ہمام نے کہا: قتادہ نے ہمیں ابو عیسیٰ اُسواری سے حدیث بیان کی، انھوں نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہوکر پانی پینے سے ڈانٹ کرروکا۔
حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہو کر پینے سے ڈانٹا۔
شعبہ نے کہا: ہمیں قتادہ نے ابو عیسیٰ اسواری سے حدیث بیان کی، انھوں نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہوکر پانی پینے سے منع فرمایا۔
حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہو کر پینے سے منع فرمایا۔
ابوغطفان مری سے روایت ہے کہ انھوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا، کہہ رہے تھے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تم میں سے کوئی شخص کھڑے ہوکر ہر گز نہ پیے اور جس نے بھول کرکھڑے ہوکر پی لیا، وہ قے کردے۔"
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم میں سے کوئی ایک کھڑا ہو کر ہرگز نہ پیے اور جو بھول کر ایسا کر لے، وہ قے کر دے۔“
ابوعوانہ نے عاصم سے، انھوں نے شعبی سے، انھوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو زم زم کا پانی پلایا تو آپ نے کھڑے کھڑے پیا۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو زم زم پلایا تو آپصلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہو کر پی لیا۔
سفیان نے عاصم سے، انھوں نے شعبہ سے، انھوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے زمزم کا پانی، اس کے ایک ڈول سےکھڑے کھڑے پیا۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے زم زم کے کنویں کے ڈول سے پیا اور آپصلی اللہ علیہ وسلم کھڑے تھے۔
ہشیم نےکہا: ہمیں عاصم احول اور مغیرہ نے شعبی سے حدیث بیان کی، انھوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زمزم کا پانی پیا جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے تھے۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زم زم کے کنویں سے کھڑے ہو کر پیا۔
معاذ نے کہا: ہمیں شعبہ نے عاصم سے حدیث بیان کی، انھوں نے شعبی کو سنا، انھوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے سنا، انھوں نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو زمزم پلایا تو آپ نے کھڑے کھڑے پیا، آپ نے (اس وقت) پانی مانگا تھا (جب) آپ بیت اللہ کے پاس تھے۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو زم زم سے پلایا تو آپصلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہو کر پیا اور آپصلی اللہ علیہ وسلم نے بیت اللہ کے پاس پانی طلب فرمایا تھا۔
ثمامہ بن عبداللہ بن انس نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم برتن میں (سے پانی پیتے ہوئے اس سے منہ ہٹا کر) تین مرتبہ سانس لیتے تھے۔
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم برتن میں (اس سے پانی پیتے وقت، باہر) تین سانس لیتے تھے۔