أبواب العيدين عن رسول الله صلى الله عليه وسلم کتاب: عیدین کے احکام و مسائل 38. باب مَا جَاءَ فِي الأَكْلِ يَوْمَ الْفِطْرِ قَبْلَ الْخُرُوجِ باب: عیدالفطر کے دن نکلنے سے پہلے کچھ کھا لینے کا بیان۔
بریدہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم عید الفطر کے دن جب تک کھا نہ لیتے نکلتے نہیں تھے اور عید الاضحی کے دن جب تک نماز نہ پڑھ لیتے کھاتے نہ تھے۔
۱- بریدہ بن حصیب اسلمی رضی الله عنہ کی حدیث غریب ہے، ۲- محمد بن اسماعیل بخاری کہتے ہیں کہ ثواب بن عتبہ کی اس کے علاوہ کوئی حدیث مجھے نہیں معلوم، ۳- اس باب میں علی اور انس رضی الله عنہما سے بھی احادیث آئی ہیں، ۴- بعض اہل علم نے مستحب قرار دیا ہے کہ آدمی عید الفطر کی نماز کے لیے کچھ کھائے بغیر نہ نکلے اور اس کے لیے مستحب یہ ہے کہ وہ کھجور ۱؎ کا ناشتہ کرے اور عید الاضحی کے دن نہ کھائے جب تک کہ لوٹ کر نہ آ جائے۔ تخریج الحدیث: «سنن ابن ماجہ/الصیام 49 (1754)، (تحفة الأشراف: 1754) (صحیح)»
وضاحت: ۱؎: برصغیر ہند و پاک کے مسلمانوں نے پتہ نہیں کہاں سے یہ حتمی رواج بنا ڈالا ہے کہ سوئیاں کھا کر عید گاہ جاتے ہیں، اور آ کر بھی کھاتے کھلاتے ہیں، اس رواج کی اس حد تک پابندی کی جاتی ہے کہ ”عیدالفطر“ اور ”سوئیاں“ لازم ملزوم ہو کر رہ گئے ہیں، جیسے عید الاضحی میں ”گوشت“، اس حد تک پابندی بدعت کے زمرے میں داخل ہے۔ قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (1756)
انس بن مالک رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم عید الفطر کے دن نماز کے لیے نکلنے سے پہلے چند کھجوریں کھا لیتے تھے۔
یہ حدیث حسن غریب صحیح ہے۔ تخریج الحدیث: «تفرد بہ المؤلف وانظر صحیح البخاری/العیدین 4 (953)، وسنن ابن ماجہ/الصوم 49 (1753)، (تحفة الأشراف: 548) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (1754)
|