روزے کے احکام و مسائل 1284. اس بات کا بیان کہ ماہ رمضان کے روزے ایمان کا حصّہ ہیں
تخریج الحدیث:
جناب ابوحمزہ ضبعی بیان کرتے ہیں کہ میں نے سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے عرض کی کہ میرا ایک مٹکا ہے جس میں نبیذ تیار کرتا ہوں پھر میں اس سے پی لیتا ہوں۔ پھرجب میں لوگوں کے ساتھ دیر تک بیٹھتا ہوں تو میں ڈرتا ہوں کہ اس کے نشے اور حلاوت کی وجہ سے رسوا نہ ہو جاؤں۔ تو اُنہوں نے فرمایا کہ عبدالقیس کا وفد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” وفد کو خوش آمدید تم بغیر رسوا ہوئے اور شرمسار ہوئے بہت اچھے آئے ہو۔“ اُنہوں نے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول، بیشک ہمارے اور آپ کے درمیان مضر قبیلے کے مشرکین حائل ہیں اور ہم آپ کی خدمت میں صرف حرمت والے مہینوں ہی میں حاضر ہو سکتے ہیں لہٰذا آپ ہمیں ایسے اسلامی اعمال بتائیں جن پر عمل کرکے ہم جنّت میں داخل ہو جائیں اور اپنے پیچھے رہ جانے والے افراد کو اس کی دعوت دیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں تمہیں چار کاموں کا حُکم دیتا ہوں اور چار چیزوں سے منع کرتا ہوں۔“ (جن کاموں کا حُکم دیتا ہوں وہ یہ ہیں) ﷲ پر ایمان لانا۔ کیا تمہیں معلوم ہے کہ ﷲ پر ایمان کیا ہے؟ اُنہوں نے عرض کیا کہ ﷲ اور اس کے رسول ہی خوب جانتے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس بات کی گواہی دینا کہ ایک اللہ کے سوا کوئی معبود بر حق نہیں اور نماز قائم کرنا اور زکوۃ ادا کرنا اور رمضان المبارک کے روزے رکھنا اور غنیمتوں میں سے پانچواں حصّہ ادا کرنا اور میں تمہیں کدو کے بر تن، کریدی ہوئی لکڑی کے برتن، سبز لاکھی مٹکے اور روغنی برتن میں نبید بنانے سے منع کرتا ہوں ـ“
تخریج الحدیث: تقدم۔۔۔
|