سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں کوہ طور کے علاقے میں آیا تو میں وہاں سیدنا کعب الاحبار رضی اللہ عنہ سے ملا ـ میں نے اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث سنائیں اور اُنہوں نے تورات کی روایات بیان کیں۔ تو ہمارے درمیان کسی بات پر اختلاف نہ ہوا حتّیٰ کہ میں نے جمعہ کے دن کا تذکرہ کیا تو میں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ ”ہر جمعہ کے دن ایک گھڑی ایسی ہے کہ جو بھی مسلمان نماز پڑھتے ہوئے اس گھڑی کو پالیتا ہے تو وہ جو چیز بھی اللہ تعالیٰ سے مانگتا ہے اللہ تعالیٰ اُسے وہی چیز عطا کر دیتا ہے۔“ تو سیدنا کعب رضی اللہ عنہ نے کہا، بلکہ یہ گھڑی ہر سال میں (ایک مرتبہ ہوتی ہے) ـ تو میں نے کہا کہ نہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس طرح نہیں فرمایا لہٰذا وہ واپس گئے اور تورات کی تلاوت کی پھر کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سچ فرمایا ہے یہ گھڑی ہر جمعہ کے دن میں ہے۔ پھر سیدنا ابو رہریرہ رضی اللہ عنہ نے سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ کے ساتھ اپنے قصّے کے متعلق طویل حدیث بیان کی۔