائے گی، شراب پی جانے لگے گی اور زنا کھل کر ہونے لگے گا۔"
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"قیامت کی علامت میں سے ہے علم اٹھالیا جائے گا، جہالت پھیل جائے گی،شراب پی جائے گی اور زنا عام ہو گا۔"
شعبہ نے کہا: میں نے قتادہ کو حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے حدیث بیان کرتے ہوئے سنا، انہوں نے کہا: کیا میں تمہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہوئی ایک حدیث بیان نہ کروں؟ یہ حدیث میرے بعد تم کو کوئی ایسا شخص نہیں بیان کرے گا جس نے وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے (براہ راست) سنی ہو: "قیامت کی نشانیوں میں سے ہے کہ علم اٹھ جائے گا، جہالت نمایاں ہو جائے گی، زنا پھیل جائے گا، شراب پی جانے لگی گی، مرد رخصت ہو جائیں گے اور عورتیں باقی رہ جائیں گی یہاں تک کہ پچاس عورتوں کے معاملات کا نگران ایک رہ جائے گا۔"
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے تلامذہ سے کہا، کیا میں تمھیں ایسی حدیث نہ سناؤں، جو میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہے، میرے بعد آپ سے سننے والا کوئی تمھیں یہ حدیث نہیں سنائے گا۔"قیامت کی نشانیوں میں سے ہے کہ علم اٹھا لیا جائے گا۔"جہالت پھیل جائے گی۔یا اس کا غلبہ ہو گا، زنا عام ہو گا شراب عام پی جائے گی۔ مرد ختم ہوتے جائیں گے اور عورتیں رہ جائیں گی حتی کہ پچاس عورتوں کا نگران و نگہان ایک ہو گا۔"
محمد بن بشر، عبدہ اور ابواسامہ، ان سب نے سعید بن ابی عروبہ سے روایت کی، انہوں نے قتادہ سے، انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے اور انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ ابن بشر اور عبدہ کی حدیث میں ہے: میرے بعد یہ حدیث تمہیں کوئی نہیں سنائے گا۔ میں نے (خود) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا، پھر اسی (شعبہ کی حدیث) کے مانند بیان کیا۔
امام صاحب اپنے دو اور اساتذہ کی سندوں سے یہی روایت بیان کرتے ہیں۔ ابن بشر اور عبدہ کی حدیث میں ہے میرے بعد تمھیں کوئی یہ حدیث نہیں سنائے گا، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا، آگے مذکورہ بالا روایت ہے۔"
وکیع اور عبداللہ بن نمیر نے کہا: ہمیں اعمش نے ابووائل سے حدیث بیان کی، کہا: میں حضرت عبداللہ بن مسعود اور حضرت ابوموسی رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھا ہوا تھا، ان دونوں نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "قیامت سے کچھ عرصہ پہلے وہ ایام ہوں گے جن میں علم اٹھ جائے گا، جہل طاری ہو جائے گا اور ان دنوں ہرج کی کثرت ہو جائے گی اور ہرج (سے مراد) لوگوں کا قتل ہے۔"
ابووائل بیان کرتے ہیں۔میں حضرت عبد اللہ اورحضرت ابو موسیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا دونوں نے بتایا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"قیامت سے پہلے کچھ ایسے دن ہیں جن میں علم اٹھالیا جائےگا اور ان میں جہالت اتر آئےگی اور ان میں قتل بکثرت ہوں گے "هَرَج" قتل کو کہتے ہیں۔"
جریر نے اعمش سے، انہوں نے ابووائل سے روایت کی، کہا: میں حضرت عبداللہ بن مسعود اور حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا، وہ دونوں احادیث بیان کر رہے تھے تو حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، اسی (سابقہ حدیث) کے مانند۔
امام صاحب ایک اور استاد سے ابو وائل ہی کے واسطہ سے حضرت ابو موسیٰ سے مذکو بالا روایت بیان کرتے ہیں جبکہ مجلس میں عبد اللہ اور ابو موسیٰ دونوں باہمی گفتگو کر رہے تھے۔"
یونس نے ابن شہاب سے روایت کی، انہوں نے کہا: مجھے حمید بن عبدالرحمٰن بن عوف نے حدیث بیان کی کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "زمانہ باہم قریب ہو جائے گا (وقت بہت تیزی سے گزرتا ہوا محسوس ہو گا)، علم اٹھا لیا جائے گا، فتنے نمودار ہوں گے، (دلوں میں) بخل اور حرص ڈال دیا جائے گا اور ہرج کثرت سے ہو گا۔" صحابہ نے پوچھا: ہرج کیا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "قتل و غارت گری۔"
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"زمانہ قریب ہو جائے گا، علم قبض کر لیا جائے گا۔ فتنے ظاہر ہوں گے،دلوں میں حرص و لالچ ڈال دی جائے گی اور قتل بکثرت ہوں گے، صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے پوچھا "هَرَج" کسے کہتے ہیں، فرمایا قتل کو۔"
شعیب نے زہری سے روایت کی، انہوں نے کہا: مجھے حمید بن عبدالرحمٰن زہری نے حدیث بیان کی کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "زمانہ باہم قریب ہو جائے گا اور علم کم ہو جائے گا۔" پھر اسی کے مانند بیان کیا۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"زمانہ قریب ہو جائے گا، علم قبض کر لیا جائے گا۔ آگے مذکورہ بالا روایت بیان کی۔"
معمر نے زہری سے، انہوں نے سعید (بن مسیب) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے اور انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپ نے فرمایا: "زمانہ باہم قریب ہو جائے گا اور علم اٹھا لیا جائے گا۔" پھر ان دونوں (یونس اور شعیب) کی حدیث کے مانند بیان کیا۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کرتے ہیں،آپ نے فرمایا:"زمانہ قریب ہو گا،اور علم کم ہوگا۔"آگے مذکورہ بالا حدیث ہے۔