كِتَابُ السَّرَقَةِ کتاب: چوری کے بیان میں 4. بَابُ جَامِعِ الْقَطْعِ ہاتھ کاٹنے کے مختلف مسائل کا بیان
حضرت قاسم بن محمد سے روایت ہے کہ ایک شخص یمن کا رہنے والا ہاتھ پاؤں کٹا ہوا (یعنی داہنا ہاتھ اور بایاں پاؤں کٹا ہوا، دو بار اس نے چوری کی ہوگی) مدینہ میں آیا اور سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے پاس اُتر کر بولا کہ یمن کے حاکم نے مجھ پر ظلم کیا اور وہ راتوں کو نماز پڑھتا تھا (یعنی شب بیداری کرتا تھا)۔ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے کہا کہ قسم تیرے باپ کی! تیری رات چوروں کی رات نہیں ہے۔ اتفاقاً ایک ہار سیدہ اسما بنت عمیس رضی اللہ عنہا، سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کی بی بی کا گم ہو گیا، لوگوں کے ساتھ وہ لنگڑا بھی ڈھونڈتا پھرتا تھا، اور کہتا تھا کہ اے پروردگار! تباہ کر اس کو جس نے ایسے نیک گھر والوں کے ہاں چوری کی، پھر وہ ہار ایک سنار کے پاس ملا، سنار بولا: مجھے اس لنگڑے نے دیا ہے، اس لنگڑے نے اقرار کیا یا گواہی سے ثابت ہوا۔ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے حکم کیا تو اس کا بایاں ہاتھ کاٹا گیا۔ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا: قسم اللہ کی! مجھے اس کی بدعا جو اپنے اوپر کرتا تھا، چوری سے زیادہ سخت معلوم ہوئی۔
تخریج الحدیث: «موقوف ضعيف، وأخرجه البيهقي فى «سننه الكبير» برقم: 17263، والبيهقي فى «سننه الصغير» برقم: 3287، وعبد الرزاق فى «مصنفه» برقم: 18769، وابن أبى شيبة فى «مصنفه» برقم: 28256، والدارقطني فى «سننه» برقم: 3368، فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 30»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ اگر ایک شخص نے کئی بار چوری کی، بعد اس کے گرفتار ہوا تو سب چوریوں کے بدلے میں صرف اس کا ہاتھ کاٹا جائے گا جب اس کا ہاتھ نہ کٹا ہو، اور جو ہاتھ کٹنے کے بعد اس نے چوری کی چوتھائی دینار کے موافق، تو بایاں پاؤں کاٹا جائے گا۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 30»
ابوالزناد سے روایت ہے کہ عمر بن عبدالعزیز کے ایک عامل نے چند آدمیوں کو ڈکیتی میں گرفتار کیا، پر انہوں نے کسی کو قتل نہیں کیا تھا، عامل نے چاہا کہ ان کے ہاتھ کاٹے یا ان کو قتل کرے (کیونکہ ڈاکہ زنوں یا رہزنوں کی سزا یا تو قتل ہے، یا سولی ہے، یا ہاتھ پاؤں کاٹنا، یا جلاوطنی ہے)۔ پھر عمر بن عبدالعزیز کو اس بارے میں لکھا، انہوں نے جواب میں لکھا کہ اگر تو آسان امر کو (یعنی جلا وطنی یا قید کو) اختیار کرے تو بہتر ہے۔
تخریج الحدیث: «مقطوع صحيح، وأخرجه البيهقي فى «سننه الكبير» برقم: 17318، فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 31»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ ہمارے نزدیک یہ حکم ہے کہ جو شخص بازار کے اُن مالوں کو چرائے جن کو مالکوں نے کسی برتن میں محفوظ کر کے رکھا ہو، ملا کر ایک درسرے سے، چوتھائی دینار کے موافق چرائے تو اس کا ہاتھ کاٹا جائے گا، برابر ہے کہ مالک وہاں موجود ہو یا نہ ہو، رات کو ہو یا دن کو۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 31»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ جو شخص چوتھائی دینار کے موافق مال چرائے، پھر مالِ مسروقہ مالک کے حوالے کردے تب بھی اس کا ہاتھ کاٹا جائے گا، اس کی مثال یہ ہے کہ ایک شخص نشے کی چیز پی چکا ہو اور اس کی بو آتی ہو اس کے منہ سے، لیکن اس کو نشہ نہ ہو تو پھر بھی حد ماریں گے، کیونکہ اس نے نشے کے واسطے پیا تھا، اگرچہ نشہ نہ ہوا ہو، ایسا ہی چور کا ہاتھ کاٹا جائے گا اگرچہ وہ چیز مالک کو پھیر دے کیونکہ اس نے لے جانے کے واسطے چرایا تھا اگرچہ لے نہ گیا۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 31»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ اگر کئی آدمی مل کر مال چرانے کے لیے ایک گھر میں گھسے، اور وہاں سے ایک صندوق یا لکڑی یا زیور سب ملا کر اٹھا لائے، اگر اس کی قیمت چوتھائی دینار ہو تو سب کا ہاتھ کاٹا جائے گا، اگر ہر ایک ان میں سے جدا جدا مال لے کر نکلا تو جس کا مال چوتھائی دینار تک پہنچے گا اس کا ہاتھ کاٹا جائے گا، اور جس کا اس سے کم ہوگا اس کا ہاتھ نہ کاٹا جائے گا۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 31»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ ہمارے نزدیک یہ حکم ہے کہ اگر ایک گھر ہو، اس میں ایک ہی آدمی رہتا ہو، اب کوئی آدمی اس گھر میں سے کوئی شئے چرائے لیکن گھر سے باہر نہ لے جائے، (مگراسی گھر میں ایک کوٹھڑی سے دوسری کوٹھڑی میں رکھے یا صحن میں لائے) تو اس کا ہاتھ نہ کاٹا جائے گا جب تک گھر سے باہر نہ لے جائے، البتہ اگر ایک گھر میں کئی کوٹھڑیاں الگ الگ ہوں اور ہر کوٹھڑی میں لوگ رہتے ہوں، اب کوئی شخص کوٹھڑی والے کا مال چرا کر کوٹھڑی سے باہر نکال لائے لیکن گھر سے باہر نہ نکالے تب بھی ہاتھ کاٹا جائے گا۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 31»
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 31»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ جو غلام گھر میں آجاتا ہو، یا لونڈی آجاتی ہو اور اس کے مالک کو اس پر اعتبار ہو وہ اگر کوئی چیز چرائے اپنے مالک کی تو اس کا ہاتھ نہ کاٹا جائے گا، اسی طرح جو غلام یا لونڈی آمد و رفت نہ رکھتے ہوں، نہ ان کا اعتبار ہو، وہ بھی اگر اپنے مالک کا مال چرائیں تو ہاتھ نہ کاٹا جائے گا، اور جو اپنے مالک کی بیوی کا مال چرائیں یا اپنی مالکہ کے خاوند کا مال چرائیں تو ہاتھ کاٹا جائے گا۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 31»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ اسی طرح مرد اپنی عورت کے اس مال کو چرائے جو اس گھر میں نہ ہو جہاں وہ دونوں رہتے ہیں، بلکہ ایک اور گھر میں محفوظ ہو، یا عورت اپنے خاوند کے ایسے مال کو چرائے جو اس گھر میں نہ ہو جہاں وہ دونوں رہتے ہیں بلکہ ایک اور گھر میں بند ہو، تو ہاتھ کاٹا جائے گا۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 31»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ چھوٹا بچہ یا غیر ملک کا آدمی جو بات نہیں کر سکتا، ان کو اگر کوئی ان کے گھر سے چرا لے جائے تو ہاتھ کاٹا جائے گا، اور جو راہ میں سے لے جائے یا گھر کے باہر سے تو ہاتھ نہ کاٹا جائے گا، اور ان کا حکم پہاڑ کی بکری اور درخت پر لگے ہوئے میوے کا ہوگا۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 31»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ قبر کھود کر اگر چوتھائی دینار کے موافق کفن چرائے تو اس کا ہاتھ کاٹا جائے گا، کیونکہ قبر ایک محفوظ جگہ ہے جیسے گھر، لیکن جب تک کفن قبر سے باہر نکال نہ لے تب تک ہاتھ نہ کاٹا جائے گا۔
تخریج الحدیث: «فواد عبدالباقي نمبر: 41 - كِتَابُ الْحُدُودِ-ح: 31»
|