بَابُ: مَا جَاءَ فِي مِيرَاثِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وراثت کا بیان نبی علیہ السلام کا ترکہ صدقہ ہوتا ہے
ابوالبختری رحمہ اللہ فرماتے ہیں، سیدنا عباس اور سیدنا علی المرتضی رضی اللہ عنہما دونوں اپنا جھگڑا لے کر امیر المؤمنین سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے پاس آئے، دونوں ہی ایک دوسرے پر بےنظمی کا الزام لگا رہے تھے کہ تو ایسا ہے تو ایسا ہے۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے طلحہ، زبیر، عبدالرحمٰن بن عوف اور سعد رضی اللہ عنہم سے فرمایا: میں تمہیں اللہ کی قسم دیتا ہوں، کیا تم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا نہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”نبی کا تمام مال صدقہ ہوتا ہے مگر وہ جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اہل کو کھلا دیا۔ یقیناً ہم کسی کو اپنا وارث نہیں بناتے۔“ اس حدیث میں ایک لمبا واقعہ بھی ہے۔
تخریج الحدیث: «حسن» :
اس روایت کی سند منقطع ہونے کی وجہ سے ضعیف ہے، کیونکہ ابوالبختری رحمہ اللہ نے مذکورہ صحابہ میں سے کسی سے ملاقات نہیں کی۔ آنے والی حدیث (403) اور حدیث نمبر 405 اس کے صحیح شواہد ہیں، جن کے ساتھ یہ روایت بھی حسن یا صحیح ہے۔ نیز دیکھئے السلسلۃ الصحیحہ للشیخ الالبانی رحمہ اللہ (2038) |