الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:



سنن ترمذي
كتاب الجنائز عن رسول الله صلى الله عليه وسلم
کتاب: جنازہ کے احکام و مسائل
7. باب مَا جَاءَ فِي تَلْقِينِ الْمَرِيضِ عِنْدَ الْمَوْتِ وَالدُّعَاءِ لَهُ عِنْدَهُ
7. باب: موت کے وقت مریض کو لا الہٰ الا اللہ کی تلقین کرنے اور اس کے پاس اس کے حق میں دعا کرنے کا بیان​۔
حدیث نمبر: 976
حَدَّثَنَا أَبُو سَلَمَةَ يَحْيَى بْنُ خَلَفٍ الْبَصْرِيُّ، حَدَّثَنَا بِشْرُ بْنُ الْمُفَضَّلِ، عَنْ عُمَارَةَ بْنِ غَزِيَّةَ، عَنْ يَحْيَى بْنِ عُمَارَةَ، عَنْ أَبِي سَعِيدٍ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: " لَقِّنُوا مَوْتَاكُمْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ ". قَالَ: وَفِي الْبَاب، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، وَأُمِّ سَلَمَةَ، وَعَائِشَةَ، وَجَابِرٍ، وَسُعْدَى الْمُرِّيَّةِ وَهِيَ: امْرَأَةُ طَلْحَةَ بْنِ عُبَيْدِ اللَّهِ. قَالَ أَبُو عِيسَى: حَدِيثُ أَبِي سَعِيدٍ حَدِيثٌ حَسَنٌ غَرِيبٌ صَحِيحٌ.
ابو سعید خدری رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم اپنے مرنے والے لوگوں کو جو بالکل مرنے کے قریب ہوں «لا إله إلا الله» کی تلقین ۱؎ کرو۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- ابو سعید خدری کی حدیث حسن غریب صحیح ہے،
۲- اس باب میں ابوہریرہ، ام سلمہ، عائشہ، جابر، سعدی مریہ رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں،
۳- سعدی مریہ طلحہ بن عبیداللہ کی بیوی ہیں۔ [سنن ترمذي/كتاب الجنائز عن رسول الله صلى الله عليه وسلم/حدیث: 976]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «صحیح مسلم/الجنائز 1 (916)، سنن ابی داود/ الجنائز 20 (3117)، سنن النسائی/الجنائز 20 (3117)، سنن النسائی/الجنائز 4 (1827)، سنن ابن ماجہ/الجنائز 3 (1445)، (تحفة الأشراف: 4403)، مسند احمد (3/3) (صحیح)»

وضاحت: ۱؎: بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ تلقین سے مراد تذکیر ہے یعنی مرنے والے کے پاس «لا إله إلا الله» پڑھ کر اسے کلمہ شہادت کی یاد دہانی کرائی جائے تاکہ سن کر وہ بھی اسے پڑھنے لگے، براہ راست اس سے پڑھنے کے لیے نہ کہا جائے کیونکہ وہ تکلیف کی شدت سے جھنجھلا کر انکار بھی کر سکتا ہے جس سے کفر لازم آئے گا، لیکن شیخ ناصرالدین البانی نے اسے درست قرار نہیں دیا وہ کہتے ہیں کہ تلقین کا مطلب یہ ہے کہ اسے «لا إله إلا الله» پڑھنے کے لیے کہا جائے۔ افضل یہ ہے کہ مریض کی حالت دیکھ کر عمل کیا جائے۔

قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (1444 و 1445)

   صحيح مسلملقنوا موتاكم لا إله إلا الله
   جامع الترمذيلقنوا موتاكم لا إله إلا الله
   سنن أبي داودلقنوا موتاكم قول لا إله إلا الله
   سنن ابن ماجهلقنوا موتاكم لا إله إلا الله
   سنن النسائى الصغرىلقنوا موتاكم لا إله إلا الله
   بلوغ المراملقنوا موتاكم لا إله إلا الله

سنن ترمذی کی حدیث نمبر 976 کے فوائد و مسائل
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 976  
اردو حاشہ:
1؎:
بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ تلقین سے مراد تذکیر ہے یعنی مرنے والے کے پاس «لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ» پڑھ کر اسے کلمہ شہادت کی یاد دہانی کرائی جائے تاکہ سن کر وہ بھی اسے پڑھنے لگے،
براہ راست اس سے پڑھنے کے لیے نہ کہا جائے کیونکہ وہ تکلیف کی شدت سے جھنجھلا کر انکار بھی کر سکتا ہے جس سے کفر لازم آئے گا،
لیکن شیخ ناصر الدین البانی نے اسے درست قرار نہیں دیا وہ کہتے ہیں کہ تلقین کا مطلب یہ ہے کہ اسے  «لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ» پڑھنے کے لیے کہا جائے۔
افضل یہ ہے کہ مریض کی حالت دیکھ کر عمل کیا جائے۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 976   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 428  
´قریب المرگ انسان کو کلمہ کی تلقین کرنا`
. . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قریب المرگ آدمی کو «لا إله إلا الله» کی تلقین کرو . . . [بلوغ المرام /كتاب الجنائز/حدیث: 428]
لغوی تشریح:
«‏‏‏‏لَقَّنُو» ‏‏‏‏ تلقین سے ماخوذ امر کا صیغہ ہے۔ اس کے معنی ہیں: یاد دہانی کراو۔
«مَوْتَاكُمْ» ‏‏‏‏ مُوْتیٰ، میت کی جمع ہے۔ اس سے وہ قریب المرگ لوگ مراد ہیں جن پر موت کی ابتدائی آثار محسوس ہو رہے ہوں۔

فائدہ:
اس حدیث میں صرف «لا اله الا الله» کی تلقین کا ذکر ہے، اس لیے اسی پر اکتفا بہتر ہے اور حدیث کے ظاہر الفاظ کا تقاضا بھی یہی ہے۔
ایک قول کے مطابق اس سے مراد پورا کلمہ ہے کہ یوں مرنے والا توحید و رسالت دونوں کا اقرار کر لیتا ہے۔
تلقین سے عام طور پر علماء نے یہ مراد لیا ہے کہ قریب الوفات شخص کے پاس «لا اله الا الله» پڑھا جائے تاکہ وہ بھی سن کر پڑھ لے۔ علامہ محمد فواد عبدالباقی رحمہ اللہ نے صحیح مسلم کے حاشیے میں یہی لکھا ہے، دیکھیے: [صحیح مسلم، الجنائز، باب الجنائز، باب تلقین الموتی: لا الہ اللہ اللہ ]
جبکہ بعض علماء اس کی بابت فرماتے ہیں کہ مستحب یہ ہے کہ میت، یعنی جو مر رہا ہوا سے نرمی سے یہ کلمہ یاد دلائیں اور زیادہ اصرار نہ کریں، ایسا نہ ہو کہ وہ انکار کر بیٹھے، البتہ مولانا عبدالتواب محدث ملتانی، علامہ ناصر الدین البانی رحمہ اللہ اور کئی دیگر علمائے محقیقین کی رائے اس سے مختلف ہے، وہ فرماتے ہیں کہ تلقین سے مراد کلمہ توحید پڑھ کر اسے صرف سنانا ہی نہیں بلکہ اسے کہا جائے کہ وہ بھی پڑھے، اور یہ اس لیے کہ لفظ تلقین کا اصل مفہوم ہی اس بات کا تقاضا کرتا ہے، وہ اس طرح کہ اس کا مفہوم یہ ہے کہ کسی اسے اعادہ کرانے کے لیے کوئی بات کہنا، سکھانا، بتانا اور بالمشافہ سمجھانا، اسی کو تلقین کہا جاتا ہے۔ دوسرے یہ بھی کہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک انصاری کی عیادت کو تشریف لے گئے تو فرمایا: «يا خال! قل: لا اله الا الله» ‏‏‏‏ یعنی ماموں جان! لا الہ الا اللہ کہیے۔ تفصیل کے لیے دیکھیے: [مسند احمد: 152، 3] اور حدیث کی رو سے یہی رائے اقرب الی الصواب معلوم ہوتی ہے۔ واللہ اعلم۔

   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 428   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1827  
´میت کو «لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ» کی تلقین کرنے کا بیان۔`
ابو سعید خدری رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم اپنے قریب المرگ لوگوں کو «لا إله إلا اللہ» کی تلقین کرو ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 1827]
1827۔ اردو حاشیہ:
➊ تلقین سے مراد یہ ہے کہ اسے کلمہ طیبہ پڑھنے کا کہا جائے، دھیمے لب و لہجے میں اس کی ترغیب دی جائے، یا صورت حال کی سنگینی کے پیش نظر کم از کم اس کے پاس بیٹھ کر کلمہ طیبہ پڑھا جائے تاکہ سن کر وہ بیھ پڑھے لیکن اسے اصرار کے ساتھ کلمہ پڑھنے کو نہ کہا جائے کہ کہیں وہ اکتاہٹ اور تکلیف و گھبراہٹ کی بنا پر انکار نہ کر دے اور جب وہ ایک دفعہ کلمہ طیبہ پڑھ لے تو پھر تلقین نہ کی جائے، ہاں اگر بعد میں وہ کوئی دنیوی کلام کرے تو پھر تلقین کی جائے۔ مقصد یہ ہے کہ موت سے پہلے آخری بات کلمہ طیبہ ہو۔
➋ بعض لوگ میت کو دفنانے کے بعد قبر پر اسے تلقین کرتے ہیں تاکہ وہ فرشتوں کو کلمہ طیبہ کے ساتھ جواب دے سکے مگر یہ معنی درست نہیں، نہ یہ صحابہ کا معمول تھا۔ اس بارے میں ایک ضعیف روایت بھی وارد ہے۔ سلف کے عمل کے خلاف ضعیف روایت پر عمل جائز نہیں۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1827   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 3117  
´قریب المرگ کو تلقین کرنے کا بیان۔`
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اپنے مرنے والے لوگوں کو کلمہ «لا إله إلا الله» کی تلقین کرو ۱؎۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الجنائز /حدیث: 3117]
فوائد ومسائل:

تلقین کی مسنون صورت یہ ہے کہ مرنے والے کو کہا جائے۔
(لا اله الا اللہ) پڑھ لو۔
جیسے کہ ر سول اللہ ﷺ نے ایک انصاری صحابی سے فرمایا تھا۔
تفصیل کے لئے دیکھیں۔
(مسند أحمد 152/3۔
268۔
154)
دوسری ایک صورت جو ہمارے ہاں مروج ہے کہ پاس بیٹھنے والے خود یہ کلمہ مناسب آواز سے پڑھتے ہیں تاکہ اسے یاد دہانی ہوجائے۔
حسب احوال اس کے اختیار کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں۔


حدیث میں مذکور شرف وفضیلت ان کلمہ گولوگوں کےلئے ہے۔
جو عملا اس کے تقاضے پورے کرتے اور شرک وبدعت سے باز اور بیزار رہے ہوں۔
لیکن محض رسمی ورواجی طور پر کلمے کا ورد کرتے رہنے والے اور عملا شرک وبدعت کے مرتکب اگر مرتے وقت بھی اس اندازہ میں کلمہ پڑھیں۔
تو۔
۔
واللہ اعلم۔
۔
۔
مفید نہیں۔
ہاں اگر اس عزم ونیت سے پڑھیں۔
کہ اگر مجھے موقع ملے تو میں اس کلمہ کے تقاضے پورے کروں گا ان شاء اللہ ضرور مفید اور باعث بشارت ہے فرمایا: (إِلَيْهِ يَصْعَدُ الْكَلِمُ الطَّيِّبُ وَالْعَمَلُ الصَّالِحُ يَرْفَعُهُ) (فاطر:10) تمام تر پاکیزہ ستھرے کلمات اس کی طرف چڑھتے ہیں۔
اور نیک عمل انہیں بلند کرتا ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3117   

  الشیخ غلام مصطفےٰ ظہیر حفظہ الله، فوائد و مسائل، سنن ابوداود 3117  
دفن کرنے کے بعد میت کو تلقین کرنا
سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «لقنوا موتاكم لا اله الا الله .» اپنے قریب الموت کو «لا اله الا الله» کی تلقین کرو۔
[مسند الامام احمد: 3/3، مسلم: 300/1 ح: 916، سنن ابي داود: 3117، سنن ترمذي: 976، سنن نسائي: 1828، سنن ابن ماجه: 1445]
تبصرہ:
➊ اس بات پر مسلمانوں کا اتفاق ہے کہ یہ تلقین قریب الموت انسان کو کی جائے گی، نہ کہ مردہ کو جیسا کہ خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل مبارک سے ثابت ہے، سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:
«ان رسول الله صلى الله عليه وسلم عاد رجلا من الانصار، فقال: يا خال! قل: لا اله الا الله، قال: خال أم عمّ؟ قال ؛ بل خال، قال: وخير لي أن أقولها؟ قال: نعم .»
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک انصاری آدمی کی تیمارداری کی، فرمایا، اے ماموں جان! «لا اله الا الله» کہہ دیں، اس نے کہا:، ماموں یا چچا؟، اس نے کہا:، کیا (لا الہ الا اللہ) کہنا میرے لیے بہتر ہو گا؟ آپ نے فرمایا، ہاں۔ [مسند الامام احمد 268/3، ح: 13862، وسنده صحيح]
◈ حافظ ہیثمی رحمہ اللہ کہتے ہیں:
«رواه أبو يعليٰ 3512 و البزار 787، ورجاله رجال الصحيح .»
اس حدیث کو امام ابویعلیٰ اور امام بزار نے بیان کیا ہے، اور اس کے راوی صحیح (بخاری) کے راوی ہیں۔ [مجمع الزوائد: 325/2]
◈ بوصیری کہتے ہیں:
«رواه أبو يعليٰ و البزار بسند صحيح» [اتحاف السعيرة: 188/3]

➋ امام ترمذی رحمہ اللہ اس حدیث پر یوں باب قائم فرماتے ہیں:
«باب ماجاء فى تلقين المريض عندالموت والدعاء له عنده .»
مریض کو موت کے وقت (لا الہ الا اللہ کی) تلقین کرنے اور اس کے لئے دعا کرنے کا بیان۔
نیز لکھتے ہیں:
«وقد كان يستحب ان تلقن المريض عندالموت قول لا اله الا الله، وقال بعض أهل العلم: اذا قال ذٰلك فلا ينبغي أن يلقن، ولا يكثر عليه فى هٰذا .»
موت کے وقت مریض کو «لا اله الا الله» کہنے کی تلقین کرنا مستحب ہے، بعض اہل علم کا کہنا ہے کہ آدمی ایک مرتبہ کہہ دے تو جب تک وہ اس کے بعد کلام نہ کرے، اسے تلقین نہ کرنی چاہیے، نہ ہی اسے زیادہ کہنا چاہیے۔ [جامع ترمذي، تحت حديث: 977]
امام ابن حبان رحمہ اللہ نے اس حدیث پر یہ باب قائم کیا ہے:
«ذكر الأمر بتلقين الشهادة من حضرته المنية .»
قریب المرگ کو «لا اله الا الله» کی تلقین کرنے کے حکم کا بیان۔ [صحيح ابن حبان، قبل حديث: 3003]
حافظ ابوالعباس احمد بن عمر بن ابراهيم القرطبي 656 . 578؁ه لكهتے ہيں:
«قوله صلى الله عليه وسلم: لقنوا موتاكم لا اله الا الله، اي قولوا لهم ذٰلك وذكروهم به عندالموت وسماهم صلى الله عليه وسلم موتي، لأن الموت قد حضرتهم، وتلقين الموتي هذه الكلمة سنة مأثورة، عمل بن المسلمون، وذلك ليكون آخر كلامه: لا اله الا الله، فيختم له بالسعادة، وليدخل فى عموم قوله صلى الله عليه وسلم: من كان آخر كلامه: لا اله الا الله دخل الجنّة .»
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان کہ اپنے مرنے والوں کو لا الہ الا اللہ کی تلقین کرو، اس کا یہ مطلب ہے کہ موت کے وقت ان کو یاد دلا ؤ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے قریب الموت لوگوں کو مردہ کہہ دیا ہے، کیونکہ موت ان کے پاس حاضر ہو چکی ہوتی ہے، مرنے والوں کو اس کلمہ کی تلقین کرنا سنتِ ماثورہ ہے، مسلمانوں کا اس پر عمل رہا ہے، اس کا مقصد یہ ہے کہ مرنے والے کی آخری کلام لا الہ الا اللہ ہو جائے، یوں اسی کلمہ پر اس کا خو ش بختی کے ساتھ خاتمہ ہو جائے اور وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس عمومی فرمان میں داخل ہو جائے کہ جس کی آخری کلام لا الہ الا اللہ ہو جائے، وہ جنت میں داخل ہو جائے گا۔
[المفهم: 569/2۔ 570، نيز ديكهيں زهر الربي للسيوطي: 514]
حافظ نووی رحمہ اللہ اس حدیث کی شرح میں لکھتے ہیں:
«معناًه من حضره الموت، والمراد ذكر وه لا اله الا الله، لتكون آخر كلامه كما فى الحديث» [سنن أبى داود: 3116، وسنده حسن و صححه الحاكم 351/1]
«و وافقه الذهبي، وقال ابن الملقن» [البدر المنير: 189/5: صحيح:] «من كان آخر كلامه لا اله الا الله دخل الجنة، والأمر بهذا التلقين أمر ندب، وأجمع العلماء على هٰذا التلقين .»
اس کا مطلب یہ ہے کہ جو قریب المرگ ہواسے لا الہ الا اللہ یاد کروائیں، تاکہ اس کی آخری کلام یہی ہو جائے، جیسا کہ حدیث [سنن ابي داود: 3116، وسنده حسن]
اس حدیث کو امام حاکم رحمہ اللہ (351/1) نے صحیح کہا ہے اور حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے ان کی موافقت کی ہے، حافظ ابن ملقن (البدر المنیر: 189/5) بھی اسے صحیح قرار دیتے ہیں) کہ جس کی آخری کلام لا الہ الا اللہ ہو گئی، وہ جنت میں داخل ہو گیا، تلقین کرنے کا یہ حکم استحبابی ہے، علماء کا اسی (طریقۂ) تلقین پر اجماع ہے۔ [شرح صحيح مسلم: 300/1]
صاحبِ ہدایہ لکھتے ہیں:
«المراد الذى قرب من الموت .»
اس سے قریب الموت مراد ہے۔ [الهداية: ص 136، كتاب الجنائز]
محشی ہدایہ اس کے تحت لکھتے ہیں:
«دفع توهم من يتوهم أن المرادبه قرأة التلقين على قبر .»
اس سے اس انسان کا وہم دور کرنا مقصود ہے جو یہ سمجھ بیٹھا ہے کہ قبر پر تلقین کرنا چاہیے۔
علامہ سندھی حنفی اس حدیث کے تحت لکھتے ہیں:
«المراد من حضره الموت، لا من مات، والتلقين أن يذكر عنده، لا أن يأمره به، والتلقين بعد الموت قد جزم كثير أنه حادث، والمقصود من هٰذا التلقين أن يكون آخر كلامه لا اله الا الله، ولذٰلك اذا قال مرة فلا يعاد عليه الا أن تكلم بكلام آخر .»
مراد قریب المرگ ہے، نہ کہ جو فوت ہو چکا ہے، تلقین کا طریقہ یہ ہے کہ اس کے پاس کلمہ کا ذکر کیا جائے، نہ کہ اسے حکم دیا جائے، موت کے بعد تلقین کو بہت سے علماء نے بدعت قرار دیا ہے، اس تلقین سے مقصود یہ ہوتا ہے کہ مرنے والے کی آخری کلام یہی ہو، اسی لیے جب وہ ایک مرتبہ کہہ دے تو دوبارہ اسے تلقین نہیں کی جائے گی، الا یہ کہ وہ کوئی اور بات کر لے۔
[حاشية السندي على النسائي: 5/4، تحت حديث: 1827]
نیز لکھتے ہیں:
«ولا يلقن بعد تلحيده .»
دفن کرنے کے بعد تلقین نہیں کی جائے گی۔ [تنوير الابصار: 119]

شیخی زادہ حنفی (م 1076ھ) لکھتے ہیں:
«وقال الأكثر الأئمة المشائخ لايجوز .»
اکثر ائمہ و مشائخ کا کہنا ہے کہ یہ (قبر پر تلقین) جائز نہیں۔ [مجمع الانهر: 264]
علمائے کرام کی تصریحات سے معلوم ہو گیا ہے کہ لا الہ الا اللہ کی تلقین قریب الموت آدمی کو کی جائے گی، نہ کہ میت کو دفنانے کے بعد، اس باوجود اہل بدعت مصر ہیں کہ یہ تلقین میت کو دفنانے کے بعد قبر پر کی جائے گی، اہل عقل کے لئے فیصلہ کرنے میں آسانی ہو گی کہ بدعات کے شیدائی کس طرح سینہ زوری سے کام لیتے ہیں اور بے دریغ جھوٹ بولتے ہیں؟

ابن عابدین شامی حنفی وغیرہ اس حدیث کے بارے میں لکھتے ہیں:
«أما عند أهل السنة فالحديث لقنوا موتاكم محمول على حقيقة، وقدروي عنه عليه السلام أنه أمر باتلقين بعد الدفن، فيقول: يافلان ابن فلان! اذكر دينك الذى كنت عليها .»
اہل سنت کے نزدیک یہ حدیث لقنوا موتاكم اپنے حقیقی معنیٰ پر محمول ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہے کہ آپ نے دفن کے بعد تلقین کرنے کا حکم دیا ہے، پس قبر پر کہے کہ اے فلان کے بیٹے فلان! تو اس دین کو یاد کر جس پر قائم تھا۔
[شامي باب الدفن، بحث تلقين بعد الموت: 628/1، الجوهرة النيرة: 252/1]

ابن عابدین شامی حنفی صاحب نے ایک سانس میں بڑی بے باکی سے کئی جھوٹ بول دئیے ہیں، ان کا یہ کہنا کہ اہل سنت نے اس حدیث کو حقیقی معنیٰ پر محمول کیا ہے، یہ اہل سنت پر کذب و افترا اور جھوٹ ہے، اگر ان کی مراد حنفی فقہاء ہوں تب بھی صحیح نہیں، گویا ان کے نزدیک صاحبِ ہدایہ اہل سنت سے خارج ہیں، دوسری بات یہ ہے کہ نبی اکر م صلی اللہ علیہ وسلم سے دفن کے بعد تلقین کا حکم قطعی طور پر ثابت نہیں ہے، مدعی پر دلیل لازم ہے، دفن کے بعد قبر پر تلقین شرعی مسئلہ نہیں ہے، بلکہ بہت بعد کی ایجاد ہے، دراصل یہ لوگ دین کے حوالے سے حزم و احتیاط سے عاری ہیں، انہوں نے اپنی خواہشات کو دین بنا رکھا ہے، اس لیے ان کے مذہب کی بنیاد قیاس و باطل پر ہے، یہ پہلے مسئلے گھڑتے ہیں، بعد میں شرعی دلائل کو تروڑ مروڑ کر اس پر فٹ کرتے ہیں، یہی وہ فعلِ شنیع ہے، جس نے ان کو محدثین کرام سے کوسوں دور کر دیا ہے اور یہ شرعی نصوص میں لفظی ومعنوی تحریفات کے مرتکب ہوتے ہیں، سنت دشمنی ان کا مقدر ٹھہرا ہے، اس کے باوجود یہ اپنے تئیں اہل سنت کہنے سے نہیں تھکتے، یہ حیران و پشیمان پھرتے ہیں، سلف صالحین میں ان کا کوئی ہم خیال نہیں، ان کے علم سے جہالت بہتر ہے۔

احمد یار خان نعیمی بریلوی صاحب لکھتے ہیں:
اس حدیث کے دو معنیٰ ہو سکتے ہیں، ایک تو یہ ہے کہ جو مر رہا ہے، اس کو کلمہ سکھاؤ، دوسرے یہ کہ جو مر چکا ہو، اس کو سکھاؤ، پہلے معنیٰ مجازی ہیں اور دوسرے حقیقی اور بلا ضرورت معنیٰ مجازی لینا ٹھیک نہیں، لہٰذا حدیث کا یہ ہی ترجہ ہوا کہ اپنے مردوں کو کلمہ سکھاؤ اور یہ وقت دفن کا ہے۔ [جاء الحق: 311/1]
تبصرہ:
تعذر نہ ہو تو حقیقی معنیٰ ہی لیا جاتا ہے، جب کوئی امر مانع موجود ہو تو حقیقت کو چھوڑ کر مجاز کی طرف جایا جاتا ہے، یہ بھی اسی قبیل سے ہے، یہاں حقیقی معنیٰ متعذر ہے، کیونکہ مردے میں تعلم و اخذ کی صلاحیت نہیں ہوتی، لہٰذا یہاں بھی مجازی معنیٰ مراد ہے۔

نعیمی صاحب مزید لکھتے ہیں:
اس حدیث اور ان عبارات سے معلوم ہوا کہ دفنِ میت کے بعد اس کو کلمہ طیبہ کی تلقین مستحب ہے۔ [جاء الحق: 312/1]
افسوس مسلمان بالاتفاق جس حدیث کو انسان کی قربِ موت والی حالت پر ہی محمول کریں، اس کو مفتی صاحب بغیر دلیل کے دفنِ میت کے بعد کی حالت پر محمول کر کے ایک بدعت کی سند دے رہے ہیں۔
جب وہ شامی وغیرہ کی عبارات صریح جھوٹ ہیں تو ان کی بنیاد پر استوار ہونے والا عمل کیسے حق ہو گا؟

دلیل نمبر 2:
«وعن ضمرة بن حبيب أحد التابعين، قال: كانوا يستحبّون اذاسوّي على الميت قبره و انصرف الناس عنه، أن يقال عند قبره: يا فلان! قل: لا اله الا الله، ثلاث مرات، يا فلان! قل: ربي الله و ديني الاسلام و نبيي محمد صلى الله عليه وسلم .»
ایک تابعی ضمرہ بن حبیب کہتے ہیں، جب میت پر قبر کو برابر کر دیتے تھے اور لوگ واپس چلے جاتے تھے تو وہ اس قبر کے پاس یہ کہنا مستحب سمجھتے تھے، اے فلاں! تو لا اله الا الله کہہ، (تین مرتبہ)، اے فلاں! تو کہہ کر میرا رب اللہ ہے اور میرا دین اسلام ہے اور میرے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔
[سنن سعيد بن منصور، بحواله بلوغ المرام: 471]
تبصرہ:
اس کی سند ضعیف ہے،
اس میں «اشياخ من اهل حمص» مجہول و نامعلوم ہیں،
لہٰذا یہ ناقابلِ حجت اور ناقابلِ عمل ہے۔
تنبیہ: مفتی احمد یار خان نعیمی صاحب لکھتے ہیں:
نکیرین میت سے تین سوال کرتے ہیں، اول تو یہ کہ تیرا رب کون ہے؟ پھر یہ کہ تیرا دین کیا ہے؟ پھر یہ کہ اس سنہری جالی والے سرسبز گنبد والے آقا کو تو کیا کہتا ہے؟ پہلے سوال کا جواب ہوا «أشهد أن لا اله الا الله»، دوسرے کا جواب ہوا «حيّ على الصّلاة» یعنی میرا دین وہ ہے جس میں پانچ نمازیں فرض ہیں، تیسرے کا جوا ب ہوا «أشهد أن محمدا عبده و رسوله .» [جاء الحق: 312/1]
یہ واضح طور پر دین اسلام میں تحریف ہے، یہ کسی آیتِ کریمہ یا حدیثِ مبارکہ کا مفہوم نہیں، بلکہ صریح نصوص کی خلاف ورزی ہے، یہ غلو کا نتیجہ ہے، جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی قبرِ اطہر پر سبز گنبد نہیں بنایا گیا تھا، اس وقت یہ سوال پوچھا جاتا تھا؟ دراصل عقل و انصاف کو ان سے شکوہ ہے کہ وہ ان کاساتھ نہیں دیتے۔

دلیل نمبر 3:
«قال الامام الطبراني: حدثنا أبو عقيل أنس بن سلم الخولاني، ثنا محمد بن ابراهيم بن العلاء الحمصي، ثنا اسماعيل بن عياش، ثنا عبدالله بن محمد القرشي عن يحيي بن أبى كثير عن سعيد بن عبدالله الأودي، قال: شهدت أبا أمامة، وهو فى النزع، فقال: اذا أنامت فاصنعوابي كما أمرنا رسول الله صلى الله عليه وسلم أن نصنع بموتانا، أمرنا رسول الله صلى الله عليه وسلم، فقال: اذا مات أحد من اخوانكم فسويتم التراب على قبره، فليقم أحدكم على رأس قبره، ثم ليقل: يا فلان بن فلانة! فانه يقول: يا فلان بن فلانة، فانه يستوي قاعدا، ثم يقول: يا فلان بن فلانة، فانه يقول: أرشدنا رحمك الله، ولكن لا تشعرون، فليقل: اذكر ما خرجت عليه من الدنيا، شهادة أن لا اله الا الله و أن محمدا عبده ورسوله، وانك رضيت بالله ربا و بالاسلام دينا و بمحمد نبيا و بالقرآن اماما، فان منكرا و نكيرا يأخذ و احد منهما بيد صاحبه، ويقول: انطلق بنا مانقصد عند من قد لقن حجته، فيكون الله حجيجه دونهما، فقال رجل: يا رسول الله صلى الله عليه وسلم! فان لم يعرف أمه قال: فينسبه الي حواء يا فلان بن حواء .»
سعید بن عبداللہ الاودی بیان کرتے ہیں کہ میں سیدنا ابوامامہ رضی اللہ عنہ کی خدمت میں حاضر ہواجب کہ وہ حالت نزع میں تھے، کہنے لگے، جب میں فوت ہو جاؤں تو میرے ساتھ اسی طرح کرنا جس طرح ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا ہے، آپ نے ہمیں حکم فرمایا تھا، جب تم میں سے کوئی فوت ہو جائے اور تم اس کی قبر پر مٹی برابر کر چکو تو تم میں سے ایک اس کی قبر کے سر کی جانب کھڑا ہو کر کہے، اے فلاں عورت کے بیٹے فلاں! جب وہ یہ کہے گا تو مردہ اٹھ کر بیٹھ جائے گا، پھر وہ کہے گا کہ اے فلاں عورت کے بیٹے فلاں! وہ کہے گا، اللہ تجھ پر رحم کرے، ہماری رہنمائی کر، لیکن تم یہ باتیں سمجھ نہیں سکتے، پھر کہے کہ تو اس بات کو یاد کر جس پر دنیا سے رخصت ہوا ہے، اس بات کی گواہی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اس کے بندے اور رسول ہیں، تو اللہ کے رب ہونے، محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نبی ہونے، اسلام کے دین ہونے اور قرآن کے امام ہونے پر راضی تھا، منکر اور نکیر میں سے ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر کہتا ہے، چلو جس آدمی کو اس کی حجت تلقین کر دی گئی ہے، اس کے پاس ہم نہیں بیٹھتے، چنانچہ دونوں کے سامنے اللہ تعالیٰ اس کا حامی بن جائے گا، ایک آدمی نے عرض کی، اے اللہ کے رسول! اگر وہ (تلقین کرنے والا) اس (مرنے والے) کی ماں کو نہ جانتا، ہو تو (کیا کرے)؟ فرمایا، وہ اسے حواء کی طرف منسو ب کر کے کہے، اے حواء کے فلاں بیٹے! [المعجم الكبير للطبراني: 250/8، ح: 7979]
تبصرہ:
یہ روایت سخت ترین ضعیف ہے، کیونکہ:
➊ اس کی سند محمد بن ابراہیم بن العلاء الحمصی ہے،
جس کے بارے میں محمد بن عوف کہتے ہیں:
«كان يسرق الحديث .»
یہ حدیثیں چوری کرتا تھا۔ [الكامل لابن عدي: 288/6]
امام عدی رحمہ اللہ نے بھی اس پر کلام کی ہے،
اس کے بارے میں ادنیٰ کلمہ توثیق بھی ثابت نہیں۔
➋ امام طبرانی رحمہ اللہ کے استاذ انس بن مسلم ابوعقیل کے حالات نہیں مل سکے۔
➌ اس روایت کا ایک راوی عبداللہ بن محمد القرشی غیر معروف راوی ہے۔
➍ سعید بن عبداللہ الاودی کی توثیق نہیں مل سکی، اسی لیے حافظ ہیثمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«وفي اسناده جماعة لم أعرافهم .»
اس کی سند میں کئی راویوں کو میں نہیں جان پایا۔ [مجمع الزوائد: 45/3]
➎ اسماعیل بن عیاش کی روایت (جمہور کے نزدیک) حجازیوں سے ضعیف ہوتی ہے۔
[نتائج الافكار لابن حجر: 112، النكث على كتاب ابن الصلاح لابن حجر: 722/2]
یہ روایت بھی حجازیوں سے ہے، لہٰذا ضعیف ہے۔
➏ یحییٰ بن ابی کثیر مدلس ہیں جو کہ عن سے بیان کر رہے ہیں، سماع کی تصریح ثابت نہیں۔
لہٰذا حافظ ابنِ حجر رحمہ اللہ کا یہ کہنا کہ اسناده صالح، وقد قواه الضياء فى أحكامه . (اس کی سند صالح، یعنی حسن ہے، امام الضیاء نے اسے اپنی کتاب احکام میں قوی کہا ہے۔) [التلخيص الحبير: 135/2۔ 136، ح: 796]
صحیح نہیں ہے۔
حافظ نووی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
«واسناده ضعيف، وقال ابن الصلاح: ليس اسنادل بالقائم .»
اس کی سند ضعیف ہے اور ابن الصلاح نے کہا ہے کہ اس کی سند صحیح نہیں۔ [شرح المهذب: 304/5]
حافظ عراقی رحمہ اللہ نے بھی اسے ضعیف کہا ہے۔ [تخريج الاحياء: 420/4]
علامہ صنعانی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
«ويتحصل من كلام أئمة التحقيق أنه حديث ضعيف، والعمل به بدعة، ولا يغتر بكثرة من يفعله .»
محققین ائمہ کرام کی کلام کا خلاصہ یہ ہے کہ یہ حدیث ضعیف ہے اور اس پر عمل کرنا بدعت ہے، اس بدعت کواختیار کرنے والوں کی کثرت دیکھ کر دھوکا نہیں کھانا چاہیے۔ [سبل السلام: 161/2]
اس کا ایک شاہد قاضی الخلعی کی کتاب الفوائد (2/55)، بحوالہ الضعیفۃ للالبانی میں ہے، اس کی سند موضوع (من گھڑت) ہے،
محدث البانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«هذا حديث ضعيف جدا، لم اعرف احدا منهم غير عتبةبن السكن، قال الدارقطني: متروك الحديث، وقال البيهقي: واه، منسو ب الي الوضع .»
یہ حدیث سخت ضعیف ہے، میں ان (راویوں) میں سے عتبہ بن السکن کے علاوہ کسی کو بھی نہیں جانتا اور اس کے بارے میں امام دارقطنی رحمہ اللہ نے فرمایا ہے کہ متروک الحدیث ہے اور امام بیہقی نے اسے سخت ضعیف اور احادیث گھڑنے کی طرف منسو ب قرار دیا ہے۔
[سلسلة الاحاديث الضعيفة الموضوعة للالباني: ح 599]
خوب یاد رہے کہ دفن کے بعد میت کو تلقین کرنے والی بدعت میں دیو بندی اور بریلوی دونوں متفق ہیں، اس بدعت کے دفاع میں جناب محمد سرفراز خان صفدر دیو بندی لکھتے ہیں:
البتہ دفن کے بعد تلقین کرنا عندالقبر (قبر کے پاس) ہے، مگر وہ تو والدعاء عندھا قائما کی مد میں ہے، جو سنت سے ثابت ہے۔ [راهِ سنت: 228]
دیو بندیوں نے قبر پر تلقین کو دعا پر قیاس کیا اور بریلویوں نے قبر پر اذان کو اس تلقین پر قیاس کر لیا، حالانکہ عرفاً و شرفاً نہ تلقین دعا ہے اور نہ اذان تلقین ہے، شریعتِ اسلامیہ میں نہ قبر پر اذان ثابت ہے اور نہ ہی دفن کے بعد قبر پر تلقین ہی ثابت ہے، لہٰذا ایک بے اصل چیز کو دوسری بے اصل چیز پر قیاس کرنا اہل بدعت کا ہی شیوہ ہو سکتا ہے۔

تلقین اور ائمہ محدثین
«أبو جعفر التستري يقول: حضرنا أبا زرعة، وهو فى السياق، وعنده أبو حاتم و محمد بن مسلم ور اة والمنذر بن شاذان و جماعة من العلماء، فذكروا حديث التلقين وقوله صلى الله عليه وسلم: لقنواموتاكم: لا اله الا الله، فاستحيوا من أبى زرعة، وهابوا أن يلقنوه، فقالوا: تعالوانذكر الحديث، فقال: محمد بن مسلم: ناضحاك بن مخلد عن عبدالحميد بن جعفرعن صالح، ولم يجاوز، وقال المنذر: نابندارنا أبو عاصم عن عبدالحميد عن صالح، ولم يجاوز، والباقون سكتوا، فقال أبو زرعة، وهو فى السوق: نابندار، نا أبو عاصم، ناعبدالحميد بن جعفر عن صالح بن أبى عريب عن كثير بن مرة عن معاذ بن جبل قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: من كان آخر كلامه لا اله الا الله دخل الجنة، وتوفي .»
ابوجعفر تستری بیان کرتے ہیں کہ ہم امام ابوزرعہ رحمہ اللہ کے پاس آئے، وہ حالتِ نزع میں تھے، ان کے پاس امام ابوحاتم رحمہ اللہ، محمد بن مسلم (وارہ)، منذر بن شاذان اور کئی دوسرے علمائے کرام تشریف فرماتھے، انہیں تلقین والی حدیث یاد آئی لیکن وہ امام ابوزرعہ (کی جلالتِ علمی کی وجہ سے ان) کو تلقین کرنے سے شر ما گئے، لہٰذا انہوں نے کہا:، آؤ حدیث کا مذاکر ہ کریں، چنانچہ محمد بن مسلم نے یوں سند بیان کرنا شروع کی، ہمیں ضحاک بن مخلد نے بیان کیا، وہ کہتے ہیں، ہمیں ابوعاصم نے عبدالحمید بن جعفر عن صالح کی سند سے بیان کیا، یہاں پہنچ کر محمد بن مسلم رک گئے، آگے بیان نہ کر سکے، منذر بن شاذان کہنے لگے، ہمیں بندار نے بیان کیا، انہوں نے کہا کہ ہمیں ابوعاصم نے عبدالحمید سے اور ان کو صالح نے بیان کیا، وہ بھی اس سے آگے نہ بیان کر سکے، باقی سب خامو ش ہو گئے تو امام ابوزرعہ رحمہ اللہ فرمانے لگے، ہمیں بندار نے حدیث بیان کی، ان کو ابوعاصم نے، ان کو عبدالحمید بن جعفر نے، ان کو صالح بن ابی عریب نے حدیث بیان کی، وہ کثیر بن مرہ سے اور وہ سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ سے بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «من كان آخر كلامه لا اله الا الله دخل الجنة .» جس کی آخری کلام لا الہ الا اللہ ہو گئی، و ہ جنت میں داخل ہو گیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ فوت ہو گئے۔
[معرفة علوم الحديث للحاكم: ص 76، تاريخ بغداد: 325/10، تقدمة الجرح و التعديل: 345۔ 346 باسانيد صحيحة]

امام ابراہیم نخعی کہتے ہیں:
«لما ثقل علقمة قال: أقعدوا عندي من يذكرني لا اله الا الله .»
جب علقمہ تابعی رحمہ اللہ سخت بیمار ہو گئے تو فرمایا، میرے پاس ایک آدمی بٹھاؤ جو مجھے لا الہ الا اللہ یاد کرواتا رہے۔
[مصنف ابن ابي شيبه: 236/3، وسنده صحيح]
«عن ابراهيم: فى الرجل اذا مرض، فثقل، قال: كانوا يحبون أن لا يخلوه، ويعتقبونه اذا قام ناس، جاء آخرون ويلقونه: لا اله الا الله .»
امام ابراہیم اس آدمی کے بارے میں جو بیمار ہو کر قریب الموت ہو جائے، فرماتے ہیں کہ وہ (گھر والے) اس کو اکیلانہ چھوڑیں، باری باری اس کے پاس آتے رہیں، جب کچھ لوگ عیادت کر کے چلے جائیں تو دوسرے آ جائیں اور اس کو لا الہ الا اللہ کی تلقین کریں۔
[مصنف ابن ابي شيبه: 237/3، وسنده صحيح]
«وقال الحسين الجعفي: دخلت على الأعمش أنا وزائدة فى اليوم الذى مات فيه، والبيت ممتلي من الرجال، اذ دخل شيخ، فقال: سبحان الله! ترون الرجل، وما هوفيه، وليس منكم أحد يلقنه؟ فقال الأعمش هٰكذا . فأشار بالسبابة و حرك شفتيه .»
حسین جعفی نے بیان کیا کہ میں اور زائدہ دونوں امام اعمش کی وفات والے دن ان کے پاس حاضر ہوئے، ان کا گھر مردوں سے بھرا ہوا تھا، اچانک ایک شیخ داخل ہوئے اور فرمایا، سبحان اللہ! تم سب اس شخص کو دیکھ رہے اور ان کی حالتِ (نزع) بھی ملاحظہ کر رہے ہو، تم میں سے کوئی انہیں تلقین نہیں کررہا! پھر امام اعمش یوں کیا، انہوں (حسین الجعفی رحمہ اللہ) نے شہادت کی انگلی سے اشارہ کیا اور ہونٹوں کو حرکت دی (یعنی انہوں نے فوت ہونے سے پہلے لا الہ الا اللہ پڑھ لیا تھا)۔
[العلل و معرفة الرجال برواية عبدالله بن احمد بن حنبل: ح 3627 وسنده صحيح] ... اصل مضمون ...
ماہنامہ السنہ جہلم
   ماہنامہ السنہ جہلم، حدیث/صفحہ نمبر: 999   

  الشیخ مبشر احمد ربانی رحمہ الله، فوائد و مسائل،صحیح مسلم2123  
مرنے کے بعد میت کو کلمہ پڑھنے کی تلقین
سوال: کیا مرنے کے بعد میت کو کلمہ پڑھنے کی تلقین کرنا ثابت ہے؟
جواب: جب کوئی موحد مسلمان فوت ہو جائے تو اسے قبر میں دفن کرنے کے بعد اس کے حق میں حساب کی آسانی اور ثابت قدمی کے لیے دعا کرنا مسنون ہے۔ رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا یہی معمول تھا۔ جیسا کہ سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے مروی روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب میت کی تدفین سے فارغ ہوتے تو کہتے: اپنے بھائی کے لیے بخشش کی دعا کرو اور اس کے لیے ثابت قدمی کا سوال کرو کیونکہ اب اس سے سوال کیا جا رہا ہے۔ [أبوداؤد، كتاب الجنائز: باب الاستغفار عند القبر للميت فى وقت الانصراف 3221، مستدرك حاكم 370/1، بيهقي 56/4]
اس حدیث کی شرح کرتے ہوئے مولانا شمس الحق عظیم آبادی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«في الحديث مشروعية الاستغفار للميت عند الفراغ من دفنه وسؤال التثبيت له لانه يسئل فى تلك الحال» [عون المعبود 209/3]
اس حدیث سے میت کے لیے اس کے دفن سے فارغ ہوتے وقت بخشش کی دعا کرنے کی مشروعیت ثابت ہوتی ہے اور اس کے لیے ثابت قدمی کا سوال کرنا بھی۔ اس لیے کہ اس سے اسی حالت میں سوال کیا جاتا ہے۔
اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ میت کو دفن کرنے کے بعد اس کے لیے اللہ تعالیٰ سے بخشش کی دعا کرنا مسنون ہے۔ اس کے علاوہ میت کو کلمہ شہادت اور سوال و جواب کی تلقین کرنا کسی صحیح حدیث سے ثابت نہیں۔

اسی حدیث کی شرح میں مولانا عبیداللہ رحمانی مبارکپوری رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
اس حدیث میں میت کے دفن سے فارغ ہونے کے وقت دعا کی مشروعیت ثابت ہوتی ہے اور اس کے لیے ثابت قدمی کا سوال کرنا اور بلاشبہ زندوں کی دعا مردوں کو نفع دیتی ہے۔ اس حدیث میں دفن کے وقت تلقین کے بارے میں کوئی دلیل موجود نہیں جیسا کہ شافعیہ کے ہاں تلقین کی عادت ہے اور نہ کوئی مرفوع صحیح حدیث تلقین کے بارے میں موجود ہے اور ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے اس کے بارے میں جو روایت بیان کی گئی ہے وہ ضعیف اور ناقابلِ حجت ہے۔ [مرعاة المفاتيح 230/1]

امام ابن قیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
آپ صلی اللہ علیہ وسلم قبر کے پاس قرأت کے لیے نہیں بیٹھتے تھے اور نہ میت کو تلقین کرتے تھے جیسا کہ لوگ آج کرتے ہیں۔ [زاد المعاد 523/1]

اس ضمن میں ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے جو مروی روایت پیش کی جاتی ہے وہ یہ ہے کہ
سعید بن عبداللہ الاودی نے کہا: میں ابوامامہ کے پاس حاضر ہوا، وہ حالتِ نزع میں تھے، انہوں نے فرمایا: جب میں مر جاؤں تو میرے ساتھ ایسا معاملہ کرنا جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تمہارا کوئی بھائی مر جائے اور تم اس کی قبر پر مٹی برابر کر چکو تو تم میں سے کوئی ایک اس کی قبر کے سرہانے کھڑا ہو جائے، پھر کہے: اے فلاں ابن فلانی! وہ سن رہا ہوتا ہے لیکن جواب نہیں دیتا پھر کہے: اے فلاں ابن فلانی! تو وہ اٹھ کر برابر بیٹھ جاتا ہے، پھر کہے: اے فلاں ابن فلانی! تو وہ کہتا ہے: ہماری رہنمائی کرو، اللہ تیرے اوپر رحم کرے لیکن تم سمجھتے نہیں پھر کہے: وہ بات یاد کر جس پر تو دنیا سے گیا تھا یعنی لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کی شہادت۔ اور اسے کہا جائے: بے شک تو اللہ کے رب ہونے پر، اسلام کے دین ہونے پر، محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نبی ہونے پر اور قرآن کے امام ہونے پر راضی تھا۔ اس لیے کہ منکر و نکیر میں سے ہر ایک اس کا ہاتھ پکڑ کر کہتا ہے: آ میرے ساتھ چل، ہم اس کے پاس نہیں بیٹھیں گے۔ جسے اس کی دلیل وحجت و تلقین کی گئی تو پھر ان دونوں کے ماوراء اللہ تعالیٰ اس کا جج بن جاتا ہے۔ ایک آدمی نے کہا: اے اللہ کے رسول! اگر اس کی ماں کو نہ جانتا ہو تو پھر؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس کو حوا کی طرف منسوب کر کے کہے: اے فلاں ابن حوا۔ اس روایت کو نقل کرنے کے بعد امام ہیثمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: اسے طبرانی نے المعجم الکبیر میں روایت کیا ہے اور اس کی سند میں راویوں کی ایک جماعت ہے جنھیں میں نہیں پہچانتا۔ [مجمع الزوائد 48/3]

امام ابن قیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
یہ حدیث مرفوعاً ثابت نہیں۔ [زاد المعاد 523/10]

امام صنعانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
ائمہ محققین کے کلام سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ یہ حدیث ضعیف ہے اور اس پر عمل بدعت ہے۔ آپ ان لوگوں کی کثرت سے دھوکا مت کھائیں جو یہ کرتے ہیں۔ [سبل السلام 773/2]

امام نووی رحمہ اللہ نے بھی اسے ضعیف کہا ہے۔ [المجموع 304/5]

حافظ عراقی رحمہ اللہ نے اسے ضعیف کہا ہے۔ [إحياء العلوم 420/4]

علامہ البانی رحمہ اللہ نے اسے منکر قرار دیا ہے۔ [سلسلة الأحاديث الضعيفة 64/2، 599]

اسی طرح قبر پر تلقین کے لیے مندرجہ ذیل روایت سے بھی استدلال کیا جاتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«لقنوا موتاكم لا الٰه الا الله» [مسلم، كتاب الجنائز: باب تلقين الموتٰي لا اله الا الله 916]
اپنے مرنے والوں کو لا الہ الا اللہ کی تلقین کرو۔
یہ روایت مفصل طور پر صحیح ابن حبان میں موجود ہے، جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اس سے مراد قریب الموت شخص کو لا الٰہ الا اللہ کی تلقین کرنا ہے تاکہ اس کی موت کلمۂ توحید پر آئے۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«لقنوا موتاكم لا الٰه الا الله من كان آخر كلامه لا الٰه الا الله عند الموت دخل الجنة يوما من الدهر وان اصابه قبل ذٰلك ما اصابه» [صحيح ابن حبان 719، الموارد]
اپنے مرنے والوں کو لا الٰہ الا اللہ کی تلقین کرو، جس کا آخری کلام موت کے وقت لا الٰہ الا اللہ ہوا وہ کبھی نہ کبھی جنت میں داخل ہوگا اگرچہ اس کو اس سے قبل جو مصیبت پہنچی ہو گی پہنچے گی۔
اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ «لقنوا موتاكم» والی حدیث کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اس کے مرنے کے بعد اسے دفن کر کے لا الٰہ الا اللہ کی تلقین کی جائے بلکہ اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ جب انسان قریب المرگ ہو تو اسے لا الٰہ الا اللہ پڑھنے کو کہا جائے تاکہ اس کے جنت میں داخل ہونے کا ذریعہ بن جائے۔
رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل سے بھی قریب المرگ آدمی کو لا الٰہ الا اللہ کہنے کا ثبوت ملتا ہے۔ انس رضی اللہ عنہ سے حدیث ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بنی النجار کے ایک آدمی کی عیادت کے لیے گئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کہا: «لا الٰه الا الله» کہو۔ اس نے کہا: کیا «لا الٰه الا الله» کہنا میرے لیے بہتر ہے؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں! [مسند أحمد 152/3، 154]
یہ حدیث مسلم کی شرط پر صحیح ہے۔
مولانا عبیداللہ رحمانی مبارکپوری رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«واما قوله صلى الله عليه وسلم لقنوا موتاكم لا الٰه الا الله فالمراد عند الموت لا عند دفن الميت» [مرعاة المفاتيح 230/1]
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان: اپنے مرنے والوں کو لا الٰہ الا اللہ کی تلقین کرو۔ کا مطلب موت کے وقت ہے نہ کہ میت کو دفن کرنے کے وقت۔
اس لیے کہ «لا الٰه الا الله» کو جانتے ہوئے دنیا سے گیا تو جنت میں داخل ہو گیا، مرنے کے بعد «لا الٰه الا الله» کی تلقین مفید نہیں ہوگی۔ مندرجہ بالا توضیح سے معلوم ہوا کہ مرنے کے بعد میت کو دفن کر کے قبر پر تلقین کا ثبوت کسی بھی صحیح حدیث سے نہیں ملتا۔
شوافع کے ہاں جو اس کو مستحب کہا گیا ہے اس کی کوئی شرعی دلیل نہیں۔ ہمارے ہاں جو لوگ یہ تلقین کرتے ہیں وہ حنفی ہیں اور حنفی مذہب میں بھی اس کا کوئی جواز نہیں۔

فتاویٰ عالمگیری میں ہے:
تلقین کی صورت یہ ہے کہ حالتِ نزع کے وقت موت کے غرغرے سے پہلے اونچی آواز میں اس کے پاس کہا جائے، جسے وہ سن لے «أَشْهَدُ أَنْ لَّا اِلٰهَ اِلَّا اللهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْلُ اللهِ» یہ نہ کہا جائے کہ کلمہ پڑھ (بلکہ صرف پڑھا جائے) اور یہ جو تلقین موت کے بعد ہوتی ہے ہمارے نزدیک ظاہر الروایۃ وہ نہ کی جائے جیسا کہ عینی شرح الھدایۃ اور معراج الدرایۃ میں ہے۔ [فتاويٰ عالمگيري 157/1]
علامہ عینی حنفی رحمہ اللہ اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں: اس تلقین سے مقصود میت کا آخری کلام کلمہ شہادت ہو یہ قبر کے اوپر تلقین کرنے سے حاصل نہیں ہوتا۔ اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: جس شخص کا آخری کلام لا الٰہ الا اللہ ہوا وہ جنت میں داخل ہوگیا۔ یہ تلقین جو مرنے کے بعد ہوتی ہے وہ ہمارے نزدیک ظاہر الروایۃ میں جائز نہیں۔ [البناية فى شرح الهداية 207/3]

علامہ علاءالدین الکاسانی الحنفی لکھتے ہیں:
قریب المرگ کو کلمۂ شہادت کی تلقین نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کی وجہ سے کی جائے کہ اپنے مرنے والوں کو لا الٰہ الا اللہ کی تلقین کرو۔ میت سے مراد یہاں وہ شخص ہے جس پر جان کنی کا وقت ہو اس لیے کہ اس کی موت قریب ہے۔ اسے میت قریب الموت ہونے کی وجہ سے کہا گیا ہے۔ [بدائع الصنائع 443/1]
ان دلائل سے معلوم ہوا کہ یہ عمل کتاب و سنت کے علاوہ فقہ حنفیہ کی ظاہر الروایۃ کے اعتبار سے بھی ثابت نہیں لہٰذا جو بھی اس پر عمل کرتے ہیں وہ قرآن وسنت کی مخالفت کے ساتھ ساتھ اپنے مذہب کی بھی مخالفت کر رہے ہیں۔
... اصل مضمون ...
احکام ومسائل
   احکام و مسائل، حدیث/صفحہ نمبر: 999