سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میری اُمّت اُس وقت تک میری سنّت پر قائم رہے گی جب تک وہ روزہ کھولنے کے لئے ستاروں کے طلوع ہونے کا انتظار نہیں کرے گی۔“ سیدنا سہل رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ”نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب روزے سے ہوتے تو ایک شخص کو حُکم دیتے تو وہ کسی بلند جگہ سے (سورج کے غروب ہونے کو) دیکھتا، پھر جب وہ اطلاع دیتا کہ سورج غروب ہوگیا ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم روزہ کھول لیتے۔“ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ ہمیں محمد بن ابی صفوان نے اس طرح روایت بیان کی ہے۔ مجھے ڈر ہے کہ یہ آخری کلام سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ کی نہیں ہوگی۔ شاید یہ کلام امام سفیان ثوری یا ابوحازم کا قول ہوگا، جو حدیث میں درج کر دیا گیا۔